Inquilab Logo

رشبھ پنت کورونا پازیٹیو ، ایک معاون اسٹاف بھی کورونا کی زد میں

Updated: July 16, 2021, 1:25 PM IST | Abhishek Tripathi | New Delhi

دیانند جیرانی کے رابطے میں آنے والے گیندبازی کوچ بھرت ارون،سینئر وکٹ کیپر بلے باز ردھیمان ساہا اور اسٹینڈ بائی اوپنر ابھیمنیو ایشورن کو ۸؍دنوں کیلئے کوارینٹائن کیا گیا

Indian cricketer Rishbha Pant (right) went to the stadium to watch the Euro Cup match..Picture:INN
ہندوستانی کرکٹر رشبھ پنت(دائیں)یورو کپ کا میچ دیکھنے کےلئے اسٹیڈیم گئے تھے۔۔تصویر :آئی این این

نگلینڈ دورے پر ۴؍اگست سے شروع ہونے والی ۵؍ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل ہندوستانی کرکٹ ٹیم میں لاپروائی کا بڑا معاملہ سامنے آیا ہے جس کی وجہ سے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کورونا پازیٹیو ہوگئے ہیں۔پنت کے علاوہ تھرو ڈاؤن ماہر دیانند جیرانی بھی پازیٹو پائے گئے ہیں۔اس کے علاوہ گیندبازی کوچ بھرت ارون،سینئر وکٹ کیپر بلے باز ردھیمان ساہا اور اسٹینڈ بائی اوپنر ابھیمنیو ایشورن کو ۸؍ دنوں کیلئے کوارینٹائن کردیا گیا ہے کیوں کہ یہ سب  دیاناند کے رابطے میں آئے تھے۔ ہندوستانی ٹیم انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق رشبھ پنت کا بخار کے بعد ٹیسٹ کرایا گیا تھا جس میں ان کی رپورٹ پازیٹیو آئی ہے۔  پنت ساؤتھ ہال ٹریول کمپنی کے مالک کلجندر بہیا کے یہاں بطور مہمان گئے تھےاور ان کے ہی گھر پر رہ رہے تھے۔اس دوران کافی لوگوں سے ان کا ملنا ہوا تھا۔ اس کے علاوہ ۲۹؍جون کو رشبھ پنت انگلینڈ اور جرمنی کے درمیان کھیلے جانے والے یورو کپ کا میچ دیکھنے کےلئے بھی اسٹیڈیم گئے تھے۔فی الحال رشبھ پنت بھی  کوارینٹائن میں ہیں اور ۸؍دنوں بعدان کا دوبارہ ٹیسٹ کیا جائےگا۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ وہ ہندوستانی ٹیم کے ساتھ کب جڑیںگے۔دوسری جانب دیانند،ساہااور ایشورن لندن میں ہی کوارینٹائن رہیںگے۔ دریں اثنا بی سی سی آئی کے عہدیدار نے اینٹی کرپشن یونٹ کے رویہ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو ایک ماہ کی چھٹی دی گئی تھی۔زیادہ تر کھلاڑی ہوٹل میں ہی رکے تھے۔رشبھ پنت ایک بزنس مین کے یہاں مہمان بن کر گئے اور وہیں رک گئے تھے۔ایسے میں اینٹی کرپشن یونٹ کو اس جانب توجہ دینا چاہئے تھی۔واضح رہے کہ کلجندر بہیا سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کے دوست رہے ہیں اور دھونی نے ہی پنت کو ان سے ملوایا تھا۔ٹیم انڈیا کے کئی کھلاڑی ان کے دوست ہیں۔ واضح رہے کہ ہندوستانی کھلاڑیوں اور عملے کو جمعرات کو ڈرہم  پہنچنے پر  ہوٹل میں قید ہونا پڑا لیکن پنت ، ساہا اور عملے کے ۴؍ارکان میں سے کسی کو بھی  ڈرہم نہیں بھیجا گیا ہے۔ ساہا آئی پی ایل ۲۰۲۱ء کے دوران بھی کورونا مثبت بھی پائے گئے تھے۔ رشبھ پنت کا دوسرا ٹیسٹ ۱۸؍جولائی کو ہوگا۔ تاہم  پنت کو کورونا کی کوئی علامت نہیں ہے۔ ٹیم انڈیا کو بھی ۲۰؍جولائی سے پریکٹس میچ کھیلنا ہے۔بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ۱۰؍جولائی کو  رشبھ پنت کی رپورٹ کورونا مثبت آئی تھی۔ ۲۹؍جون کو یورو کپ راؤنڈ ۔۱۶؍ کا مقابلہ دیکھنے کے لئے پنت کے علاوہ ہنوما وہاری اور جسپریت بمرا ہ بھی آئے تھے۔ اب سوالات اٹھائے جار ہے ہیں کہ پنت کی رپورٹ کے مثبت آنے اور اتنے دن گزرنے کے بعد بھی انتظامیہ نے سخت اقدامات کیوں نہیں  کئے۔ٹیم انڈیا کے کوچ روی شاستری بھی ۱۱؍ جولائی کو پنت کی مثبت رپورٹ آنے کے بعد ومبلڈن کا فائنل دیکھنے  گئے تھے۔ باقی کھلاڑی بھی کنبے کے ساتھ گھومتے دکھائی دیئے۔ کسی کو نہیں روکا گیا اور نہ ہی کوئی حفاظتی اقدامات اٹھائے گئے۔ تمام کھلاڑیوں کو کورونا ویکسین کووی شیلڈ کی پہلی خوراک مل گئی ہے۔  ان کو انگلینڈ میں ہی دوسری خوراک لینی ہوگی۔ 
جے شاہ نے پہلے ہی متنبہ کیا تھا
 بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے ٹیم انتظامیہ کو ای میل بھیج کر  برطانیہ میں کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر احتیاطی اقدمات کرنے کےلئے کہا تھا۔جے شاہ نے پہلے ہی کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف کو بھیڑ بھاڑ والے علاقوں اور خاص طور پر ومبلڈن اور یورو کپ دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم جانے سے منع کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK