Inquilab Logo

اسمتھ کی پابندی ختم ، دوبارہ آسٹریلین ٹیم کی قیادت کے اہل

Updated: March 30, 2020, 10:37 AM IST | Agency | Sydney

بال ٹیمپرنگ کے معاملے میں اسمتھ پر ۲؍سالہ پابندی عائد کی گئی تھی۔ آسٹریلوی اسٹار نے کپتانی سے انکارکردیا

Steve Smith - Pic : INN
اسٹیو اسمیتھ ۔ تصویر : آئی این این

بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے سبب پابندی کا شکار سابق آسٹریلین کپتان اسٹیو اسمتھ کی پابندی کی مدت کا خاتمہ ہو گیا ہے جس کے ساتھ ہی وہ دوبارہ آسٹریلین ٹیم کی قیادت کے اہل ہو گئے ہیں۔
 یاد رہے کہ۲۰۱۸ء کے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کے الزام میں اس وقت کے آسٹریلین کپتان اسٹیو اسمتھ پر کرکٹ آسٹریلیا نے ایک سال کی پابندی عائد کی تھی جبکہ انہیں ۲؍ سال کیلئے  قیادت کے منصب کیلئے  نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔
  اسٹیو اسمتھ کے ساتھ ساتھ ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بین کرافٹ پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی لیکن گزشتہ سال اسٹیو اسمتھ اورڈیوڈ  وارنر نے اپنے انٹرنیشنل کریئر کا کامیابی سے آغاز کر لیا تھا اور اچھی بلے بازی کی تھی۔
 پابندی کے خاتمے کے بعد اسٹیو اسمتھ اب دوبارہ آسٹریلین ٹیم کی قیادت کے اہل ہو گئے ہیں لیکن ان کے ساتھی ڈیوڈ وارنر پر تاحیات پابندی عائد کی گئی جس کے سبب وہ اب کبھی بھی آسٹریلین ٹیم کی قیادت نہیں کر سکیں گے۔آسٹریلوی ٹیم کے موجودہ کپتان ٹم پین کی جگہ اسٹیو اسمتھ کو دوبارہ کپتان بنانے کے مطالبات مستقل سامنے آ رہے ہیں لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں کہ آیا اسمتھ خود بھی اس منصب کیلئے  تیار ہیں یا نہیں۔
  گزشتہ سال کوچ جسٹن لینگر نے ٹم پین کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہارکیا اور کہا کہ اسمتھ شاید بیٹنگ کے دباؤ کے ساتھ قیادت کا بوجھ نہ لینا چاہتے ہوں۔ آسٹریلیا کی ون ڈے اور ٹی۲۰؍ ٹیم کے کپتان ایرون فنچ ہیں اور انہیں بھی متعدد مرتبہ ہٹانے کے مطالبات کئے  جا چکے ہیں۔
 پابندی کے خاتمے کے بعد اتوار کو اپنے بیان میں اسمتھ نے کہا کہ ابھی ان کی توجہ خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر صحت مند رکھنے پر مرکوز ہے۔ اسمتھ کو رواں سال انڈین پریمیر لیگ میں شرکت کرنا تھی لیکن کورونا وائرس کے سبب لیگ کو ملتوی کرنے کا امکان ہے اور اسمتھ کا ماننا ہے کہ موجودہ صورتحال میں لیگ کا منعقد ہونا ناممکن نظر آتا ہے۔یاد رہے کہ ملک  میں ۲۱؍روزہ لاک ڈاؤن جاری  ہے اور ہندوستان نے اپنی سرحدیں بند کرتے ہوئے غیرملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔ 
 اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ ہندوستان نے ۱۵؍اپریل تک پورے ملک کو لاک ڈاؤن کردیا ہے، لہٰذا ٹورنامنٹ منعقد ہوتا نظر نہیں آرہا، اگر ایونٹ منعقد ہوتا ہے تو اچھا ہے لیکن اگر نہیں ہوتا تو یہ کوئی انوکھی بات نہیں ہو گی کیونکہ دنیا میں پہلے ہی کافی کھیلوں کے مقابلے متاثر ہوئے ہیں۔آسٹریلیا نے کھیلوں کے تمام تر مقابلے منسوخ کردیئے  ہیں اور ان کا جون میں شیڈول دورۂ بنگلہ دیش اور انگلینڈ سے ون ڈے سیریز بھی ملتوی ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت میں اپنی بلے بازی پر زیادہ توجہ دے رہا ہوں اور کوشش کررہاہوں کہ اگر کچھ خامیاں ہیں تو انہیں فوراً دور کردوں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK