Inquilab Logo

سرفراز کی ۲۴؍ اننگز میں ۹؍ویں سنچری ، ریسٹ آف انڈیاکو مضبوط برتری

Updated: October 02, 2022, 10:19 AM IST | rajkot

ایرانی ٹرافی کے میچ میں ریسٹ آف انڈیا نے سوراشٹر کو پہلی اننگز میں ۹۸؍رن پر آؤٹ کردیا۔ مکیش کمار ، عُمران ملک اور کلدیپ سین نے سوراشٹر کی اننگز تہس نہس کردی۔سرفراز ۱۲۵؍ رن بناکر کریز پر موجو د

Sarfaraz Khan who made a century for Rest of India.(PTI)
ریسٹ آف انڈیا کیلئے سنچری بنانے والے سرفرازخان ۔(پی ٹی آئی )

 سرفراز خان نے رنجی ٹرافی کے فائنل، دلیپ ٹرافی کے فائنل میں سنچری بنائی تھی اور اب انہوں نے ایرانی ٹرافی میں بھی شاندار اننگز کھیلی ہے۔  نوجوان بلے باز سرفراز خان اس وقت شاندار فارم میں ہیں۔ دائیں ہاتھ کا یہ بلے باز مسلسل رن بنا رہا ہے۔ رنجی ٹرافی سے لے کر دلیپ ٹرافی اور اب ایرانی ٹرافی تک، سرفراز خان نے ان تمام ٹورنامنٹس میں اپنے بلے کی طاقت دکھائی ہے۔ انہوں ایرانی ٹرافی کے میچ میں سنیچر کو ریسٹ آف انڈیا کی جانب سے کھیلتے ہوئے سنچری بنائی۔ میچ کے پہلے دن سنیچر کو سرفراز  خان نے ناٹ آؤٹ ۱۲۵؍رن بنائے ہیں اور وہ کریز پر موجود ہیں۔ خیال رہے کہ ریسٹ آف انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور اس کے ۳؍ گیندبازوںنے اسے درست ثابت کرتے ہوئے سوراشٹر کی ٹیم کو ۹۸؍رن پر آؤٹ  کردیا۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک ریسٹ انڈیا نے ۳؍وکٹ پر ۲۰۵؍ رن بنالئے تھے اور اس نے ۱۰۷؍رن کی مضبوط برتری حاصل کرلی ہے۔ریسٹ آف انڈیا کے ہنوماوہاری ۶۲؍رن بناکر کریز پر موجود تھے ۔ 
 سرفراز ریسٹ آف انڈیا سے ایرانی ٹرافی میں کھیل رہے ہیں۔ اس ٹیم کا سامنا سوراشٹر سے ہے، جو۲۰۱۹ء کی رنجی ٹرافی چمپئن رہ چکی ہے۔ اس میچ میں سوراشٹر کے بلے باز پوری طرح ناکام رہے اور پوری ٹیم ۹۸؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ سوراشٹر کی پوری ٹیم سے زیادہ رن اکیلے سرفراز نے بنائے۔ سوراشٹر کیلئے سب سے زیادہ ۲۸؍ رن دھرمیندر سنگھ جڈیجا نے بنائے۔ 
   سرفرازخان کا شاندار فارم۲۰۱۹ء سے جاری ہے۔ اس کے بعد سے وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل رن بنا رہے ہیں۔ پچھلی۲۴؍ اننگز میں انہوں نے ۹؍ میں سنچریاں اور ۵؍ میں نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ اس دوران ان کا سب سے زیادہ سکور۳۰۱؍رن رہا۔ سرفراز نے رواں سال رنجی ٹرافی کے فائنل میں ممبئی کی جانب سے کھیلتے ہوئے سنچری بنائی تھی۔ اس کے بعد دلیپ ٹرافی کے فائنل میں بھی ان کے بلے نے سنچری بنائی۔ ایک بار پھر اس نوجوان بلے باز نے ایرانی ٹرافی میں سنچری بنائی ہے۔ اس سے پہلے سوراشٹر نے گھر پر پہلے بلے بازی کی۔ لیکن بڑا اسکور نہ کر سکی۔ ٹیم کے صرف ۳؍ بلے باز ہی دُہرے ہندسوں تک پہنچ سکے۔  ریسٹ آف انڈیا کے ۳؍ گیند بازوں نے مل کر سوراشٹر کی بلے بازی سے نمٹا۔ مکیش کمار نے۴؍  وکٹ لئے۔ عمران ملک اور کلدیپ سین نے۳۔۳؍ وکٹ لئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK