Inquilab Logo

مجھے گیندبازی آل راؤنڈر کہاجاسکتاہے : شاردل

Updated: January 23, 2021, 12:02 PM IST | Agency | Mumbai

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں گینداور بلے سے بہتر کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے شاردل ٹھاکر نے کہا : میں بلے بازی بھی کرسکتاہو ںاور مستقبل میں بیٹنگ کا موقع ملتا ہے تو میں ٹیم انڈیا کو بڑا اسکور کرنے میں مدد کروں گا

Shradul Thakur - Pic : INN
شاردل ٹھاکر ۔ تصویر : آئی این این

شاردل ٹھاکر نے ۲؍ سال قبل ٹیسٹ میں آغاز کرنے کے بعدصحیح کامیابی حال ہی میں ختم ہونے والے آسٹریلیائی دورے میں پائی ہے۔پال گھر سے تعلق رکھنے والے  تیز گیندبازنے برسبین میں آسٹریلیا کے خلاف اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیاتھا۔  انہوں نے بولنگ کے ساتھ بیٹنگ بھی کی تھی۔ شاردل نے میچ میں ۷؍ وکٹ  لئے  اور وہ ۸؍ویں نمبر پر ہندوستان کی پہلی اننگز میں۶۷؍ رن کے ساتھ میچ میں ٹاپ اسکورر بھی رہے۔ انہوں نے واشنگٹن سندر کے ساتھ ۱۲۳؍رن کی شراکت کرکے  مہمان ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا تھا۔
  شاردل نے اپنے کریئر کاآغاز۲۰۱۸ء میں کیا تھا لیکن وہ انجری کے سبب صرف۱۰؍ گیند بولنگ کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ۷؍ نصف سنچری بنانے والے شاردل نے کہا ’’ہاں ، مجھے گیندبازی آل راؤنڈر کہا جاسکتا ہے ، میں بلے بازی کی بھی  صلاحیت رکھتا ہوں اور یہاں تک کہ مستقبل میں جب بھی مجھے بیٹنگ کا موقع ملے گا ، میں ٹیم انڈیا کیلئے زیاد ہ رن بناؤں گا۔ ٹیم کے اسکور کے لئے مفید  شراکت کروں گا۔ 
 شاردل کے پاس برسبین میں دوسری اننگز میں ۵؍ وکٹ  لے کر اس کارکردگی کو زیادہ  یادگار بنانے کا موقع تھا لیکن وہ اس سے محروم ہونے پر ناخوش نہیں ہیں بلکہ ساتھی تیز گیندباز محمد سراج کے لئے خوش ہیں جنہوں نے اننگز میں ۵؍ وکٹ لئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ  دوسری اننگز میں ۵؍ وکٹ لینے کا موقع گنوانے کامجھے افسوس نہیںہے۔ اچھا ہوتا اگر میں نے ۵؍ وکٹ لئے ہوتے اس کے باوجود میں سراج کے لئے خوش ہوں۔ میں نے ان کیلئے دعا کی تھی کیونکہ  وہ مشکل وقت کا سامنا کر رہے تھے۔ میں نے دعاکی تھی کہ وہ ۵؍وکٹ لیں۔ شاردل نے کہا کہ یہ ان کے لئے ایک جذباتی سیریز تھی۔ سبھی کو معلوم ہے کہ سیریز کے آغاز سے قبل ہی   ان کے والدکا  انتقال ہوا تھا ۔ 
 انہوں نے بتایا کہ سراج کے  والد چاہتے تھے  کہ وہ کرکٹ کھیلیں۔ ہوسکتا ہے کہ وہ اس دنیا میں موجود نہ ہوں لیکن وہ جہاں بھی  ہوں سراج کو  دیکھ رہے ہوں  اور ۵؍وکٹ ملنے کی ان کو بھی خوشی ہوئی ہوگی۔  انہوں نے کہاکہ  لہٰذا جب میں نے کیچ پکڑا تو میں بہت خوش تھا۔ میں نے کہاکہ  خدا کا شکر ہے کہ سراج نے ۵؍ وکٹ لے لئے۔ شاردل اپنی کارکردگی سے کافی مطمئن ہیں اور۲۹؍ سالہ اس کرکٹر نے کہا کہ یہ ایک خاص کارکردگی ہے کیونکہ انہوں نے مشکل حالات اور مضبوط حریف  کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا۔ میچ میں ۱۵۵؍ رن دے کر ۷؍ وکٹ لینے والے شاردل جب پہلی اننگز میں بیٹنگ کرنے آئے تواس وقت ہندوستان کے ۱۸۶؍رن پر ۶؍وکٹ  ہوچکے تھے اور  ہندوستان مشکل  میںپڑ گیاتھا۔انہوںنے کہاکہ  میرے خیال میں جب میں پہلی اننگز میں بیٹنگ کرنے آیا تھا تو میرا کردار بالکل واضح تھا۔ ہم ایک مشکل صورتحال میں تھے۔ ہم نے۱۸۶؍ رن پر ۶؍ وکٹ گنوا دیئے تھے اور اس وقت کا منصوبہ یہ تھا کہ مجھے اور واشنگٹن سندر کو زیادہ سے زیادہ وقت تک بیٹنگ کرنا تھا۔ ہم بالکل بھی اسکور بورڈ کی طرف نہیں دیکھ رہے تھے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK