Inquilab Logo

شکھا پانڈے۱۴؍ماہ بعد ٹیم انڈیا میں شامل

Updated: December 30, 2022, 3:58 PM IST | Mumbai

ٹی۔۲۰؍ویمنز ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان،ہرمن پریت کور ٹیم کی کپتان برقرار،سہ رخی سیریز کیلئے بھی ٹیم کا اعلان کیا گیا

photo;INN
تصویر :آئی این این

ہندوستانی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) نے آئندہ سال فروری میں ہونے والے خواتین کے  ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ خواتین کی سینئر ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے عالمی کپ کیلئے ۱۵؍رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا۔ ہرمن پریت کور کی کپتانی میں ٹیم انڈیا۲۰۲۰ءورلڈ کپ کی طرح اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے ارادے سے اترے گی اور پہلا خطاب جیتنے کی کوشش کرے گی۔
  قابل ذکر ہے کہ  اس  ٹیم میں زیادہ تر وہی کھلاڑی شامل  ہیں  جنہوںنے حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف ۵؍میچوں کی سیریز کھیلی تھی۔ سلیکٹروں نے تجربہ کار تیز گیند باز شکھا پانڈے کو تقریباً  سوا سال(۱۴؍ماہ)  بعد دوبارہ ٹیم میں منتخب کرکے سب کو حیران کردیا  ہے۔  یاد رہے کہ ٹی ۔۲۰؍ ورلڈ کپ ۱۰؍فروری سے جنوبی افریقہ میں شروع ہو رہا ہے۔ آخری ورلڈ کپ ۲۰۲۰ءمیں کھیلا گیا تھا جس میں ہندوستانی ٹیم نے فائنل تک کا سفر طے کیا تھا۔ اسے فائنل میں آسٹریلیا سے شکست کا  سامنا کرنا پڑا تھا۔ 
 اس بار ہندوستانی ٹیم اس آخری رکاوٹ کو بھی عبور کرنا چاہے گی اور یہی وجہ ہے کہ سلیکٹروں نے اتنے بڑے ٹورنامنٹ کیلئے تجربے کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا اور شکھا پانڈے کو واپس بلایا ہے۔۳۳؍سالہ شکھا پانڈے پچھلے ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ میں ہندوستان کی نمبر ایک  تیز گیندباز تھیں۔ انہوں نے۵؍میچوں میں ۷؍وکٹیں حاصل کی تھیں۔ تاہم زیادہ تر ہندوستانی گیند بازوں کی طرح، فائنل بھی ان کیلئے اچھا نہیں رہا تھا۔ 
 کورونا وائرس کی وباء کے  دوران کرکٹ کی واپسی ہوئی تو  شکھا کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں تھی۔  اکتوبر ۲۰۲۱ء میں آسٹریلیا کے دورے پر ٹی ۔۲۰؍ سیریز کے بعد انہیں ٹیم سے  باہر کر دیا گیا اور انہیں کسی فارمیٹ میں موقع نہیں  ملا۔
  تجربہ کار لیگ اسپنر پونم یادو جو گزشتہ ٹی۔۲۰؍ ورلڈ کپ میں ہندوستانی  گیندبازی کی ا سٹار تھیں، اس بار  ٹیم میں جگہ نہ بنا  سکیں۔ طویل عرصے سے ٹیم سے باہر  رہنے والی  پونم کی جگہ دیویکا ویدیا کو اس بار ترجیح دی گئی ہے، جنہوں نے حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف۵ ؍ میچوں کی  ٹی۔۲۰؍سیریز سے طویل عرصے بعد ٹیم انڈیا میں واپسی کی ہے۔ ان کے علاوہ انجلی سروانی کو بھی برقرار رکھا گیا ہے لیکن اسپن آل راؤنڈر  اسنہا  رانا کو  جگہ نہیں ملی ہے۔انہیں تیز گیند باز میگھنا سنگھ اور بلے باز شبینی میگھنا کے ساتھ ریزرو میں رکھا گیا ہے۔ساتھ ہی فٹنس کے مسئلے سے دوچار اسٹار آل راؤنڈر پوجا وستراکر کو بھی شامل کیا گیا ہے لیکن ان کا کھیلنا فٹنس پر منحصر ہوگا۔
 سہ رخی سیریز کیلئے بھی ٹیم کا  اعلان
  ورلڈ کپ میں ہندوستان کی مہم کا آغاز ۱۲؍ فروری کو پاکستان کے خلاف ہوگا۔ تاہم ورلڈ کپ سے عین قبل ہندوستانی ٹیم جنوبی افریقہ میں ہی سہ  رخی سیریز کھیلے گی۔ اس سیریز میں میزبان ٹیم جنوبی افریقہ کے علاوہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی اس کے سامنے ہوگی۔ یہ سلسلہ ۱۹؍جنوری سے ۲؍فروری تک چلے گا۔ اس سیریز کیلئے  بھی  ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اس میں ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے علاوہ کچھ اور نام بھی شامل کئے گئے ہیں۔  شیفالی ورما اور ریچا گھوش اس سیریز میں نہیں ہوں گی کیونکہ یہ دونوں اس وقت انڈر ۔۱۹؍  ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گی۔ ایسے میں تجربہ کار وکٹ کیپر سشما ورما کو بھی طویل عرصے بعد واپس بلایا گیا ہے۔
ٹیم اس طرح ہے:ہرمن پریت کور(کپتان)،اسمرتی مندھانا (نائب کپتان)،شیفالی ورما،یشتیکا بھاٹیا،رچا گھوش،جمیما راڈریکس،ہرلین دیول،دیپتی شرما،دیویکا ویدیا،رادھا یادو،رینوکا تھاکر،انجلی روانی،پوجا ستراکر،راجیشوری گائیکواڑ،شکھا پانڈے۔ (ریزرو:میگھنا،اسنیہا رانا اورمیگھنا سنگھ)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK