Inquilab Logo

رونالڈو کی عالمی ریکارڈ کی برابری،پرتگال اور فرانس ناک آؤٹ میں داخل

Updated: June 25, 2021, 1:30 PM IST | Agency | Bucharest

یورو کپ میں پرتگال اور فرانس کے درمیان میچ ۲۔۲؍سے برابر،کرسٹیانو اور کریم بینزیما نے ۲۔۲؍گول کئے

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو یورو کپ ۲۰۲۰ء کے ہر میچ میں ایک نیا ریکارڈ بنا رہے ہیں۔گزشتہ رات فرانس کے خلاف کھیلا جانے والا مقابلہ ۲۔۲؍گول سے برابری پر ختم ہوا اور دونوں ہی ٹیمیں گروپ’ایف‘ سے آخری۱۶؍میں پہنچ گئیں۔ٹیم کو ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچانے میں اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے اہم رول ادا کیا اور اس کے ساتھ ہی انفرادی طور پر ایک بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔فرانس کے خلاف اہم مقابلے میں رونالڈو نے ۲؍گول کرتے ہوئے بین الاقوامی مقابلوں میں سب سے زیادہ ۱۰۹؍گول کرنے کے عالمی ریکارڈ کی برابری کر لی۔واضح رہے کہ ایران کے فٹبال کھلاڑی علی دئی کے نام انٹرنیشنل مقابلوں میں ۱۰۹؍گول کرنے کا ریکارڈ تھا ۔ان سے آگے نکلنے کےلئے کرسٹیانو رونالڈو کو ایک گول کی ضرورت ہے۔ فرانس اور پرتگال کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا جس میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔دلچسپ بات یہ رہی کہ دونوں ٹیموں کےلئے ان کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو اور کریم بینزیما نے ۲۔۲؍گول کئے۔رونالڈو نے کھیل کے ۳۱؍ویں منٹ میں پنالٹی پر اپنا اور ٹیم کا پہلا گول کیا۔اس کے بعد فرانس کےلئے کریم بینزیما نے بھی پنالٹی کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک ایک کی برابری دلا دی۔اس کے بعد دوسرے ہاف میں ۴۷؍ویں منٹ میں بینزیما نےایک اور گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔واضح رہےکہ یورو کپ میں بینزیما کی فرانس کی ٹیم میں واپسی ہوئی تھی اور انہوںنے ۵؍سال کے طویل عرصہ بعد اپنی ٹیم کےلئے بین الاقوامی گول کیا۔برابری کا گول کرنے کی کوشش میں لگی پرتگال کی ٹیم کو کھیل کے ۶۰؍ویں منٹ میں ایک اور پنالٹی ملی جس پر گول کرتے ہوئے کرسٹیانو رونالڈو نے تاریخ رقم کر دی اور بین الاقوامی مقابلوں میں مشترکہ طور پر سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔
رونالڈو نے کئی ریکارڈس اپنے نام کئے
 کرسٹیانو رونالڈو  فرانس کے خلاف ۲؍گول کرتے ہی نہ صرف انٹرنیشنل مقابلوں میں سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹبالر بن گئے بلکہ  انہوںنے ایسے کھلاڑی ہونے کابھی اعزاز حاصل کیا جس نے ورلڈ کپ اور یوروپی چمپئن شپ میں ۲۰؍ سے زیادہ گول کئے ہیں۔یورو کپ سے پہلے رونالڈو کے نشانے پر ایران کے سابق کھلاڑ علی دئی کا ورلڈ ریکارڈ تھا جس کی انہوں نے اب برابری کر لی ہے۔واضح رہے کہ علی دئی نے ایران کےلئے سب سے زیادہ ۱۰۹؍گول کرنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔ رونالڈو نے بھی اپنے گول کی تعداد ۱۰۹؍تک پہنچا دی ہے۔اس مقابلے میں رونالڈو نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔ یوروکپ۲۰۲۰ء میں انہوںنے اب تک ۵؍گول کئے ہیں اور گول کرنے کے معاملے میں سب سے آگے ہیں۔واضح رہے کہ رونالڈو کا یہ ۵؍واں یورو کپ ہے۔یورو کپ میں اب تک رونالڈو اور پلاٹینی  کے نام ۹۔۹؍گول تھے۔ رونالڈو کے اب یورو کپ میں ۱۴؍گول ہوچکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK