Inquilab Logo

اسپینش لیگ میں لیوانتے فٹبال کلب سے ریئل میڈرڈ فٹبال کلب کی شکست

Updated: February 24, 2020, 10:28 AM IST | Agency | Madrid

اسپینش لیگ لالیگا میں سنیچر کی دیر رات ریئل میڈرڈ کیلئے اچھی نہیں تھی کیونکہ اسے لیوانتے فٹبال کلب کے ہاتھوں شکست ہوئی

ریئل میڈرڈ فٹبال کلب کی شکست ۔ تصویر : آئی این این
ریئل میڈرڈ فٹبال کلب کی شکست ۔ تصویر : آئی این این

 میڈرڈ : اسپینش لیگ لالیگا میں  سنیچر کی دیر رات ریئل میڈرڈ کیلئے اچھی نہیں تھی کیونکہ اسے لیوانتے فٹبال کلب کے ہاتھوں شکست ہوئی اور اس کا ایک اہم کھلاڑی ایڈین ہیزارڈ زخمی ہوگیا۔ دوسرے اس نے پوائنٹ ٹیبل میں نمبروَن کی پوزیشن بھی گنوا دی۔ سنیچر ہی کو لالیگا میں بارسلونا فٹبال کلب نے ایبار کو صفر۔۵؍ سے شکست دے کر ۳؍پوائنٹس لئے۔ ریئل کی ہار سے بارسلونا کو فائدہ ہوا اور وہ ٹاپ پوزیشن پر قابض ہوگیا۔ 
 ایل کلاسیکوسے ایک ہفتےقبل لالیگا میں ریئل میڈرڈ کو حیران کن شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سنیچر کو ہونےو الے میچ کے ۷۹؍ویں منٹ میں لیوانتے کے کھلاڑی جوزے لوئیس مورالس نے ٹیم کیلئے فاتحانہ گول کیا۔ یہ گول کرنے میں ان کی مدد نکولا ووکسیوچ نے کی۔ میچ کے اختتام تک اسکور صفر۔ ایک رہا اور ریئل میڈرڈ نے یہ میچ صفر ۔ ایک سے گنوا دیا۔ 
 ریئل میڈرڈفٹبال کلب کیلئے یہ ایک اور بری خبر رہی کہ اس کے اہم کھلاڑی ایڈین ہیزارڈ بھی سنگین طورپر زخمی ہوگئے۔ اس کی وجہ سے انہیں  میچ کے دوسرے ہاف میں میدان سے باہر جانا پڑا۔ اب اس ہفتے بدھ کوچمپئن لیگ کے راؤنڈ ۱۶؍ کے پہلے مرحلے کے میچ میں ریئل میڈرڈ کو مانچسٹر سٹی فٹبال کلب  سے مقابلہ کرنا ہوگا اور اس میچ میں ہیزارڈ کا کھیلنا مشکل ہے۔ 
 میچ کے بعدریئل میڈرڈکے کوچ زین الدین زیدان نے بتایاکہ یہ اچھا نہیں ہورہا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ اس سیزن میں ہم نے اچھا وقت بھی دیکھا اور اب ہمارا برا وقت چل رہاہے۔ اب ہمارے پاس ایک ہفتہ اور ہے اور ہم اپنی غلطیاں سدھارسکتے ہیں اور ایل کلاسیکو کی تیاری کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑیو ں کو اپنی غلطیو ںکو دُہرانے سے گریز کرنا چاہئے اور بارسلونا سے ہونے والے اگلے میچ کی تیاری کرنی چاہئے۔زیدان نے کہاکہ آپ کے کھلاڑی جب  زخمی ہونا شروع ہوجاتے ہیں تو آپ ٹیم کی کمزور ہوجاتی ہے۔ اب یہ میچ ہم لوگ ہار گئے ہیں اور  اس کے بارے میں زیادہ بات چیت نہیں کرنا چاہتے۔ ہمیں اگلے مقابلے کی تیاری کرنی ہے۔
 سنیچر کو ہونےوالے ایک اور میچ میں  لیونل میسی کے یکے بعد دیگرے ۴؍گول کی  بدولت  بارسلونا نے ایبا ر کو صفر۔۵؍ سے شکست دے کر ۳؍پوائنٹس حاصل کئے اور لالیگا کے ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن بھی حاصل کرلی ہے۔ لیونل میسی نے ۱۴؍ویں منٹ میں ایوان راکیٹچ ، ۳۷؍ویں منٹ میں آرترو ویڈال کی مدد سے ۲؍گول کئے۔ لیونل میسی نے ۴۰؍ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔ میچ کے دوسرے ہاف کے آخری حصہ میں لیونل میسی نے مارٹن بریتھویٹ کی مدد سے اپنا چوتھا گول کیا اور ٹیم کا ۵؍واں گول آرتھر نے ۸۹؍ ویں منٹ میں کیا۔ 
 اس فتح کے بعد بارسلونا کے لالیگا کے پوائنٹ ٹیبل میں ۲۵؍میچوں میں ۵۵؍پوائنٹس ہوگئے ہیں اور اتنے ہی میچ کھیل کر ریئل میڈرڈ کے ۵۳؍پوائنٹس ہیں۔ ان دونوں کے درمیان ۲؍پوائنٹس کا فرق ہے اور ایک ہفتے بعد ریئل میڈرڈ کے گھریلو میدان پر لالیگا کا دوسرا ایل کلاسیکو مقابلہ کھیلا جائے گا۔اس سے قبل ہونے والے ایل کلاسیکو میچ میں بارسلونا اور ریئل کا مقابلہ ڈرا ہوا تھا۔ 
 بارسلونا کے مارٹن بریتھویٹ نے کہا کہ میسی سے گلے ملنے کے بعد میں نے اپنی کٹ نہیں دھوئی ہے۔ ان سے گلے ملنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ میرے پاس پر انہوں نے گول کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK