Inquilab Logo

سرفراز خان کی ٹرپل سنچری، ممبئی کامیچ ڈرا

Updated: January 23, 2020, 11:18 AM IST | Mumbai

سرفراز نے اپنی سابقہ ٹیم اترپردیش کے خلاف رنجی ٹرافی کے میچ میں ناٹ آؤٹ ۳۰۱؍رن بنائے۔ ممبئی نے اپنی پہلی اننگز ۷؍وکٹ کے نقصان پر ۶۸۸؍رن بناکر ڈکلیئر کردی۔

سرفراز خان۔ تصویر: انقلاب
سرفراز خان۔ تصویر: انقلاب

 ممبئی: نوجوان بلے باز سرفراز خان (ناٹ آؤٹ۳۰۱؍رن) نے اپنے کریئر کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے ٹرپل سنچری مکمل کی اور ممبئی کو اتر پردیش کے خلاف بدھ کو چوتھے اور آخری روز ڈرا پر ختم ہونے والے میچ میں پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر رنجی ٹرافی گروپ اے اور بی میچ میں ۳؍ پوائنٹس دلائے۔ اتر پردیش نے اس میچ میں وکٹ کیپر اُپیندر یادو کے ناٹ آؤٹ۲۰۳؍ رن سے جب اپنی پہلی اننگز ۸؍ وکٹ پر۶۲۵؍ رن پر ڈکلیئر کی تھی تب کسی کو توقع نہیں تھی کہ اس سیشن میں جدوجہد کرنے والی ممبئی کی ٹیم اس سکور کو پار کر جائے گی لیکن ۲۲؍سال کے بلے باز سرفراز نے۳۹۱؍ گیندوں پر۳۰؍ چوکوں اور۸؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ۳۰۱؍ رن کی بہترین اننگز کھیل کر ممبئی کو ۷؍ وکٹ پر۶۸۸؍رن کے بڑے اسکور پر پہنچایا۔ میچ ڈرا پر ختم ہوا اور ممبئی کو پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر ۳؍ پوائنٹس ملے۔
 ممبئی سے تعلق رکھنے والے سرفرازخان نے ایک وقت اترپردیش کی جانب سے کرکٹ کھیلا تھا لیکن پھر وہ واپس اپنی ٹیم ممبئی میں لوٹ آئے تھے۔ممبئی نے ۵؍ وکٹ پر ۳۵۳؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔سرفراز نے ۱۳۲؍ رن سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔سرفراز نے پورے دن بھر بلے بازی کی اور اکیلے اپنے دم پر یوپی کے۶۲۵؍رن کے بڑے اسکور کو چھوٹا ثابت کردیا۔ انہوں نے کپتان آدتیہ تارے (۹۷) کے ساتھ چھٹے وکٹ کیلئے۱۷۹؍ رن اور شمس ملاني (۶۵) کے ساتھ۱۵۰؍ رن کی شراکت کرکے یوپی کے اسکور کو پیچھے چھوڑ دیا۔ تارے نے۱۴۴؍ گیندوں میں ۱۴؍ چوکے اور ملاني نے ۸۲؍گیندوں میں ۵؍چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
 اتر پردیش کی جانب سے کپتان انکت راجپوت نے۴۰؍ اوور میں ۱۳۳؍ رن دے کر ۳؍ وکٹ لئے۔یش دیال نے۴۰؍ اوور میں ۱۳۲؍ رن دیئے جبکہ واجد علی نے۱۶؍ اوور میں ۱۰۲؍رن پر ایک وکٹ لیا۔ سوربھ کمار کو۴۲؍ اوور میں ۱۹۳؍ رن پر کوئی وکٹ نہیں ملا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK