Inquilab Logo

لالیگا میں ریئل کی مسلسل ۸؍ویںفتح ، کریم بینزیما ہیرو بنے

Updated: July 12, 2020, 12:01 PM IST | Agency | Madrid

لیگ کے میچ میں الاویس فٹبال کلب کو صفر۔۲؍ سے شکست دی۔ کریم بینزیما نے ایک گول کیا اور ایک گول میں معاونت کی۔ ۴؍پوائنٹس کی برتری

La Liga - Pic : INN
لا لیگا ۔ تصویر : آئی این این

اسپینش لیگ لالیگا میں ریئل میڈرڈ فٹبال کلب ٹیم کی جیت کا سلسلہ رُکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور وہ مسلسل کامیابی  حاصل کرتی جارہی ہے۔جمعہ کی  رات اس نے لالیگا میں ڈیپورٹیو الاویس فٹبال کلب کو صفر۔۲؍ سے شکست دے کر مسلسل ۸؍ویں کامیابی حاصل کی اور ٹیبل میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کردی ہے۔ اس میچ میں کریم بینزیما نے اہم کردار ادا کرتے ہوئے ایک گول کیا اور ایک گول کرنے میں معاونت کی۔ اس میچ کے وہ ہیر و رہے اور انہوں نے اپنی ٹیم کو سنبھالا ۔
 جمعہ کی رات ہونےو الے میچ میں ریئل کے اسٹار کھلاڑی شامل نہیں تھے۔ اس  میچ میں ٹیم کے کوچ زین الدین زیدان نے تجربہ کیا۔ سرجیو راموس اور دانی کروایل کو ڈیفنس میں نہیں اتارا  جبکہ ناچو فرنانڈیس اور مارسیلو معطلی کی وجہ سے اس میچ میں شامل نہیں ہوسکے تھے۔ اس کے باو جود ریئل کے کھلاڑیوں نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتےہوئے ۳؍پوائنٹس حاصل کئے۔ 
 جمعہ کے میچ میں ریئل میڈرڈ نے پہلا گول پنالٹی پر کیا۔ الاویس کے کھلاڑی کے فاؤل کرنے پر ریئل کو پنالٹی ملی اور اس کے کھلاڑی کریم بینزیما نے ۱۱؍ویں منٹ میں اسے گول میں تبدیل کرکے اسکور صفر۔ ایک کردیا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں دوسرا گول ہوا۔ ۵۰؍ویں منٹ میں کریم بینزیما کے کراس پاس پر مارکو اسینسیو نے بہترین گول کیا اور اسکور صفر۔۲؍ کردیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی ریئل میڈرڈ نے بارسلونا فٹبال کلب سے ٹیبل میں ۴؍پوائنٹس کی برتری حاصل کرلی ہے۔ 
 ۳۵؍میچوں کے بعد ریئل میڈرڈ  کے ۸۰؍پوائنٹس ہو گئےہیںاور وہ ٹاپ پر ہے جبکہ اتنے ہی میچوں میں بارسلونا کیلئے ۷۶؍پوائنٹس ہیں۔ ریئل میڈرڈ کو اگلے ۳؍میچوں میں غرناطہ، ویلا ریئل اور لیگانیس سے مقابلہ کرنا ہے جبکہ بارسلونا فٹبال کلب کو ۱۹؍جولائی کو ختم ہونے والے سیزن سے قبل ویلاڈولڈ، اوساسونا اور الاویس فٹبال کلب سے مقابلہ کرنا ہے۔ 
 کریم بینزیما اس وقت زبردست فارم میں ہیں اور وہ مسلسل گول کرنے کے ساتھ ساتھ گول کرنے میں معاونت بھی کررہے ہیں۔ ۳؍ماہ کی معطلی کے بعد شروع ہونے والی لیگ میں کریم بینزیما نے ۴؍گول کئے ہیں۔ اس سے قبل ایسپنیول کے ساتھ ہونےوالے میچ میں بھی انہوں نے کاسیمیرو کو بہترین معاونت کی تھی اور اس گول کی وجہ سے ریئل کو کامیابی ملی تھی۔ جمعہ کی رات کو بھی رامو س کے نہیں ہونے پر بینزیما نے پنالٹی پر گول کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK