Inquilab Logo

لالیگا کا چمپئن بننے کیلئے ریئل کو ۲؍پوائنٹس درکار

Updated: July 15, 2020, 1:27 PM IST | Agency

اسپینش لیگ میں غرناطہ کو ایک۔۲؍ سے شکست دی۔ مینڈی اور کریم بینزیما نے ایک ایک گول کیا۔ غرناطہ کیلئے ماچس کا ایک گول

Real Player - Pic : INN
رئیل کھلاڑی ۔ تصویر : آئی این این

  لالیگا میں اس وقت زبردست مقابلہ آرائی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ریئل میڈرڈ اور بارسلونا کے درمیان خطاب کیلئے زور آزمائی قابل دید ہے۔ دونوں اپنے اپنے مقابلے جیت کر لالیگا کے خطاب کی جنگ کو دلچسپ بنارہے ہیں۔ پیر کی دیر رات ہونے والے میچ میں ریئل میڈرڈ نے غرناطہ فٹبال کلب کو شکست دے کر ۳؍پوائنٹس حاصل کئے اور اسے خطاب جیتنے کیلئے صرف ۲؍ پوائنٹس درکار ہیں۔اگر ریئل میڈرڈ اگلا میچ جیت جاتا ہے تو وہ چمپئن بن جائے گایا بارسلونا فٹبال کلب اپنا اگلا میچ ہار جاتاہے تو وہ چمپئن شپ کی دوڑ سے باہر ہوجائے گا۔ 
 لالیگا کا سیزن ختم ہونے کیلئے اب صرف ۲؍میچ راؤنڈ باقی ہیں  اور بارسلونا اور ریئل میڈرڈ کو اگرخطاب جیتنا ہے تو دونوں مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنی ہوگی۔ بارسلونا کا اگلا مقابلہ اوساسونا سے ہے اور ریئل میڈرڈ کا مقابلہ ویلا ریئل سے ہے۔ ریئل میڈرڈ اپنے گھریلو میدان پر یہ میچ کھیلے گی ۔ اگر اس میچ میں ریئل میڈرڈ فٹبال کلب  نے کامیابی حاصل کرلی تو وہ لالیگا کا نیا چمپئن ہوگا۔ پیرکی دیر رات ہونےوالے میچ میں ریئل میڈرڈفٹبال کلب کے کھلاڑیوں نے غرناطہ کے اسٹیڈیم میں زبردست فٹبال کھیلا۔ ان کھلاڑیوں نے مسلسل حملے کئے اور شروعات ہی سے غالب رہے۔ میچ کے ۱۶؍ویں منٹ تک ریئل میڈرڈ کو صفر۔۲؍ کی برتری حاصل  ہوگئی تھی۔ میچ کے ۱۰؍ویں منٹ میں نوجوان کھلاڑی فیرلینڈ مینڈی نے کاسیمیرو کی مدد سے ریئل میڈرڈ کا پہلا گول کیا اور اسکور صفر۔۲؍  کردیا۔انہوںنے شاندار کراس شاٹ کے ذریعہ گول کیا۔ اس گول کے ۶؍منٹ بعد ہی ریئل کی جانب سے کریم بینزیما نے شاندار گول کیا۔ لوکا ماڈرچ کے پاس پر انہوں نے غرناطہ کے دفاعی کھلاڑیوں اور گول کیپر کو چکمہ دیتے ہوئے کراس شاٹ پرگول کیا۔ اس گول کے بعد خالی اسٹیڈیم میں غرناطہ کے کھلاڑی دباؤ میں آگئے ۔ میچ کے دوسرے ہاف میں میزبان کلب کے کھلاڑیوں نے کوشش کی اور ۵۰؍ویں منٹ میں انہیں کامیابی بھی ملی۔ ینگل ہیریرا کی مدد سے ڈارون ماچس نے ایک گول کیا اور اسکور ایک۔۲؍ کردیا۔ میچ کے ختم ہونےتک غرناطہ کے کھلاڑی برابری کا گول کرنے کیلئے کوشش کرتے رہے لیکن انہیں کامیابی نہیں ملی اور ریئل میڈرڈ نے کامیابی کے ساتھ ۳؍پوائنٹس حاصل کرلئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK