Inquilab Logo

رونالڈو نے کریئر کا پہلا یوروپا لیگ گول کیا

Updated: September 17, 2022, 1:25 PM IST | Agency | Manchester

یوروپا لیگ میں مانچسٹر یونائٹیڈ نے شیریف ٹراسپول کو صفر۔۲؍ سےشکست دے دی۔ رونالڈو نے مقابلے میں پنالٹی پر گول کیا

Cristiano Ronaldo .Picture:INN
کرسٹیانو رونالڈو ۔ تصویر:آئی این این

کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے کریئر میں ایک اور کارنامہ انجام دیتے ہوئے پہلی بار یوروپا لیگ کے ٹورنامنٹ میں پہلا گول کیا۔ جمعرات کی دیر رات ہونے والے یوروپا لیگ کے میچ میں مانچسٹر یونائٹیڈ کی جانب سے انہوںنے  اپنے کریئر کا پہلا یوروپا لیگ گول کیا۔ مانچسٹر یونائٹیڈفٹبال کلب نے لیگ کے مقابلے میں شیریف ٹراسپول کو صفر۔۲؍ گول سے شکست دےدی۔ ایک گول سانچو نے کیا۔  منیجر ایرک ٹین ہیگ کی ٹیم مانچسٹر یونائٹیڈ کو گروپ ای کے پہلے میچ میں ریئل سوسائیڈیڈ کے ہاتھوں اپنے ہی گھریلو میدان پر شکست برداشت کرنی پڑی تھی لیکن جمعرات کی دیر رات یونائٹیڈ  نے مولدووا کے کلب کو صفر۔۲؍ سے شکست دے کر پورے ۳؍ پوائنٹس حاصل کرلئے۔  انگلش کلب کی جانب سے پہلے ہی ہاف میں گول ہوا۔ ۱۷؍ویں منٹ میں جیڈن سانچو نے کرسٹین ایرکسن کی مدد سے ٹیم کا پہلا گول کیا اور اسکور صفر۔ ایک کردیا۔سانچو کو انگلینڈ کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے اور وہ اس میچ میں بھی دوسرا گول کر سکتے تھے۔ لیکن شیریف کے کپتان اسٹیفن راڈیلیچ نے انہیں گول کرنے سے روک دیا۔ یونائٹیڈ نے فرسٹ ہاف کے خاتمہ سے قبل ہی اپنا اسکور ڈبل کردیا۔ شیریف کے کھلاڑی پیٹرک کپوزو نے یونائٹیڈ کے کھلاڑی ڈیاگو ڈیلوٹ کو باکس میں گرا دیا اور اس ٹیم کو پنالٹی مل گئی۔ رونالڈو نے اس پنالٹی کو گول میں تبدیل کرکے اسکور صفر۔۲؍ گول کردیا اور یہی اسکور میچ کے آخر تک برقرار رہا۔ اسی گروپ کے دیگر ایک میچ میں ریئل سوسائیڈیڈ نے نیل لینن کی ٹیم نکوشیا کو ایک۔۲؍ گول سے شکست دے دی۔  اس فتح کے بعد مانچسٹر یونائٹیڈ کو پورے ۳؍ پوائنٹس ملے ہیں اور وہ گروپ کے ٹیبل پر دوسرے نمبرپر ہے۔اسپینی فٹبال کلب ریئل سوسائیڈیڈ ۶؍ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK