Inquilab Logo

اسپینش سپرکپ میں ریئل میڈرڈ کی شکست ،ایتھلیٹک اور بارسا کے درمیان فائنل

Updated: January 16, 2021, 2:17 PM IST | Agency | Málaga

ناک آؤٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں ایتھلیٹک بلباؤ فٹبال کلب نے ریئل میڈرڈ کو ایک۔۲؍ سے شکست دی۔ ایتھلیٹک کیلئے راؤل گارشیا نے پہلے ہاف میں ۲؍اہم گول کئے

Picture.Picture :INN
علامتی تصویر ۔ تصویر:آئی این این

اسپینش سپرکپ کے سیمی فائنل میں ایتھلیٹک بلباؤ نے دفاعی چمپئن ریئل میڈرڈ فٹبال کلب کو ایک۔۲؍گول سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی جہاں اس کا مقابلہ  ایک اور مضبوط فٹبال کلب بارسلونا (بارسا ) سے ہوگا۔اس میچ میں اہم رول راؤل گارشیا نے ادا کیاتھا جنہو ںنے ۲؍گول کئے۔ ریئل کیلئے کریم بینزیما نے ایک گول کیا۔ جمعرات کی رات ہونےوالے سیمی فائنل  میچ میں ایتھلیٹک بلباؤ کے کھلاڑیوں نے بہت اچھا فٹبال کھیلا اور حریف ٹیم کو گول کرنے سے روکے رکھا۔ فرسٹ ہاف میں ریئل میڈرڈ کے کھلاڑی گول کرنے کیلئے مواقع بنانے کی کوشش کرتے رہے لیکن وہ ناکام رہے۔ دوسری طرف ایتھلیٹک کے کھلاڑیوں نے آغاز ہی سے گول کرنے کے مسلسل مواقع بنائے اور اس میں وہ کامیاب بھی رہے۔ میچ کے ۱۸؍ ویں منٹ میں راؤل گارشیا نے ڈینی گارشیا کی مدد سے ٹیم کا پہلا گول کیا اور اسے صفر۔ ایک کی برتری دلائی۔ ۳۸؍ویں منٹ میں ایتھلیٹک کو پنالٹی ملی اور اسے راؤل گارشیا نے گول میں تبدیل کرکے اسکور صفر۔۲؍ کردیا۔ فرسٹ ہاف کے اختتام تک ریئل کی ٹیم کوئی گول نہ کرسکی اور اسکور صفر۔۲؍ رہا۔ 
 میچ کے دوسرے ہاف میں ریئل کے کھلاڑیوں نے دوبارہ کوشش کی لیکن اس بار ایتھلیٹک نے دفاعی حکمت عملی اختیار کی اور اسے گول کرنے سے روکے رکھا۔ اس کے بعد باوجود ریئل کے اسٹار کریم بینزیما نے موقع بنایا اور ۷۳؍ویں منٹ میں ریئل کیلئے پہلا گول کیا ۔ اس گول سے ریئل نے اسکور ایک۔۲؍ کردیا لیکن یہ گول  اسے فاتح بنانے کیلئے کافی نہیں تھا۔ میچ کی آخری وہسل پر اسکور یہی رہا اور ایتھلیٹک بلباؤ نے فائنل میں قدم رکھ دیا۔ اسپینش سپرکپ کا فائنل سیویلا میں کھیلا جائے گا جہاں اس کا مقابلہ بارسلونا فٹبال کلب  سے ہوگا۔ بارسلونا نےبدھ کی رات ریئل سوسائیڈیڈ کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ ا س سے قبل ایتھلیٹک نے ۲۰۱۵ء کے اسپینش سپرکپ کے فائنل میں بارسلونا کو شکست دے کر خطاب جیتا تھا۔ ایتھلیٹک کے پاس تیسری بار یہ خطاب جیتنے کا موقع ہے ۔ اس نے ۱۹۸۴ء میں بھی اس خطاب کو پہلی بار اپنے نام کیا تھا۔ 
 ریئل میڈرڈکے پاس اسپینش سپرکپ جیتنے کا موقع تھا لیکن اس  نے گنوا دیا ہے۔ دوسری طرف وہ اسپینش لیگ لالیگا میں بھی کامیابی کیلئے جدوجہد کرتی ہوئی نظر آرہی ہے۔ پہلی بار اس ٹورنامنٹ کو جنوبی اسپین میں منعقد کیا جارہا ہے جہاں کورونا کے معاملات کم ہیں۔ اس ٹورنامنٹ میں گزشتہ سال ٹاپ۴؍فارمیٹ کے طریقے کو نافذ کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ سال کورونا وائرس کے سبب اس ٹورنامنٹ کے فارمیٹ میں تبدیلی کی گئی تھی۔ اس کا مقابلہ سعودی عرب میں منعقد کیا گیا تھا۔ 
 میچ میں اہم گول کرنےوالے راؤل گارشیا نےکہا’’ہمیں معلوم تھا کہ ہمارے مقابل ایک مضبوط حریف ہے۔ہم یہ بھی جانتے تھے کہ ہم اسے شکست دےکر کامیابی ضرور حاصل کریں گے۔ ہم نے یہ کردکھایا۔ ‘‘یا درہے کہ گزشتہ سال دسمبرمیں لالیگا کے میچ میں ریئل میڈرڈ سے ایک ۔۳؍ کی شکست میں گارشیامیچ شروع ہونے کے ۱۵؍منٹ بعد میدان سے باہر چلے گئے تھے۔ گارشیا نے مزید کہا’’ایسا لگتا ہے کہ ہم نے بہت بڑا کارنامہ انجام دیاہے اور ایک اہم میچ جیت لیاہے۔ ‘‘
 میچ میں کریم بینزیما نے ۸۲؍ویں منٹ میں ایک گول کیا تھا لیکن آف سائیڈ ہونے کی وجہ سے اسے ریفری نے مستر د کر دیا تھا۔ میڈرڈ کے کھلاڑی مارکو اسینسیو نے کہا ’’ایتھلیٹک نے اچھی شروعات کی اور اہم ان کے مقابلے میں جدوجہد کرتے رہے۔ انہوں نے پہلےگول کے بعد جو اعتماد حاصل کیا وہ قابل تعریف تھا، اس کے بعد وہ ہم پر حاوی ہوتے چلے گئےاور ہم صرف کوشش کرتے رہے۔ ‘‘ اس وقت میڈر ڈ کا کلب جدوجہد کررہا ہے۔ لالیگا میں اس کا میچ ریئل سوسائیڈیڈ سے ڈرا ہوا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK