Inquilab Logo

لیورپول کیخلاف ۷؍اور یونائٹیڈ کیخلاف ۶؍گول ہوئے

Updated: October 06, 2020, 10:51 AM IST | Agency | Liverpool

ای پی ایل میں  لیورپول کو ایسٹن ولا نے ۲۔۷؍ سے شکست دی اور مانچسٹر یونائٹیڈ کو ٹوٹنہم ہاٹسپر نے ۱۔۶؍ سے ہرا دیا

Liverpool Star Mohamed Salah Looks Disappointed With The Other Players After The Defeat. Picture:INN
لیورپول کے اسٹار محمد صلاح شکست کے بعد دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ مایوس نظر آرہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) کے ۲؍مضبوط فٹبال کلب لیورپول اور مانچسٹر یونائٹیڈ کو اتوار کی رات شرمناک شکست کا سامنا کرناپڑا ۔ دفاعی چمپئن لیورپول کو ایسٹن ولا نے اپنے گھریلو میدان پر ۲۔۷؍ سے ہرادیا  اور یونائٹیڈ کو اپنے گھریلو میدان پر ٹوٹنہم کے ہاتھوں ۱۔۶؍  سے شکست برداشت کرنی پڑی۔  گزشتہ سیزن میں ایسٹن ولا ای پی ایل سے باہر ہونے والا تھا لیکن اس سیزن میں اس نے اچھی شروعات کرتےہوئے لیورپول جیسے مضبوط کلب کو ۲۔۷؍ سے ہراکر اس کے اعتماد کو متزلزل کردیاہے۔ رینک کے حساب سے بھی لیورپول کو ایک کمزور کلب سے شرمناک شکست کا سامنا کرناپڑا ۔ گزشتہ ۶۷؍ برس میں ای پی ایل کے کسی بھی دفاعی چمپئن کو اس طرح کی شرمناک ہار کاسامنانہیں کرنا پڑا ہے۔ گزشتہ ۵۷؍برس میں لیورپول کی یہ سب سے خراب شکست ہے۔  اتوار کی دیر رات ہونے والے میچ میں لیورپول کی جانب سے دونوں گول محمد صلاح نے کئے۔ انہوں نےپہلا گول ۳۳؍ویں اور دوسرا گول ۶۰؍ویں منٹ میں کیا۔ ایسٹن ولا کے اولی واٹکنس نے ہیٹ ٹرک کی جبکہ ۲؍گول کپتان جیک گرلیش نے کئے۔ روس بارکلے اور جان میک گن نے ایک ایک گول کا تعاون دیا۔اس میچ میں سادیو مانے نہیں تھے جس کی وجہ سے لیورپول کی ٹیم تھوڑی کمزور نظر آئی۔ اس شکست کے بعد لیورپول کی ٹیم ای پی ایل کے ٹیبل میں ۵؍ویں نمبر پر ہے۔دوسری طرف ایسٹن ولا نے دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ میچ کے بعد لیورپول کے منیجر یورگین کلوپ نے کہا ’’میچ کے دوران ہم نے پلاٹ گنوا دیا تھا۔ یہ شکست تعجب خیز ہے۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے گول کے پاس بہت سی غلطیاں کیں جس کا خمیازہ ہمیں بھگتنا پڑا۔ ہمیں اگلے میچ میں ان غلطیوں سے دور رہنا ہوگا۔ 
 اتوار ہی کو ہونے والے ایک اور میچ میں مانچسٹر یونائٹیڈ کو اپنےہی میدان اولڈ ٹریفورڈ پر ایک۔۶؍ کی ہار سے ہزیمت برداشت کرنی پڑی۔یونائٹیڈ نے میچ کی شروعات اچھی کی تھی اور دوسرے ہی منٹ میں گول کرکے اسکور صفر۔ ایک کردیاتھا۔ برونو فرنانڈیس نے پنالٹی کو گول میں تبدیل کرکے یونائٹیڈ کو برتر ی دلائی۔ پہلے گول کے بعد ٹوٹنہم ہاٹسپر کے کھلاڑیوں نے یونائٹیڈ کے دفاع کو منتشر کردیا اور یکے بعد دیگرے ۶؍گول کردئیے۔ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی ہیری کین نے پہلے اور دوسرے ہاف میں ایک ایک گول کیا۔ ہینگ من سن نے بھی ۲؍گول کئے اور یہ دونوں گول انہوں نے فرسٹ ہاف میں کئے۔ ان دونوں کے علاوہ ٹینگوئے اینڈومبیلے اور سرگئی آریری نے ایک ایک گول کیا۔ میچ کے ۲۸؍ویں منٹ میں یونائٹیڈ کے انتھونی مارشل کو ریڈ کارڈ ملا اور وہ میدان سے باہر ہوگئے۔ یونائٹیڈ نے ۱۰؍ کھلاڑیوں کے ساتھ میچ پوراکیا اور اس کا پورا فائدہ ٹوٹنہم کے کھلاڑیوں نے اٹھایا۔  اس جیت کے بعد ٹوٹنہم کے ۴؍میچوں میں ۷؍پوائنٹس ہوگئے ہیں اور وہ چھٹے نمبرپر ہے۔ مانچسٹر یونائٹیڈ کے اس شکست کے بعد۳؍میچوں میں ۳؍پوائنٹس  ہیں اور وہ ٹیبل میں ۱۶؍ویں نمبر پر ہے۔  میچ کے بعد ٹوٹنہم کے منیجر جوزے مورنہو نے کہاکہ ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی سے بہت خوش ہوں۔ ہم نے نئے سیزن کا اچھا آغاز کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK