Inquilab Logo

پوری ٹیم متاثر ہونے کے خیال سے بہت خوفزدہ تھی: شاردُل ٹھاکر

Updated: September 18, 2021, 11:26 AM IST | Agency | New Delhi

ہندوستان کے نوجوان تیزگیندباز شاردُل ٹھاکر نے کہا ہے کہ اسسٹنٹ فزیو یوگیش پرمار کے کووڈ۱۹؍ سے متاثر ہونے کے بعد پوری ٹیم کوروناوائرس سے متاثر ہونے کے خیال سے بہت خوفزدہ تھی۔ تیز گیندبازٹھاکر نے کہا کہ فزیو تقریباً تمام کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں تھے اور جب وہ مثبت پائے گئے تو پوری ٹیم میں خوف کا ماحول تھا۔

Shardul Thakur .Picture:INN
شاردُل ٹھاکرتصویر: آئی این این

 ہندوستان کے نوجوان تیزگیندباز شاردُل ٹھاکر نے کہا ہے کہ اسسٹنٹ فزیو یوگیش پرمار کے کووڈ۱۹؍ سے متاثر ہونے کے بعد  پوری ٹیم کوروناوائرس سے متاثر ہونے کے خیال سے بہت خوفزدہ تھی۔ تیز گیندبازٹھاکر نے کہا کہ فزیو تقریباً تمام کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں تھے اور جب وہ مثبت پائے گئے  تو پوری ٹیم میں خوف کا ماحول تھا۔ شاردُل ٹھاکر نے ایک انگریزی اخبار کو بتایا ’’ہم اس بات سے پریشان تھے کہ کیا ہوگا ، کون متاثر ہوگا؟ کیونکہ پرمار نے سبھی کا علاج کیا تھا۔ ہم نہیں جانتے تھے کہ چیزیں کیسے آگے بڑھیں گی کیونکہ اس انفیکشن کو ٹریک کرنا ناممکن  ہے۔ اگلے ۴۔۵؍ دن  ہمارے لئے غیر محفوظ  تھے کیونکہ  خوف تھا کہ یہ میرے ساتھ بھی ہو سکتا ہے یا کسی اور کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔ ہر کوئی اپنے اور اپنے خاندان کے بارے میں فکر مند تھا۔ مانچسٹر میں پانچواں اور آخری ٹیسٹ ہندوستانی ٹیم کے بایو ببل میں کووڈ۱۹؍ کے پھیلنے کی وجہ سے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔۱۰؍ ستمبر کو مقررہ  ٹاس کے وقت سے چند گھنٹے پہلے ، خبر آئی کہ پرمار کا کووڈ۱۹؍ ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ پرمار کو چوتھے ٹیسٹ کے بعد زیادہ محنت کرنا پڑی کیونکہ دی اوول میں ہندوستان کے ہیڈکوچ روی شاستری  کے قریبی رابطے کے طور پر پہچانے جانے کے بعد ٹیم کے چیف فزیو نتن پٹیل آئیسولیشن میں تھے۔ وہیں گیندبازی کوچ بھرت ارون، فیلڈنگ کوچ اور شری دھر بھی اس وقت پر کووڈ سے متاثر پائے گئے تھے۔ پانچواں ٹیسٹ ملتوی ہونے سے پہلے  ٹھاکر گیند اور بلے سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے تھے اور ہندوستانی ٹیم سیریز میں ایک ۔۲؍سے آگے تھی۔ تیز گیندباز ٹھاکر کی اوول میں ۲؍ نصف سنچریوں کی مدد سے ہندوستان نے وہ میچ ۱۵۷؍ رن  سے جیت لیا تھا۔ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ اور انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ یہ میچ اگلے سال شیڈول کیا جا سکتاہے ۔ انگلینڈ بورڈ نے یہاں تک کہہ دیا تھا کہ اس میچ کا تعلق سیریز کے فیصلہ سے نہیں ہوگا اور ہندوستان ایک۔۲؍ سے آگے رہے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK