Inquilab Logo

ریئل میڈرڈ نے لالیگامیں برتری کا موقع گنوا دیا

Updated: May 11, 2021, 12:35 PM IST | Agency | Madrid

ریئل میڈرڈ اور سیویلا کے درمیان مقابلہ ۲۔۲؍گول سے ڈرا۔ریئل میڈرڈ نے ریفری اور وی اے آر پر برہمی کا اظہار کیا

Karim Benzema. Picture:INN
کریم بینزیما ۔تصویر :آئی این این

:اسپینش لیگ لالیگا میں  ریئل میڈرڈ نے ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کا موقع گنوا دیا۔اتوار کی دیررات ریئل میڈرڈ اور سیویلا فٹبال کلب کا مقابلہ ۲۔۲؍ گول سے ڈرا ہوا تھا۔ایٹلیٹیکو میڈرڈ اور بارسلونا کا مقابلہ ڈراہونے سے ریئل میڈرڈ کے پاس اتوار کو کامیابی کے ساتھ لالیگا میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کا سنہرا موقع تھا جو میچ ڈرا ہونے کی وجہ سے ضائع ہوگیا۔ 
 اتوار کو میچ ڈراہونے کے بعد ریئل میڈرڈ نے ریفری اور ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (وی اے آر )سسٹم پر برہمی کا اظہار کیا۔ ریئل میڈرڈ کیلئے پہلے ہاف کے آغاز میں کریم بینزیما نے پہلا گول کیا تھا لیکن وی اے آر نے اسے  آف سائیڈ قرار دے کر رد کردیا۔ اس کے بعد دوسرے ہاف میں سیویلا کو وی اے آر نے پنالٹی دی تھی جس پر اس نے ایک گول کردیا۔ ریئل میڈرڈ فٹبال کلب کے کوچ زین الدین  زیدان کبھی بھی  میچ حکام کے بارے میں نہیں بولتے لیکن میچ کے بعد انہوں نے برہمی کا اظہار کیا۔ 
 جب ان سے ریفری کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نےبتایا کہ میں کبھی بھی ریفری کے بارے میں بات چیت نہیں کرتا ۔ لیکن  سیویلا سے میچ ڈرا ہونے کے بعد بہت غصہ آرہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے کچھ سمجھ نہیں آرہا تھا اور انہوں نے جو کچھ مجھے بتایا میں اس سے مطمئن نہیں تھا۔ 
 میچ کے بعد ریئل کے مڈ فیلڈرلوکا ماڈرچ نے کہاکہ ہم نے ۲؍پوائنٹس گنوا دئیے ہیں۔ اس کے باوجود   ہماری امید برقرارہے۔ ہم اس سیزن کے لالیگا کے آخری ۳؍میچ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے اور اس کے بعد دیکھتے ہیں کیا ہوتاہے۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ اس سیزن کے آخر میں ہر بڑی ٹیم اپنے پوائنٹس گنوا رہی ہے۔ 
 سیویلا ٹاپ پوزیشن پر موجود ایٹلیٹیکو میڈرڈ سے صرف ۶؍پوائنٹس پیچھے ہے اور اس کے پاس خطاب جیتنے کی بہت کم امید ہے۔ اگر وہ کامیاب ہوتی ہے توا س کا ۱۹۴۶ء کے بعد پہلا لا لیگا خطاب ہوگا۔ سیویلا کے کھلاڑی ایوان راکیٹچ نےمیچ کے بعد کہا ’’وہ واضح طورپر ہینڈبال تھا اور ریفری نے ہمیں صحیح پنالٹی  دی تھی۔ ویڈیومیں دیکھا جاسکتا تھا کہ ایڈ ر ملیتاؤ لج ہاتھ گیند کو لگا تھا۔ ‘‘
 اتوار کی دیر رات ہونے والے میچ میں کریم بینزیما نے پہلا گول کیا تھا لیکن ریفری نے اسے آف سائیڈ کہہ کررد کردیا۔ اس کے بعد سیویلا کے فرنانڈو نے ۲۲؍ویں منٹ میں ایوان راکیٹچ کی مددسے ٹیم کا پہلا گول کیا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں مارکو اسینسیونے ٹونی کروس کی مدد سے ٹیم کیلئے برابری کا گول کیا۔ یہ گول ۶۷؍ویں منٹ میں ہوا۔ ۷۸؍ویں منٹ میں سیویلا کو ایک پنالٹی ملی اور اس پر ایوان راکیٹچ نے گول کرکے اسکور ایک۔۲؍ کردیا۔ میچ کے انجری ٹائم میں ایڈین ہیزارڈ نے ریئل میڈرڈ کیلئے گول کرکے اسے شکست سے بچالیا۔ یہ گول کرنے میں ان کی مدد ٹونی کروس نے کی۔ 
 ریئل میڈرڈ اور سیویلا کا میچ ڈراہونے کے بعد پوائنٹ ٹیبل میں ایٹلیٹیکو میڈرڈفٹبال کلب   ۷۷؍ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہے۔ اس کے بعد دوسرے نمبرپر ریئل میڈرڈ فٹبال کلب ہے جس کے ۷۵؍پوائنٹس ہیں۔ تیسری پوزیشن پر بارسلونا فٹبال کلب ہے جس کے ۷۵؍پوائنٹس ہیں۔ گو ل کے فرق کی وجہ سے وہ ریئل میڈرڈ سےپیچھے ہے۔ چوتھے نمبرپر سیویلا فٹبال کلب ہے جس کے ۷۱؍پوائنٹس ہیں۔ ان سبھی فٹبال کلبو ںنے ۳۵؍میچ کھیلے  ہیں اور لالیگا کا یہ سیزن ختم ہونے کیلئے اب ۳؍میچ راؤنڈ رہ گئے ہیں اور سبھی ٹیمیں میچ جیتنا چاہیں گی۔ہر ٹیم کیلئے اب ہر میچ ضروری ہوگیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK