Inquilab Logo

روہت اور ایشانت کا ٹیسٹ کھیلنا مشکل : شاستری

Updated: November 24, 2020, 11:06 AM IST | Agency | Sydney

ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ نے کہا : اگر دونوں کھلاڑی ایک ہفتے کے اندر آسٹریلیا کیلئے روانہ ہوں گے تو ان کے حق میں بہتر ہوگا

Rohit Sharma.Picture :INN
روہت شرما۔ تصویر:آئی این این

ہندوستانی ٹیم کے کوچ روی شاستری نے کہاکہ بلے باز روہت شرما اور تیز گیند باز ایشانت شرما کو اگر آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانی ہے تو انہیں ہفتہ کے اندر ہندوستان سے آسٹریلیا روانہ ہونا ہوگا۔ روہت اور ایشانت دونوں اس وقت بنگلور  میں واقع نیشنل کرکٹ اکیڈمی   میں اپنا ری ہیب مکمل کررہے ہیں۔ اس ماہ ختم ہونے والے آئی پی ایل کے دوران روہت کو ہیمسٹرنگ کی چوٹ لگ گئی تھی جبکہ ایشانت شرماکی پسلیوں میں کھینچاو کا مسئلہ تھا۔ ایشانت آئی پی ایل کے درمیان میں ہی وطن واپس آگئے تھے جبکہ روہت پانچواں خطاب جیتنے کے بعد واپس آئے تھے۔ روی شاستری نے اے بی سی اسپورٹس سے بات چیت میں کہا کہ میں  وہ این سی اے میں اپنا ری ہیب مکمل کررہے ہیں۔ این سی اے ہی واضح کرسکے گا کہ انہیں ابھی مزید کتنے دن لگیں گے لیکن اگر وقت زیادہ لگتا ہے تو ان کا آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز میں کھیلنے کاخواب ٹوٹ سکتا ہے۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان۱۷؍دسمبر سے بارڈر۔گاوسکر ٹرافی کی شروعات ہونےوالی  ہے لیکن اس سے پہلے ٹیم ۱۱؍دسمبر سے ۳؍ دنوں کے ایک مشقی میچ میں حصہ لے گی۔ کووڈ۱۹؍کے پیش نظر قرنطین ضابطوں کے مطابق کھلاڑیوں کو آسٹریلیا پہنچنے پر ۱۴؍روز کا  قرنطینہ مکمل کرنا ہے۔ایسے میں روہت شرما اور ایشانت شرما کو مشقی  میچ  میں حصہ لینے کے لے دسمبر کو اپنا  کوارنٹائن مکمل کرلینا ہوگا جس کے لئے انہیں ۲۶؍نومبرکو آسٹریلیا پہنچ جانا ہوگا۔
  روی شاستری نے روہت کے محدود اوورس کی سیریز میں حصہ نہیں بننے  کے تعلق  سے کہا کہ وہ کبھی بھی محدود اوورس  کی   سیریز نہیں کھیلنے والے تھے۔ وہ صرف یہ دیکھنا چاہتے تھے کہ انہیں کتنے دنوں تک آرام کی ضرورت ہے کیونکہ آپ زیادہ دیر تک آرام نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہاکہ انہیں ٹیسٹ میچ میں کھیلنا ہے تو ۳۔۴؍دنوں کے اندر فلائٹ پکڑنی ہوگی، ورنہ چیزیں مشکل ہوجائیں گی جوکہ ان کے حق میں نہیں ہوں گی۔ آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں ہندوستانی ٹیم کے پاس ایک اور سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کی پہلے میچ کے بعد گھر واپسی ہے۔ وراٹ  پیٹرنیٹی چھٹی کے پیش نظر ایڈیلیٹ ٹیسٹ کے بعد وطن واپس چلے جائیں گے۔ وراٹ کے واپس آنے کے بعد ہندوستان کو اپنے بلے بازی کمبی نیشن پر کافی محنت کرنی ہوگی۔ روی شاستری نے کہا کہ میرے حساب سے وراٹ نے صحیح فیصلہ کیا ہے۔ ایسے لمحے زندگی میں بار بار نہیں آتے ہیں۔ ان کے پاس موقع ہے اور وہ واپس جارہے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ اس کے لئے بہت پرجوش ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ روہت شرما اور ایشانت شرما کی غیر موجودگی میں ہم نوجوان کھلاڑیوں کو آزما سکتے ہیںجوکہ ٹیم کیلئے اچھا ہوگا۔ اس سے ایک اچھی ٹیم بنانے میں مدد ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ امید ہے کہ روہت شرما جلد ہی فٹنیس حاصل کرلیں گے۔ خیال رہے کہ آئی  پی ایل  فائنل کے ایک روز بعد ہی بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی نے روہت کی فٹنیس کے تعلق سے بیان دیا تھا کہ  وہ ۷۰؍فیصد فٹ ہیں اور ان کی ہیمسٹرنگ کی چوٹ اب تک پوری طرح ٹھیک نہیں ہوئی ہے اور اس کو وقت لگے گا۔   ایڈیلیڈ میں دن رات کے پہلے ٹیسٹ کے لے ہیڈ کوچ روی شاستری نے کہاکہ ہمارے پاس بنگلہ دیش کے خلاف دن رات کا میچ کھیلنے کا اچھا تجربہ ہے۔ لیکن بلاشبہ آسٹریلیا اور بنگلہ دیش میں زمین آسمان کا فرق ہے اور ہماری ٹیم کے لئے ابھی یہ ایک سیکھنے والا تجربہ ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK