Inquilab Logo

ریئل میڈرڈ کی بارسلونا پر ۷؍پوائنٹس کی برتری

Updated: July 06, 2020, 4:00 AM IST | Agency | Madrid

اسپینش لیگ میں ریئل نے ایتھلیٹک بلباؤ کو صفر۔ ایک سے مات دی۔ ایک بار پھر راموس نے پنالٹی پر میچ کا واحد گول کیا

Real Madrid
ریئل میڈرڈ کے کپتان سرجیو راموس گول کرنے کے بعد

اسپینش لیگ لالیگا میں خطاب کی جنگ دلچسپ ہوتی جارہی ہے اوراس لڑائی میں ریئل میڈرڈ نے ۷؍پوائنٹس کی برتری حاصل کرلی ہے۔ دوسری پوزیشن پر موجود بارسلونا فٹبال کلب کی مشکلا ت میں اضافہ ہوتا جارہاہے۔ اتوار کو ہونے والے میچ میں ریئل میڈرڈ نے ایتھلیٹک بلباؤ فٹبال کلب کو صفر۔ ایک سے شکست دے کر ۳؍پوائنٹس حاصل کرلئے اور ٹیبل میں اپنی ٹاپ پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ 
 اتوار کی فتح کے بعد ریئل میڈرڈ کے ۳۴؍ میچوں میں ۷۷؍پوائنٹس ہوگئے ہیں اور دوسری پوزیشن پر موجود بارسلونا کے ۳۳؍میچوں میں ۷۰؍ پوائنٹس ہیں۔ مارچ میں لیگ کی معطلی کے وقت بارسلونا ٹاپ پوزیشن پر تھا لیکن جب لیگ دوبارہ شروع ہوئی تواس نے اچھا آغاز کیا لیکن بعد میں اس کے کھلاڑیوں نے ناقص کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹاپ پوزیشن گنوا دی۔ 
 اتوار کو ہونے والے میچ میں ایتھلیٹک بلباؤ نے اچھا فٹبال کھیلا ہے اورمیچ کے ۷۰؍منٹ تک ریئل کے کھلاڑیوں کو گول کرنے سے روکے رکھا ۔ اس کے بعد ایتھلیٹک کے کھلاڑی نے ریئل کے کھلاڑی مارسیلو کو باکس میں گرادیا اور ریفری نے ویڈیو اسسٹنٹ ریفری کی مدد سے ریئل میڈرڈ کو پنالٹی دی اور پچھلے میچ کی طرح کپتان سرجیو راموس نے اسے گول میں تبدیل کرکے اپنی ٹیم کو صفر۔ ایک سے آگے کردیا۔ یہی اسکور میچ کےآخر تک برقرار رہا جس سے ریئل میڈرڈ کے خطاب کا دعویٰ مضبوط ہوگیا۔ خیال رہے کہ پچھلے میچ میں بھی گیٹافے کے خلاف ریئل میڈرڈ کو پنالٹی ملی تھی اور اس پر راموس نے ہی گول کرکے ۳؍پوائنٹس دلائے تھے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK