Inquilab Logo

پنڈلی میں تکلیف کے سبب ثانیہ مرزا مقابلے سے ہٹ گئیں

Updated: January 24, 2020, 10:28 AM IST | Agency | Melbourne

دوسال کے طویل وقفے کے بعد ٹینس کورٹ پر واپسی کرنے والی ہندوستان کی اسٹار کھلاڑی ثانیہ مرزا سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن سے پنڈلی کی چوٹ کے سبب جمعرات کو باہر ہو گئیں۔

ثانیہ مرزا ۔ تصویر : پی ٹی آئی
ثانیہ مرزا ۔ تصویر : پی ٹی آئی

   میلبورن : دوسال کے طویل وقفے کے بعد ٹینس کورٹ پر واپسی کرنے والی ہندوستان کی اسٹار کھلاڑی ثانیہ مرزا سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن سے پنڈلی کی چوٹ کے سبب  جمعرات کو باہر ہو گئیں۔ثانیہ اور  یوکرین کی ان کی جوڑی دار نادیہ كچینوك کی خاتون ڈبلز کے پہلے راؤنڈ میں چین کی جوڑی شنين ہان اور لن زو سے مقابلہ تھا۔اگرچہ ثانیہ اور كچینوك جوڑی شنين اور لن جوڑی  سے۲۔۶،صفر۔ایک سے پیچھے چل رہی تھی تبھی پنڈلی میں چوٹ کی وجہ سے ثانیہ کو مقابلے سے ہٹنا پڑا۔کھیل کے دوران ثانیہ کی دائیں پنڈلی میں کافی تکلیف ہو گئی ۔ ثانیہ آزادانہ طور پر کورٹ پر نقل و حرکت کرنے کے لئے جدوجہد کر رہی تھیں۔ اس وجہ سے ان کی سروس پر بھی اثر پڑا۔ 
  پہلے سیٹ کے فورا بعد ہی  ثانیہ مرزا کو میڈیکل ٹائم آؤٹ کے لئے مجبور ہونا پڑا دوسرے سیٹ کے پہلے گیم میں ہند یوکرین جوڑی ثابت قدم نہ رہ سکی  اور جوڑی بالخصوص  ثانیہ کو اسے جاری رکھنا مشکل ہوگیا۔
 رافیل ندال تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے
 عالمی نمبر ایک کھلاڑی   اسپین کے رافیل ندال نے سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن کے لئے اپنے کریئر میں دوسری بار جیتنے کی مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے جمعرات کو آسان فتح کے ساتھ تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔ ندال نے۷۶؍ ویں رینکنگ کے ارجنٹائنا کے کھلاڑی فریڈریکو ڈیلبونس کو یک  طرفہ مقابلے میں۳۔۶،۶۔۷،۱۔۶؍ سے ڈھائی گھنٹے میں ہرا دیا۔ ندال کو صرف دوسرے سیٹ میں جدوجہد کرنی پڑی جو ٹائی بریکر تک  چلا۔ ندال نے ٹائی بریک ۷-۴؍ سے جیتا اور تیسرے سیٹ میں حریف کھلاڑی کو محض ایک گیم جیتنے کا موقع دیا۔اپنے کریئر میں۱۹؍گرینڈ سلیم  خطاب جیت چکے ندال نے صرف ایک بار۲۰۰۹ء میں آسٹریلین اوپن  جیتا ہے۔ اس کے بعد سے  ان کو ۴؍ بار میلبورن کے خطابی مقابلے میں ہارنا پڑا ہے۔ ندال کا تیسرے راؤنڈ میں اپنے ہی ملک کے۲۷؍ ویں سیڈ کھلاڑی پابلو كارینو بستا سے مقابلہ ہوگا۔
مردوں میں چوتھی سیڈ روس کے ڈینیل مدویدیف، پانچویں سیڈ آسٹریا کے ڈومینک تھیم، ساتویں سیڈ جرمنی کے الیگزینڈر جیویریواور خواتین میں دوسری سیڈ چیک جمہوریہ کی کیرولینا پلسكووا، چوتھی سیڈ رومانیہ کی سمونا ہالیپ اور چھٹی سیڈ  سوئزرلینڈ کی بیلنڈا بینسچ نے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے۔ مدویدیف نے دوسرے راؤنڈ میں  اسپین کے کوالیفائر پیڈرو مارٹنیز کو ۲؍ گھنٹے ۹؍  منٹ میں۵۔۷،۱۔۶،۳۔۶؍ سے شکست دی جبکہ تھیم نے آسٹریلیا کے وائلڈ کارڈ انٹری ایلیکس بولٹ کو۵؍ سیٹ تک جاری رہنے والے  مقابلے میں شکست دی۔ جیویریونے بیلاروس کے اگور گیراسموو کو۲؍ گھنٹے۱۹؍ منٹ میں ۷-۶،۶-۴، ۷-۵؍ سے شکست دی۔تیسرے راؤنڈ میں تھیم کا مقابلہ۲۹؍ ویں رینکنگ کے امریکی کھلاڑی ٹیلر فرٹز سے ہوگا جنہوں نے جنوبی افریقہ کے افسانوی کھلاڑی کیون اینڈرسن کو ۵؍سیٹ تک  جاری رہنے والے مقابلے میں ۳؍ گھنٹے ۲۱؍منٹ میں ہرایا دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK