Inquilab Logo

سیم کرن آئی پی ایل کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے،پنجاب نے ۱۸ء۵؍کروڑ میں خریدا

Updated: December 24, 2022, 2:44 PM IST | Kochi

نیلامی میں انگلینڈ کےکھلاڑیوں پر پیسوں کی بارش،حیدرآباد نے ہیری بروک کو ۱۳ء۲۵؍کروڑ میں خریدا ،۸ء۲۵؍کروڑ میں مینک اگروال بھی سن رائزرس کی ٹیم میں شامل ہوگئے

Sam Curran
سیم کرن

انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۳ء کی نیلامی کے  دوسرے راؤنڈ میں، انگلینڈ کے سیم کرن جمعہ کو پنجاب کنگز کے ذریعہ ۱۸ء۵؍ کروڑ روپے میں خریدے جانے کے بعد آئی پی ایل کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے۔ ہندوستان  کے سابق بلے باز یوراج سنگھ نے پہلی بار آئی پی ایل میں سب سے مہنگے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا جب انہیں ۲۰۱۵ءکے سیزن میں ۱۶؍کروڑ روپے میں  خریدا گیا تھا۔کرن  نے آسٹریلیا میں ٹی ۔۲۰؍ ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف فائنل میں ۱۲؍رن  کے عوض ۳؍ وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کو عالمی چمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر ۱۳؍وکٹیں حاصل کیں۔  بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے ۲۰۲۰ءاور ۲۰۲۱ءکے سیزن میں چنئی سپر کنگز کےلئے کھیلا لیکن کمر کی چوٹ کی وجہ سے فروری ۲۰۲۲ءمیں آئی پی ایل میگا  نیلامی کے لئے دستیاب نہیں تھے۔
آسٹریلیا کے کیمرون گرین کو ممبئی۱۷ء۵؍ کروڑ میں خریدا
  تیز گیند باز کیمرون گرین کو ممبئی انڈینس نے ۱۷ء۵؍کروڑ روپے میں خرید لیا۔ان کی بنیادی قیمت۲؍ کروڑ روپے تھی۔ کیمرون آئی پی ایل میں ڈیبیو کریں گے۔ مغربی آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر اور دھماکہ خیز بلے باز کیمرون کا شمار دنیا کے خطرناک ترین آل راؤنڈرز میں ہوتا ہے۔ ساڑھے چھ فٹ  کے کیمرون اپنے قد کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے کسی بھی بلے باز کے لیے مشکلات پیدا کرتے رہے ہیں۔
  دہلی کیپٹلز، رائل چیلنجرز بنگلور اور ممبئی انڈینس نے نوجوان آل راؤنڈر  کیلئے سخت مقابلہ کیا لیکن ممبئی نے ۷۱ء۵؍کروڑ کی بولی لگا کر سب پر بازی مار لی۔ ممبئی کو ایک شاندار آل راؤنڈر کی تلاش تھی جو اب تک کیرون پولارڈ کھیل رہے تھے لیکن اس بار وہ کوچ کے کردار میں ہوں گے اور کیمرون ان کی جگہ پُر کر سکیں گے۔
سن رائزرس حیدرآباد نے بروک کو ۱۳ء۲۵؍کروڑ میں خریدا
  سن رائزرس حیدرآباد نےانگلینڈ کے بلے باز  ہیری بروک کو ۱۳ء۲۵؍ کروڑ روپے میں خرید لیا ہے۔بروک کیلئے ابتدائی بولی کی جنگ  راجستھان رائلز اور رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے درمیان تھی لیکن جب  بولی ۵؍کروڑ روپے تک پہنچ گئی تو حیدرآباد نے مداخلت کرتے ہوئے  ۵ء۲۵؍کروڑ  روپے کی بولی لگائی۔ آر سی بی نے بولی سے باہر ہونے کا انتخاب کیا لیکن  راجستھان نے ۱۰؍کروڑ روپے میں ڈنڈا اٹھایا لیکن حیدرآباد نے ۱۰ء۲۵؍کروڑ  روپے کی قیمت کے ساتھ فوری جواب دیا اور آخر میں بروک ۱۳ء۲۵؍کروڑ روپے میں  حیدرآباد کے ہوگئے۔
 یہاں یہ دلچسپ بات ہے کہ بروک کی بنیادی قیمت صرف ڈیڑھ کروڑ روپے تھی۔ بروک کے علاوہ مینک اگروال کو بھی حیدرآباد نے چنئی سے ۸ء۲۵؍کروڑ میں خریدا تھا۔ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کو گجرات ٹائٹنز نے ان  کی بنیادی قیمت ۲؍کروڑ روپے میں خریدا جبکہ اجنکیا رہانے کو چنئی سپر کنگز  نے ۵۰؍لاکھ روپے میں جوائن کیا۔
 انگلینڈ کے جو روٹ اور جنوبی افریقہ کے  ریلی روسو کو ان کی بنیادی قیمت پر بھی کوئی خریدار نہیں ملا۔ آئی پی ایل  ۲۰۲۳ءکی نیلامی میں ۴۰۵؍کھلاڑیوں کا مستقبل تیار ہے۔ ٹیموں کیلئے صرف ۸۷؍  سلاٹس دستیاب ہیں جن کی کل رقم۱۸۳ء۱۵؍کروڑ روپے ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK