تربیتی کیمپ ۱۵؍ اکتوبر سے۱۴؍ دسمبر تک جاری رہے گا۔۱۵؍شوٹرس کے ساتھ چند ٹرینر بھی شریک ہو ںگے
EPAPER
Updated: October 11, 2020, 1:20 PM IST | Agency | New Delhi
تربیتی کیمپ ۱۵؍ اکتوبر سے۱۴؍ دسمبر تک جاری رہے گا۔۱۵؍شوٹرس کے ساتھ چند ٹرینر بھی شریک ہو ںگے
اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا (سائی ) نے دارالحکومت کے ڈاکٹر کرنی سنگھ شوٹنگ رینج میں ٹوکیو اولمپکس کے لئے کور گروپ شوٹرس کیلئے ۲؍ ماہ کے نشانہ بازی تربیتی کیمپ کو منظوری دے دی ہے۔ یہ تربیتی کیمپ ۱۵؍ اکتوبر سے۱۴؍ دسمبر تک جاری رہے گا۔
کیمپ میں ۳۲؍شوٹر (۱۸؍ مرد اور۱۴؍ خواتین) ،۸؍ ٹرینر ،۳؍غیر ملکی ٹرینر اور دو معاون عملہ شامل ہوں گے۔ اولمپک کوٹہ حاصل کرنے والے تمام ۱۵؍ شوٹرس کیمپ میں حصہ لیں گے۔ اس تربیتی کیمپ پر کل۱ء۴۳؍ کروڑ روپے لاگت آئے گی۔اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا نے ایک بیان میں کہا کہ اولمپکس جیسے مقابلے کی تیاری کا لازمی حصہ ہونے کی وجہ سے اس کے لئے کیمپ لگانا ضروری ہے۔ یہ تربیتی کیمپ سائی کے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کی ہدایات کے ساتھ منعقد کیا جائے گا۔
ورلڈ شوٹنگ چمپئن شپ ۲۰۱۷ء میں چاندی کا تمغہ جیت کر ٹوکیو اولمپکس کے لئے کوٹہ حاصل کرنے والی رائفل شوٹر انجم مدگل نے کہا کہ ایس اے آئی اور نیشنل رائفل اسوسی ایشن آف انڈیا (این آر اے آئی) کے کیمپ کو منعقد کرنے کے فیصلے نے ہمیں ضرورت کی مشق کرنے میں مدد ملے گی کیونکہ اولمپک کھیلوں میں ابھی صرف ۱۰؍ ماہ باقی ہیں۔ کیمپ کے ماحول میں شوٹنگ کے باقاعدگی سے مشق کرنے سے ہمیں یہ جاننے کا بہتر موقع ملے گا کہ ہم اس وقت اپنے کھیل کے کس مرحلے پر ہیں۔
کورونا وائرس کی وبا کے دوران شوٹر اپنے اپنے حدود میں مشق کر رہے ہیں اور لاک ڈاؤن کا اعلان ہونے کے بعد اولمپک کے ممکنہ کور گروپ کا یہ پہلا پورا کیمپ ہوگا۔ قومی ٹیم کے کوچ کیمپ میں شوٹرس کی پیش رفت پر نظر رکھیں گے اور اولمپک تیاریوں میں کھلاڑیوں کی مدد کریں گے۔
مردوں کے۱۰؍ میٹر ایئر رائفل مقابلوں میں دنیا کے پہلے نمبر پر آنے والے کھلاڑی دیویش سنگھ پنوار قومی تربیت کاروں کے ساتھ کیمپ میں لوٹنے کے لئے بے چین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ میں لاک ڈاؤن کے بعد سے ہی تربیت حاصل کر رہا ہوں لیکن تمام ساتھی شوٹرس کے ساتھ کیمپ میں تربیت بہت کارآمد ثابت ہوگی۔ قومی تربیت کاروں کے ساتھ ہماری پیش رفت کی نگرانی کے ساتھ بہتر تیاری کے لئے میں اس کیمپ کا منتظر ہوں۔
نیشنل رائفل اسوسی ایشن آف انڈیا کے صدر رن اندر سنگھ نے اس کیمپ کے بارے میں کہا کہ ہمارے شوٹر لاک ڈاؤن کے دوران گھر میں تربیت حاصل کرتے رہے ہیں لیکن کیمپ میں مل کر تربیت لینے میں انہیں بہت مدد ملے گی۔ ہمیں بہت خوشی ہے کہ سائی نے اس ۲؍ ماہ کے تربیتی کیمپ کی منظوری دے دی ہے۔ اس کیمپ سے ہمارے شوٹرس کو لاک ڈاؤن کا اعلان ہونے سے پہلے اپنی کارکردگی کی سطح دوبارہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ہندوستان نے ابھی تک ٹوکیو اولمپک کھیلوں کی شوٹنگ میں ریکارڈ۱۵؍ کوٹہ مقامات جیتے ہیں اور عالمی درجہ بندی کی بنیاد پر کوٹہ میں مزید مقامات مل سکتے ہیں۔