Inquilab Logo

ریئل کی نظر چمپئن لیگ کے سیمی فائنل پرمرکوز

Updated: April 14, 2021, 1:03 PM IST | Agency | Liverpool

آج ریئل اور لیورپول میں کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے کا میچ ۔ پہلے مرحلے میں ریئل نے ایک۔۳؍ سے کامیابی حاصل کی تھی

LK Karim Benzema running with another teammate..Picture:INN
ریئل کے کریم بینزیما دیگر ایک ساتھی کے ساتھ دوڑ لگاتے ہوئے ۔تصویر :آئی این این

  انگلش فٹبال کلب لیورپول بدھ کی دیر رات ہونے والے یوئیفا چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے کے میچ میں ریئل میڈرڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں داخلہ کرنا چاہے گا لیکن ا س کیلئے یہ اتنا نہیں ہوگا کیونکہ ریئل میڈرڈ کی ٹیم اس وقت زبردست فارم میں ہے اور اس کی نظر بھی سیمی فائنل پر مرکوز ہے۔  پہلے مرحلے کے میچ میں ریئل میڈر ڈنے لیورپول کو ایک ۔۳؍ سے شکست دی تھی۔ اس میچ لیورپول کیلئے واحد گول محمد صلا ح نے کیا تھا۔ لالیگا میں گزشتہ سنیچر کو ایل کلاسیکو میں بارسلونا کو ایک ۔۲؍سے ہرانے کے بعد ریئل میڈرڈ کے کھلاڑیوں کا حوصلہ بلندی پر ہے اور وہ اس میچ میں بھی کامیابی کے ساتھ سیمی فائنل میںداخل ہونا چاہیں گے۔حالانکہ ریئل میڈرڈ کو سیمی فائنل کی فیوریٹ ٹیم قرار دیا جارہا ہے۔  ریئل میڈرڈ کے مڈ فیلڈرس اس وقت زبردست فارم میں ہیں اور وہ اچھا کھیل رہے ہیں۔ ان کے ساتھ ہی ان کی فرنٹ لائن بھی اچھا مقابلہ کررہی ہے جس میں وینیشیس جونیئر اور مارکو اسینسیو نے بھی اہم کردار اداکیا ہے۔ ان دونوں کے علاوہ کریم بینز یما اس وقت زبردست  فارم میں ہیں اور وہ لالیگا میں ٹیم کے ٹاپ اسکورر  ہیں۔ انہوںنے لیورپول کے خلاف اور بارسلونا کے خلاف بھی گول کیا تھا۔  دوسری طرف لیورپول کیلئے یہ سیزن اچھا نہیں رہا ہے اور وہ مسلسل جدوجہد کررہا ہے ۔  ای پی ایل میں وہ اس وقت ٹاپ ۴؍ سے باہر ہے اور اس کے اگلے سیزن کے  چمپئن لیگ میں براہ راست کوالیفائی کرنے کے امکانات معدوم ہوچکے ہیں۔ ای پی ایل میں اس نے گزشتہ میچ میں ایسٹن ولا کوشکست دی۔ اس میچ میں بھی  ٹیم  کو اپنے میدان پر جدوجہد کرنی  پڑی  اور حریف ٹیم کو ایک۔۲؍ گول سےہرا دیا۔ ۱۶؍دسمبر کے بعد اینفیلڈ پر لیورپول کی یہ پہلی کامیابی تھی۔  یورگین کلوپ کی ٹیم کو اس میچ میں صرف ایک ہی بیرون شہر گول کا فائدہ ہے جو اس کے کھلاڑی  محمد صلاح نے میڈرڈ میں کیا تھا۔ ٹیم ریئل کے خلاف زیادہ گول کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے کی پوری کوشش کرے گی۔ 
 لیورپول  اور ریئل میڈرڈ کے درمیان اب تک ۷؍میچ ہوئے ہیں اور ان میں سے ریئل نے۴؍ اورلیورپول نے ۳؍میچ جیتے ہیں۔  دونوں ٹیموں کے درمیان آخری مقابلہ پچھلے ہفتے میڈرڈ میں ہوا تھا اور وہ اس سیزن کے کوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے کا میچ تھا۔ لیورپول نے گزشتہ ۵؍میچوں میں سے ۴؍میں فتح اور ایک میں شکست پائی ہے۔ دوسری طرف ریئل میڈرڈ کو گزشتہ ۵؍میچوں میں کامیابی نصیب ہوئی ہے۔  لیورپول کو اس میچ میں بھی اس کے مستقل سینٹر بیک ورجل وین دایک ، جوئے گومیز اور جوئل ماتپ کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔ جارڈن ہینڈرسن بھی زخمی ہونے کی وجہ سے میچ میں شرکت نہیں کرپائیں گے۔ لیورپول کے دوسرے گول کیپر کوئمہن کیلہر کا کھیلنا بھی مشکوک ہے جو انجری میں مبتلا ہیں۔ کرٹس جونس اور ڈیوو اوریجی کا بھی کھیلنا مشکوک ہے۔ 
 خبروں کے مطابق ایڈین ہیزارڈ  ایک بار پھر ریئل میڈرڈ کی جانب سے نہیں کھیل سکیں گے۔ وہ مسل انجری سے صحتیاب ہورہے ہیں۔ ڈینی کاروایل کا کھیلنا بھی مشکوک ہے ۔ لوکاس واسکیوز بھی اس میچ سے باہر رہیں گے اور اس ٹیم کے مستقل کپتان سرجیو راموس اور رافیل ویرانے کا کھیلنا بھی مشکوک ہے۔ کریم بینزیما پر حملے کی ذمہ داری رہے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK