Inquilab Logo

سیرینا اور اوساکا کوارٹرفائنل میں، تھیم باہر

Updated: February 15, 2021, 12:30 PM IST | Agency | Melbourne

اوساکا نے مگوروزا کو جدوجہد کے بعد شکست دےدی۔ سیرینا ولیمز نے سبالینکا کو ہرا کر پیشقدمی کی ۔ آسٹریائی کھلاڑی تھیم کو بلغاریہ کے گریگور کے ہاتھوں شکست ملی

Naomi Osaka.Picture:INN
ناؤمی اوساکا۔تصویر :آئی این این

تیئس؍ مرتبہ کی گرینڈ سلیم فاتح امریکہ کی سیرینا ولیمز اور یو ایس اوپن فاتح جاپان کی ناؤمی اوساکا نے اتوارکو سخت مقابلے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹرفائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے جبکہ تیسری سیڈیافتہ  آسٹریا کے ڈومینک تھیم  سال کے پہلے گرینڈسلیم کے چوتھے راؤنڈ کا مقابلہ ہار کر باہر ہوگئے۔  اپنے۲۴؍ ویں گرینڈ سلیم خطاب کی تلاش میں  مصروف۱۰؍ ویں سیڈیافتہ سیرینا نے ۷؍ویں سیڈیافتہ  بیلاروس کی ارینا سبالینکا کو ۲؍ گھنٹے ۹؍ منٹ میں۴۔۶،۶۔۲، ۴۔۶؍ سے شکست دی۔ سیرینا نے فیصلہ کن سیٹ میں بریک حاصل کرتے ہوئے ایک ۔۳؍کی برتری حاصل کرلی۔ سبالینکا نے بھی بریک حاصل کیا اور پھر اسکور  ۴۔۴؍سے برابر رہا۔ سیرینا نے اپنی سروس برقرار رکھتے ہوئے  ۴۔۵؍ کی برتری حاصل کی۔۱۰؍ ویں گیم میں سبالینکا دباؤ میں ڈبل فالٹ کرکے  اپنی سروس گنوا بیٹھیں اور میچ بھی ہار گئیں۔ یو ایس اوپن چمپئن  اور تیسری سیڈیافتہ اوساکا نے ۲؍ میچ پوائنٹ بچانے کے بعد۱۴؍ ویں سیڈ یافتہ اسپین کی گاربائن مگوروزا کو۶۔۴، ۴۔۶، ۵۔۷؍ سے شکست دے کر آخری ۸؍ میں  جگہ بنالی  ہے۔ اوساکا نے  یہ مقابلہ ایک گھنٹہ ۵۵؍منٹ میں جیت لیا۔ مگوروزا کے پاس میچ جیتنے کا سنہری موقع تھا لیکن  انہوں نے اسے گنوا دیا ۔ اوساکا کا کوارٹرفائنل میں تائیوان کی۳۵؍ سال کی کھلاڑی سوویئی سے مقابلہ ہوگا جو پہلی مرتبہ کسی گرینڈ سلیم کے کوارٹرفائنل میں پہنچی ہیں۔ سووئی نے چیک جمہوریہ کی مارکیٹا ووندروسووا کوصرف۶۸؍ منٹ میں۴۔۶، ۲۔۶؍ سے ہرا دیا۔ مردوں کے زمرے کے ایک بڑے الٹ پھیر میں   تیسری سیڈیافتہ ڈومینک تھیم کو۱۸؍ ویں سیڈ بلغاریہ کے گریگور دیمیتروف نے ۲؍ گھنٹے اور ایک منٹ میں۴۔۶، ۴۔۶، صفر۔۶؍سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ دیمیتروف کا اگلا مقابلہ روسی کوالیفائر اسلن کاراتسیف سے ہوگا۔ اپنے پہلے گرینڈ سلیم میں ۲۷؍ سالہ کاراتسیف نے۲۰؍ ویں سیڈ کینیڈا کے فيلكس اوجر الياسيم کو ۳؍ گھنٹے ۲۵؍ منٹ تک جاری رہنے والے ۵؍ سیٹوں  کے مقابلے میں۶۔۳، ۶۔۱، ۳۔۶، ۳۔۶، ۴۔۶؍   سے شکست دی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK