Inquilab Logo

زخمی ہونے کے باوجود میں گیندبازی کیلئے تیار تھا: سینی

Updated: January 24, 2021, 4:15 PM IST | Agency | New Delhi

ہندوستانی ٹیم کے تیز گیندباز نے کہا : محمد سراج نے مجھ سے کہا تھا کہ میں رفتار کے ساتھ لائن اور لینتھ پر بھی پوری توجہ دوں

Navdeep Saini.Picture :INN
نودیپ سینی ۔ تصویر:آئی این این

گروئن انجری کے سبب برسبین ٹیسٹ میں اپنی بہتر کارکردگی پیش کرنے سے محروم رہنے والے تیز گیندباز  کو امید نہیں تھی کہ انہیں  اتنا بڑا موقع پھر  نہیں مل پائے گا۔انہوںنے۵؍اوور گیندبازی کی اور اس  کے بعد پویلین لوٹ گئے تھے۔ 
 ۲۸؍سالہ ہندوستانی کھلاڑی کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کریئر کا آغاز کرنےکا موقع ملا اور وہ چند برسوں تک اس کا انتظار کرتے رہے تھے۔ نودیپ سینی نے کہا کہ برسبین ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں گیندبازی سے میری انجری سنگین ہوسکتی تھی اس لئے کپتان نے ۵؍ اوور کروا کر مجھ سے گیندواپس لے لی۔ اس وقت میری سمجھ میں کچھ نہیں آرہا تھا۔ 
 نودیپ سینی نے کہا’’اجنکیابھیا نے مجھ سےکہاکہ میں زخمی ہونے کے باوجودگیندبازی کر سکتا  ہوں تو میں نے مثبت جواب دیا۔ ‘‘ خیال رہے کہ جب  ہندوستان نے برسبین ٹیسٹ جیت لیا تو اس وقت رشبھ پنت کے ساتھ نودیپ سینی میدان پر  تھے۔ اپنے کریئر کے پہلے ٹیسٹ میں نودیپ نے سڈنی میں ۴؍وکٹ لئے تھے لیکن برسبین ٹیسٹ میں گروئن انجری میں مبتلا ہوگئے اور پہلی اننگز میں ۷ء۵؍اوورڈالے تھے۔ ان کے زخمی ہونے کے سبب ہندوستانی ٹیم کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا تھا کیونکہ ان سے پہلے ٹیم کے اسٹار گیندباز پہلے ہی باہر ہوچکے تھے۔ ۲۰۱۳ء میں نودیپ نے رنجی ٹرافی کی ٹیم میں شرکت کی تھی اور وہ اس سے پہلے ہریانہ میں ٹینس گیند سے کھیلا کرتے تھےلیکن ہندوستان کیلئے ٹیسٹ میں آغاز کرکے ان کا خواب پورا ہوا تھا۔   ہریانہ کے گیندباز سینی نے کہا’’میچ سے قبل میں بالکل  فٹ تھالیکن اہم مقابلے میں اچانک زخمی ہوجانے سے میں  پریشان ہوگیا تھاکیونکہ مجھے طویل عرصے کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں موقع ملا تھا۔‘‘ انہوں نے کہا ’’میری خواہش تھی کہ میں ٹیم کیلئے کھیلتا اور اسے تعاون کرتا ۔ مجھے معلوم تھا کہ اتنا بڑا موقع اور اسٹیج  بعد نہیں ملے گا۔ کپتان نے مجھ سے گیندبازی کیلئے کہا، اس وقت مجھے تکلیف تھی ، باوجود اس کے میں نے ہامی بھری ۔  ‘‘ تیز گیندباز نے کہا’’اب میں آہستہ آہستہ فٹ ہورہا ہوں اور جلد ہی پریکٹس شروع کروں گا۔ ‘‘
 سینی نے کہا’’دورۂ آسٹریلیا میں لئے گئے سبھی وکٹ خاص تھے لیکن کریئر کا پہلا ٹیسٹ ول پوکووسکی کا تھا جو بہت یادگاررہا۔ آپ کریئر ختم ہونے تک اپنے پہلے وکٹ کے بارے میں سوچتے رہتے ہیں۔‘‘ سینئر گیندباز محمد سمیع، جسپریت بمراہ اور امیش یادو کے باہر ہوجانے کے بعدسینی پر زیادہ دباؤ تھا۔ سینی نے آسٹریلیا میں کبھی گیندبازی نہیں تھی ان کیلئے دورۂ آسٹریلیا کا تجربہ بہت خاص تھا۔ 
 سینی نے کہا’’آسٹریلیا کی پچوں پر گیندبازی کا تجربہ بہت خاص ہوتاہے۔ یہاں اچھال والی پچیں ہوتی ہیں۔ ‘‘ محمد سراج کے تعلق سے سینی نے کہا’’وہ میرے اچھے ساتھی کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ ہم نے ایک ساتھ ٹیم انڈیا اے کیلئے بہت سے میچ کھیلے ہیں۔ ہم ایک دوسرے سے گیندبازی کے تعلق سے بہت با ت چیت کرتے ہیں۔ گیندبازی کے وقت وہ مجھ سے کہتے تھے کہ رفتار بھی اہم ہے لیکن ہمیں اپنے لائن اور لینتھ پر زیادہ توجہ دینی ہوتی ہے۔ سراج بالکل مختلف گیندباز ہیں۔ اپنے والد کے انتقال کے بعد انہوں نے بہت حوصلہ اور ہمت دکھائی اور دورہ ٔ آسٹریلیا جاری رکھا۔ انہوں نے جو حاصل کیا ہے اس سے ان کے کردار کی عکاسی ہوتی ہے۔ ‘‘ انگلینڈ کے خلاف کھیلنے والی ہندوستانی ٹیم میں سینی کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ پہلے ۲؍ٹیسٹ میچو ں کیلئے پچھلے منگل کو اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK