Inquilab Logo

اسمتھ کی سنچری ، ہندوستان کا بھی اچھا آغاز

Updated: January 09, 2021, 4:14 PM IST | Agency | Sydney

سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے ۳۳۸؍رن بنائے۔ رویندر جڈیجا نے ۴؍وکٹ لئے۔ ہندوستان نے ۲؍وکٹ پر ۹۶؍رن بنائے ۔ ۲۴۲؍رن پیچھے

Ravindra Jadeja. Picture :INN
رویندر جڈیجا ۔ تصویر:آئی این این

کرشماتی بلے بازاسٹیون اسمتھ (۱۳۱؍ رن) نے  شاندار واپسی کرتے ہوئے اپنی۲۷؍ ویں سنچری مکمل کی جبکہ لیفٹ ارم اسپنر رویندر جڈیجا (۶۲؍ رن پر ۴؍ وکٹ) کی بہترین گیند بازی اور اوپنرس کی عمدہ اوپننگ سے ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف  تیسرے کرکٹ ٹیسٹ کے دوسرے دن  جمعہ کو ٹھوس جواب دیتے ہوئے مقابلہ برابری پر لا دیا ۔آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں۳۳۸؍ رن بنائے جبکہ ہندوستان نے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک ۲؍ وکٹوں کے نقصان پر۹۶؍ رن بنا  لئے ہیں ۔ ہندوستان ابھی پہلی اننگز میں۲۴۲؍ رن سے پیچھے ہے اور اس کے ۸؍ وکٹ باقی ہیں۔  دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرادن پوری طرح اسمتھ اور جڈیجا کے نام رہا۔ اسمتھ پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے تھے ، لیکن انہوں نے تیسرے ٹیسٹ میں مضبوطی سے واپسی کی اور ضرورت کے وقت سنچری بنائی۔ وہیں دوسری طرف جڈیجا نے۱۸؍ اوور میں۶۲؍ رن دے کر ۴؍ وکٹ لئے اور آسٹریلیا کوبڑا اسکور بنانے سے روک  دیا ۔    ہندوستان نےآسٹریلیا کوآل آؤٹ کرنے کے بعد اچھی شروعات کی اور روہت شرما اور شبھمن گل کے  بیچ پہلے وکٹ کیلئے۷۰؍ رن کی ساجھیداری  ہوئی۔ روہت چوٹ کی وجہ سے پہلے دو ٹیسٹ سے باہر تھے لیکن اس میچ میں انہوں نے  لوٹ کراچھی  بلے بازی کی۔     تاہم روہت کوجوش ہیزل ووڈ نے اپنی گیند پرخود ہی کیچ کرکے آؤٹ کیا ۔ روہت نے ۷۷؍ گیندوں میں ۳؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۲۶؍ رن بنائے۔  پہلاوکٹ گرنے کے باوجود شبھمن نے اپنی عمدہ  بلے بازی جاری رکھی اور اپنے ٹیسٹ کریئرکی پہلی نصف سنچری بنائی ۔  شبھمن کا یہ دوسرا ٹیسٹ میچ ہے اورانہوں نے میلبورن میں اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کیا تھا ۔      
 نصف سنچری بنانے کے بعد شبھمن زیادہ دیر کریز پر نہیں ٹک سکے اور پیٹ کمنس نے کیمرون گرین کے ہاتھوں کیچ کروا کر پویلین بھیج دیا ۔ شبھمن نے۱۰۱؍ گیندوں میں ۸؍ چوکوں کی مدد سے۵۰؍ رن بنائے۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک چتیشور پجارا ۵۳؍گیندوں میں ۹؍ رن اور کپتان اجنکیا رہانے ۴۰؍ گیندوں میں ۵؍ رن بنا کر کریز پر موجود  ہیں ۔ آسٹریلیا کی طرف سے ہیزل ووڈ نے۲۳؍ رن دے کر ایک وکٹ اور کمنس نے  ۱۹؍رن دے کر ایک وکٹ لیا۔ اس سے قبل آسٹریلیائی ٹیم نے دوسرے دن ۲؍ وکٹ پر۱۶۶؍ رن کی اننگز کا آغاز کیا اور مارنس لبوشین نے ۶۷؍ اور اسمتھ نے۳۱؍رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ دونوں بلے بازوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور تیسرے  وکٹ کیلئے ۱۰۰؍رن بنائے تاہم  لبوشین  سنچری سے محروم رہے اور جڈیجا نے  اجنکیا رہانے کے ہاتھوں کیچ کرواکر ان کی اننگز ختم کی۔ لبوشین نے۱۹۶؍ گیندوں میں۱۱؍چوکوں کی مدد سے ۹۱؍ رن بنائے۔
 لبوشین کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیائی اننگز لڑکھڑا گئی اور کوئی بھی بلے باز اسمتھ کا ساتھ زیادہ دیر تک نہیں دے سکا۔ اسمتھ نے حالانکہ دوسرے سرے سے ٹیم کی اننگز کو سنبھال کر رکھا۔ ہندوستان کو چوتھی کامیابی جڈیجا نے میتھیو ویڈ کو جسپریت بمراہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرواکر دلائی۔ ویڈ نے۱۶؍ گیندوں میں ۲؍چوکوں کی مدد سے۱۳؍ رن بنائے۔ویڈ کے آؤٹ ہونےکے بعد کریز پر اترنے والے کیمرون گرین زیادہ دیر کریز پر نہیں ٹھہر سکے اور بمراہ نے انہیں بغیر رن بنائے ایل بی ڈبلیو کرکے پویلین بھیج دیا۔ بمراہ نے اس کے بعدکپتان ٹم پین کو بولڈ کرکے آسٹریلیا کو چھٹا جھٹکا دیا۔ پین نے ۱۰؍ گیندوں میں ایک رن بنایا۔
 پین کے آؤٹ ہونے کے بعد جڈیجا نے پیٹ کمنس کو بولڈ کرتے ہوئے ایک بار پھر شاندارگیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو ۷؍واں جھٹکا دیا۔ کمنس بغیر رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ آسٹریلیائی ٹیم   ایک وقت مضبوط پوزیشن میں نظر آرہی تھی لیکن ہندوستانی گیندبازوں نے اس کی امیدوں پر پانی پھیرتے ہوئے میچ میں شاندار واپسی کی۔اسمتھ نے دوسرے سرے سے اپنی اننگز جاری رکھی اور اپنے کریئر کی ۲۷؍ ویں سنچری مکمل کی۔ اسمتھ نے نچلے آرڈر کے بلے باز مشیل اسٹارک کے ساتھ مل کر آسٹریلیا کا اسکور ۳۰۰؍رن تک پہنچا دیا۔ اسمتھ اور اسٹارک نے ۸؍ویں وکٹ کیلئے ۳۲؍ رن کی شراکت کی۔ اس شراکت کو بڑھنے سے پہلے ہی نودیپ سینی نے شبھمن گل کے ہاتھوں کیچ کرواکر اسٹارک کو آؤٹ کیا۔ اسٹارک نے۳۰؍ گیندوں میں ۲؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۲۴؍ رن بنائے۔ اسٹارک کے بعد ناتھن لاین کریز پر اترے جنہیں جڈیجا نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ لاین  بغیر کوئی  رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد آسٹریلیائی اننگز زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی ، اسمتھ کے آؤٹ ہونے کے بعد ان کی اننگز  ۳۳۸؍ رن پر آؤٹ ہوگئی۔ اسمتھ نے۲۲۶؍ گیندوں میں۱۶؍ چوکوں کی مدد سے ۱۳۱؍رن بنائے۔ہندوستان کے لئے جڈیجا نے۱۸؍ اوور میں۶۲؍رن دے کر۴؍ وکٹ  لئے، سینی نے ۱۳؍ اوور میں۶۵؍ رن دے کر ۲؍ وکٹ ، بمراہ نے۲۵ء۴؍ اوور میں۶۶؍ رن پر ۲؍ وکٹ  اور محمد سراج نے۲۵؍ اوور میں۶۷؍رن دے کر ایک وکٹ لیا۔ آف اسپنر روی چندرن اشون ۲۴؍ اوور  میں۷۴؍رن دے کر کوئی وکٹ  نہیں لے سکے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK