Inquilab Logo

سرجیو اگیوروکا ۱۰؍سال کے بعدمانچسٹر سٹی فٹبال کلب کو خیرباد کہنے کافیصلہ

Updated: March 31, 2021, 2:53 PM IST | Agency | Manchester

کلب کے ٹاپ اسکورر نے اس سیزن کے اختتام پرکلب چھوڑنے کااعلان کیا۔ گزشتہ چند مہینوں سے زخمی ہونے کی وجہ سے پریشان

Sergio Aguero.Picture:INN
سرجیو اگیورو۔تصویر :آئی این این

 سرجیو اگیوروجومانچسٹر سٹی فٹبال کلب کے ریکارڈ گول اسکورر ہیں، نے ۱۰؍سال کے بعد انگلش کلب کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا اس سیزن کے اختتام پر معاہدہ ختم ہونے والا ہے ۔ یہ سیزن ان کا مانچسٹر سٹی میں آخری سیزن ہے۔ارجنٹائنا سے تعلق رکھنے والے ۳۲؍ سالہ کھلاڑی اگیورو نے سٹی کیلئے ۲۵۷؍گول کئے ہیں۔ ان کا سب سے یادگار گول ۱۲۔۲۰۱۱ء کے سیزن کا ہے جب انہوںنے میچ راؤنڈ کے آخری روز کوئنس پارکس رینجرس کلب کے خلاف گول کرکے ٹیم کو ۴۴؍برس کے بعد ای پی ایل کا چمپئن بنایاتھا۔    دُبئی سے تعلق رکھنے والے مالکان کے کلب کی ترقی میں اگیورو کا اہم رول رہا ہے  اور ان کی وجہ سے یہ کلب یورپ کے بہترین کلبوں میں شامل ہواہے تاہم گزشتہ چند برسوں سے اگیورو انجری کی وجہ سے پریشان ہیں اور اپنی ٹیم کی جانب سے زیادہ مقابلوں میں بھی شرکت نہیں کرپائے ہیں۔ انہوں نے اس سیزن کے سبھی ٹورنامنٹ کے ۱۴؍ میچوں ہی میں شرکت کی ہے۔۱۳؍مارچ کو انہوںنے فلہم فٹبال کلب کے خلاف پنالٹی پر گول کرکے ای پی ایل میں اپنا ۱۸۱؍واں گول کیا تھا۔ وہ جنوری ۲۰۲۰ء کے بعدفرسٹ ڈویژن کے ٹورنامنٹ میں شامل ہوئے تھے۔ 
 پیر کو اگیورو نے اپنے ٹویٹر  اکاؤنٹ پر اپنے ۱۴؍ملین فالوورس کو کہا کہ انہیں سٹی کی جانب سے کھیلنے پر فخر ہے اور وہ اپنے کریئر سے مطمئن ہیں۔ وہ اعلیٰ سطح پر کھیلنے کیلئے بھی تیار ہیں۔ کلب کے چیئرمین خلدون المبارک  نے کہاکہ کلب کیلئے اگیورو کی خدمات  کا اظہار کرنے کیلئے الفاظ نہیں مل رہے ہیں۔ کلب ان کا شکریہ ادا کرتاہے۔ انہوںنے کلب کیلئے ۱۰؍سال تک جو کچھ کیا وہ کبھی بھولا نہیں جائے گا۔ 
 مبارک نے مزید کہاکہ ڈیو ڈ سلوااور ونسینٹ کومپنی کی کے مجسمہ کی طرح ان کا بھی مجسمہ مانچسٹر سٹی کے اسٹیڈیم میں نصب کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ ۲۰۱۱ء میں اگیورو نے ایٹلیٹیکو میڈرڈ سے مانچسٹر سٹی میں داخلہ لیا تھا۔ اگیورو سٹی کلب کیلئے سبھی ٹورنامنٹ کے ہرسیزن میںکم از کم ۲۸؍ گول کرنے میں کامیاب رہے تھے اور یہ کارنامہ انہوں نےمسلسل ۶؍برس تک  جار ی رکھا تھا۔ وہ ای پی ایل کے سب سے زیادہ گول کرنے والے غیرملکی کھلاڑی ہیں۔ وہ لیگ میں سب سے زیادہ گول کرنے والوں کی فہرست میں چوتھے نمبرپر ہیں۔ ان سے پہلے ایلن شیریئر (۲۶۰؍گول)،وین رونی (۲۰۸؍ گول) اور اینڈی کول (۱۸۷؍گول) ہیں۔ اگیورو  نے ا ب تک ۱۸۱؍گول کئے ہیں۔ 
 اگیورو نے پریمیر لیگ میں سب سے زیادہ ہیٹ ٹرک بھی کی ہیں جن کی تعداد ۱۲؍ ہے۔اگیورو نے کہاکہ اس کلب سے محبت کرنے والے افراد ہمیشہ میرے دل میں رہیں گے۔ میں بقیہ سیزن میں کلب کے ساتھ ہوں  اور کلب کی جانب سے زیادہ سے زیادہ ٹرافیز جیتنے کی کوشش کروں گا۔میں چاہوں گاکہ میں کلب کے شائقین کوزیادہ خوشی فراہم کروں۔ اس کے بعد میرے کریئر کے نئے چیلنج کا آغاز ہوگا۔   خیال رہے کہ اگیورو نے ۴؍مرتبہ پریمیر لیگ کا خطاب جیتاہے، ۵؍مرتبہ وہ لیگ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے۔ اپنے کریئر میں انہوںنے ایک بارایف اے کپ جیتا ہے۔ اس بار مانچسٹر سٹی کے پاس ایک ہی سیزن میں ۴؍خطاب جیتنے کا سنہرا موقع ہے۔ سٹی کی ٹیم پریمیر لیگ میں ۱۴؍پوائنٹس کی برتری لئے ہوئے ہے۔ وہ ایف اے کپ کے سیمی فائنل میں ہے۔ انگلش لیگ کے فائنل میں سٹی موجود ہے۔ مانچسٹر سٹی فٹبال کلب چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل میں بھی داخل ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK