Inquilab Logo

سراج اور آر اشون نے نیوزی لینڈ کی بلے بازی کو نیست و نابود کردیا

Updated: December 05, 2021, 6:54 AM IST | Mumbai

کیوی ٹیم ممبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ۶۲؍رن پرڈھیر۔ سراج نے ۳؍ اور اشون نے ۴؍وکٹ لئے۔ اعجاز پٹیل نے پرفیکٹ ۱۰؍وکٹ لئے

Siraj.Picture:INN
سراج تصویر آئی این این

ورلڈ ٹیسٹ چمپئن نیوزی لینڈ کی ٹیم  اپنے بائیں ہاتھ کے اسپنر اعجاز پٹیل کی ہندوستانی اننگز میں تمام ۱۰؍ وکٹ لینے کی شاندار کارکردگی سے تحریک نہیں لے سکی اوراس کےبلے بازوں نے ہندوستانی گیندبازوں کے سامنے یہاں دوسرے اور آخری ٹیسٹ  میچ کے دوسرے دن سنیچر کو محض۶۲؍ رن پر گھٹنے ٹیک دیئے۔ محمد سراج اور آر اشون نے کیوی اننگز کو نیست ونابود کردیا۔ 
 ہندوستان کو پہلی اننگز میں۳۲۵؍ رن پر آل آؤٹ کرنےکے بعد بیٹنگ کیلئے آنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم سنیچر کو ایک سیشن بھی نہیں کھیل سکی۔ ہندوستانی گیند بازوں نے پوری ٹیم کو۲۸ء۱؍ اوور میں۶۲؍ رن پر پویلین بھیج دیا۔ ہندوستان کو۲۶۳؍ رن کی  بڑی برتری حاصل ہوئی لیکن اس نے  مہمان ٹیم سے  فالو آن نہیں کروایا اوردوسری اننگز کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ہندوستان نے دوسرے روز اسٹمپس تک دوسری اننگز میں۲۱؍ اوور میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے۶۹؍ رن بنالئے ہیں اور اس کی کل برتری۳۳۲؍ رن کی ہوگئی ہے۔ اسٹمپس کے وقت مینک اگروال ۳۸؍اورچتیشور پجارا۲۹؍  رن بناکر کریزپر تھے۔ 
  ہندوستان نے دوسری اننگز میں مینک کے ساتھی کے طور پر شبھمن گل کی جگہ پجارا کو بھیجا۔ پہلی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے والے پجارا نے اس بار بہتر بلے بازی کی اور۵۱؍ گیندوں پر ناقابل شکست۲۹؍ رن میں ۳؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ پہلی اننگز میں۱۵۰؍ رن بنانے والے مینک نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بلے بازی کی اور۷۵؍ گیندوں پر ناقابل شکست۳۸؍ رن میں ۶؍ چوکے لگائے۔
 ایشانت شرما کی جگہ آنے والے فاسٹ بولر محمد سراج نے نیوزی لینڈ کو ابتدائی جھٹکا دیا۔ پہلے میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اوراس میچ میں کپتانی کررہے ٹام لاتھم اور ول ینگ کو سراج نے جلد نمٹادیا۔ لاتھم۱۰؍ اور ینگ ۴؍ رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ  کے پہلے ۲؍وکٹ بالترتیب۱۰؍ اور۱۵؍رن کے اسکورپر گرے۔ سراج نے پھر اپنا شکار راس ٹیلر کو بنایا، جو فارم  سے جوجھ رہے ہیں۔ سراج نے ٹیلر کو ایک رن پر بولڈ کردیا۔۱۷؍ رن پر۳؍ وکٹ گرنے کے بعد دباؤ میں آنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم دوبارہ سنبھل نہ سکی۔ اس کے بعد اس کے وکٹ گرتے رہے۔ ۲۷؍رن کے اسکور پر اکشرپٹیل کے ڈیرل مشیل کوآؤٹ کرنے کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کا پورا ٹاپ آرڈر  پویلین لوٹ گیا۔ پھر تجربہ کار ہندوستانی اسپنر روی چندرن اشون نے مڈل اور لوور آرڈر کے بلے بازوں پر قہربن کر برسے۔ انہوں نے ایک کے بعد ایک وکٹ لئے اور دیکھتے ہی دیکھتے نیوزی لینڈ کی ٹیم ۶۲؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ہنری نکولس اشون کا پہلا شکار بنے جنہیں اشون نے کلین بولڈ کر کے ڈریسنگ روم واپس بھیج دیا۔ اس کے  بعداشون نے ٹام بلنڈیل، ٹم ساؤدی اور ولیم سومرویل کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس طرح اشون نے ۴؍ وکٹ لیے  جبکہ سراج نے ۳ ، اکشر نے ۲؍ اور جینت یادو نے ایک وکٹ لیا۔
 راچن رویندر کی شکل میں نیوزی لینڈ کا چھٹا وکٹ ۳۸؍رن  کے اسکورپر گرا، جنہیں جینت نے آؤٹ کیا۔ ۵۳؍ رن پر اشون نے بلنڈیل کو آؤٹ کرکے ۷؍واں وکٹ لیا۔ اسی اوور میں اشون نے اسی اسکور پر ٹم ساؤدی کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔ یہ نیوزی لینڈ کا ۸؍واں وکٹ تھا۔۹؍ اور ۱۰؍ویں وکٹ  کے طورپر سومرویل اور جیمیسن کاوکٹ ۶۲؍ کے اسکور پر گرا  جو بالترتیب اشون اور اکشر کے نام رہا۔
 ہندوستان نے سنیچر کو دوسرے دن ۴؍ وکٹوں کے نقصان پر۲۲۱؍رن کے اسکور سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ مینک۱۲۰؍ اور ردھیمان ساہا۲۵؍رن کے انفرادی اسکور کے ساتھ بڑا اسکور کرنے کے ارادے سے کریز پر آئے لیکن پہلے دن کی طرح نیوزی لینڈ کے لیفٹ آرم اسپنر اعجاز پٹیل نے ایک بار پھر ہندوستان کو ابتدائی جھٹکا دیا۔ انہوں نے ساہا اور روی چندرن اشون کی شکل میں لگاتار۲؍ وکٹ لئے۔ جہاں ساہا نے  صرف ۲؍رن جوڑ کر۲۷؍ رن پر وہیں اشون کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد اکشر نے مینک کے ساتھ شراکت قائم کی۔ اعجاز نے دونوں بلے بازوں کے خلاف جارحانہ بولنگ کی لیکن دونوں نے صبر کا دامن نہیں چھوڑا اور کریز پر  پیر جمائے اور پھر رنوں کی رفتارکو آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان ۷؍ویں وکٹ کے لیے۶۷؍ رن کی شراکت ہوئی کہ اعجاز نے پھر کمال دکھایا اور ۲۹۱؍رن کے اسکور پر مینک کا وکٹ لے کر اس شراکت کو توڑ دیا۔ مینک سنیچر کو اپنے انفرادی اسکور میں مزید۳۰؍ رن  جوڑنے میں کامیاب رہے اور۱۵۰؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد، اکشر نے اننگز کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری لی۔ 

cricket Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK