Inquilab Logo

ریاض محرز اور روڈری کے گول کی بدولت مانچسٹر سٹی کی آرسنل پر فتح

Updated: January 02, 2022, 12:52 AM IST | London

سبقت کے باوجود ای پی ایل میں آرسنل کی سٹی کے ہاتھوں ۱۔۲؍ سے شکست۔ ریاض نے پنالٹی پر اور روڈری نے آخر ی وقت میں گول کیا

Riaz Mehrz
ریاض محرز

انگلش پریمیر لیگ  (ای پی ایل ) کے پوائنٹس ٹیبل میںٹاپ پر موجود مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کی ٹیم نے سنیچر کو ہونے والے میچ میں ایک بار پھر خود کو بہتر ثابت کردیا۔ اس نے آرسنل فٹبال کلب کو اس کے ہی میدان پر شکست دے کر ۳؍پوائنٹس حاصل کرلئے اور ٹاپ پوزیشن مزید مضبوط کرلی۔ حالانکہ اس میچ میں آرسنل نے فرسٹ ہاف میں صفر۔ ایک کی سبقت حاصل کرلی تھی اس کے باوجود اسے سٹی کے ہاتھوں ایک کے مقابلے ۲؍گول سے شکست ہوئی۔ 
 سنیچر کی شام ہونے والے میچ میں آرسنل نے اچھی شروعات کی تھی اور اس کے نوجوان کھلاڑی بوکایو ساکا نے ۳۱؍ویں منٹ ہی میں پہلا گول کرکے سٹی پر دباؤ ڈال دیا تھا۔ میچ کے فرسٹ ہا ف میں صرف ایک ہی گول ہوا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں سٹی کے کھلاڑیوں نے میزبان فٹبال کلب کے گول پر مسلسل حملے شروع کردئیے۔ ۵۷؍ویں منٹ میں ریاض محرز نے پنالٹی کو گول میں تبدیل کرکے اپنی ٹیم کو برابری پر لا دیا۔ اس کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ میچ ڈرا ہوجائے گا لیکن ایسا نہیں ہوا۔ مقابلے کے انجری ٹائم کے تیسرے منٹ میں روڈری نے سٹی کیلئے فاتحانہ گول کیا اور اسکور ایک۔۲؍ کردیا۔ میچ کی آخری وہیسل پریہی اسکور رہا اور سٹی نے آرسنل کے خلاف پورے ۳؍پوائنٹس حاصل کئے۔ اس میچ میں آرسنل کے گیبرئیل کو ۵۹؍ویں منٹ میں ریڈ کارڈ ملا تھااور وہ میدان سے باہر ہوگئے تھے۔سٹی کے کھلاڑیوں نے  اس کا بھرپورفائدہ اٹھایا۔
     اس کامیابی کے بعد مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کے پوائنٹ ٹیبل میں ۲۱؍میچوںمیں ۵۳؍پوائنٹس ہو گئے ہیں اور اس نے    دوسرے نمبرپر موجودچیلسی سے ۱۱؍پوائنٹس کی برتری حاصل کرلی ہے۔ چیلسی کے ۲۰؍میچوں میں ۴۲؍پوائنٹس ہیں۔گزشتہ ۵؍میچوں میں مسلسل ۴؍مقابلوں میں کامیابی کے بعد آرسنل کو سنیچر کوپہلی شکست کا سامنا کرناپڑا۔ اس کے باوجود آرسنل ٹیبل میں چوتھی پوزیشن پر برقرار ہے اور اس کے ۲۰؍میچوں میں ۳۵؍پوائنٹس ہیں۔ تیسرے نمبر پر لیورپول کی ٹیم ہے جس کے ۱۹؍میچوں میں ۴۱؍پوائنٹس ہیں۔ 

football Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK