Inquilab Logo

آج ریئل میڈرڈ فٹبال کلب چیلسی کی میزبانی کیلئے تیار

Updated: April 06, 2022, 12:03 PM IST | Agency | Madrid

چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل کے پہلے لیگ میں ریئل کلب کامیابی کیلئے پورا زور لگائے گا۔ چیلسی بھی مقابلے کیلئے تیار

Real Madrid.Picture:INN
ریئل میڈرڈ۔ تصویر: آئی این این

  یوئیفا چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل کا آغاز ہو چکا ہے اور بدھ کی دیر رات اس کے ایک اور کوارٹر فائنل میں ریئل میڈرڈ فٹبال کلب کا مقابلہ چیلسی سے ہوگا۔ ریئل میڈرڈ کی ٹیم اپنے گھریلو میدان سنٹیاگو برنابیو میں لندن کے فٹبال کلب کی میزبانی کرے گی اور اسے شکست دینے کیلئے پورا زور لگائے گی۔ چیلسی کی ٹیم کو انگلش پریمیر لیگ کے میچ میں برینٹفورڈ کلب سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ برینٹفورڈ نے اسے ۱۔۴؍ گول سے شکست دی تھی اور اس میچ کے بعد چیلسی چمپئن لیگ کے میچ میں کھیلے گی۔ اس میچ میں چیلسی کی جانب سے واحد گول انتونیو روڈیگر نے کیاتھا۔اس شکست سے چیلسی کے اعتماد میں کمی آئی ہوگی اس کے باوجود یہ ٹیم میڈرڈ میں اچھا کھیلنا چاہے گی۔  دوسری طرف ریئل میڈرڈفٹبال کلب  اپنی گھریلو لیگ لالیگا میں اچھا کھیل  رہا ہے اورٹیبل پرسرفہرست ہے۔ لالیگا کے میچ میں ریئل کی جانب سے کریم بینزیما نے ۲؍گول کرتے ہوئے سیلٹا ویگو کو شکست دی تھی۔  اس وقت کریم بینزیما اچھے فارم میں کھیل رہے ہیں اور وہ مسلسل گول کررہے ہیں۔ کوارٹر فائنل میں ایک بار پھر ان سے بہتر کھیل کی امید کی جارہی ہے۔    ریئل کی کوشش ہوگی کہ وہ پہلے مرحلے کے میچ میں اچھا کھیلتے ہوئے چیلسی پر برتری  حاصل کرلے۔  اس کے سبھی کھلاڑی اچھے  فارم میں ہیں ، خصوصی طورپر وینیشیس جونیئر  اور کریم بینزیما کی جوڑی نے گزشتہ چند میچوںمیں شاندار گول کرکے حریف ٹیموں کو پریشان کیا ہے۔ان دونوں کی بدولت ہی ریئل میڈرڈ نے لالیگا میں بہت سے میچ جیتے ہیں۔ ریئل کو اپنے گھریلومیدان کا فائدہ ضرور ہوگا حالانکہ اس سیزن میں اس نے  اپنے گھریلو میدان پرکچھ گنوا ئے ہیں۔   ریئل میڈرڈ اور چیلسی کے درمیان اب تک ۳؍میچ ہوئے ہیں جن میں ریئل نے ایک میں کامیابی حاصل کی ہے، اسے ایک میں شکست ہوئی ہے اور اس کا ایک میچ ڈرا ہواہے۔گزشتہ سیزن میں یہ دو ٹیمیں سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہوئی تھیں۔ اس میں ریئل میڈرڈ کو شکست کا سامنا کرناپڑا تھا۔ ریئل کو صفر۔۲؍ گول سے شکست ہوئی تھی۔ اس بار ریئل کی ٹیم کوئی غلطی نہیں کرنا چاہے گی اور اچھا کھیلتے ہوئے ایک بار پھر سیمی فائنل میں جگہ پکی کرنا چاہے گی۔ مجموعی طورپر گزشتہ ۵؍میچوںمیں دونوں ٹیموں کو ۴؍مقابلوں میں کامیابی ملی ہے اور ایک میں شکست ہوئی ہے۔ چیلسی کی جانب سے بین چِل ویل کا کھیلنا مشکل ہے، اس وقت وہ زخمی ہیں۔ ان کے ساتھ ہی کرسٹین پولیسچ اور کیلم ہڈسن کی بھی میچ میں شرکت مشکوک ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK