Inquilab Logo

ہندوستانی ٹیم کا دورۂ سری لنکا،وراٹ کوہلی اورروہت شرماکی عدم شرکت : سوروگنگولی

Updated: May 11, 2021, 12:17 PM IST | Agency | Kolkata

ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی ) کے صدر سورو گنگولی نے اتوار کو کہا کہ ہندوستانی ٹیم ٹاپ کھلاڑیوں کے بغیر جولائی میں محدود اوورس کی سیریز کیلئے سری لنکا کا دورہ کرے گی۔

Sourav Ganguly. Picture:INN
سوروگنگولی۔تصویر :آئی این این

ہندوستانی کرکٹ بورڈ  (بی سی سی آئی ) کے صدر سورو گنگولی نے اتوار کو کہا کہ ہندوستانی ٹیم ٹاپ کھلاڑیوں کے بغیر جولائی میں محدود اوورس کی سیریز کیلئے سری لنکا کا دورہ کرے گی۔ ٹیم انڈیاکے کپتان وراٹ کوہلی اور نائب کپتان روہت شرما جولائی میں ہونے والی اس سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے کیونکہ وہ اس وقت انگلینڈ کے خلاف ۵؍ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی تیاری کررہے ہوں گے۔ سورو گنگولی نے کہا’’ہم نے جولائی میں سینئر مردو ںکی ٹیم کیلئے محدود اوورس کی سیریز کا منصوبہ بنایا ہے۔یہ ٹیم سری لنکا میں ٹی۲۰؍ اور ون ڈے میچ کھیلے گی۔ ‘‘ہندوستان کی ۲؍الگ الگ ٹیموں کے بارے میں پوچھے جانے پر ٹیم انڈیا کےسابق کپتان نے کہاکہ دورۂ سری لنکا کیلئے جانے والی ٹیم اور دورۂ انگلینڈ کیلئے روانہ ہونے والی ٹیم الگ الگ ہوگی۔ انہوںنے مزید کہاکہ یہ ٹیم چھوٹے فارمیٹ کے ماہر کھلاڑیوں کی ٹیم ہوگی۔ انگلینڈ جانے والے کھلاڑیوں کو اس ٹیم سے الگ رکھا گیا ہے۔ خیال رہے کہ بورڈ نے واضح کردیا ہے کہ محدود اوورس کی ٹیم میں چھوٹے فارمیٹ کے کھلاڑیوں کو شامل کیا جائےگا۔ 
 سری لنکا کے دورے پر کم سے کم ۵؍ٹی ۲۰؍ اور ۳؍یکروزہ میچوں کی سیریز کھیلی جاسکتی ہے۔ ہندوستانی ٹیم کا دورۂ انگلینڈ ۱۴؍ستمبر کو ختم ہوگااور آئی پی ایل کے بقیہ میچوں کے انعقاد کا بھی منصوبہ بناناباقی ہے۔ ایسے میں بی سی سی آئی چاہتا ہے کہ شکھردھون ، ہاردک پانڈیا، بھونیشور کمار، دیپک چاہر، یزویندر چہل جیسے محدود اوورس کے ماہر کھلاڑی میچوں کیلئے تیار رہیں۔
 بین الاقوامی کرکٹ کونسل  (آئی سی سی ) کے مستقبل دورے کے پروگرام (ایف ٹی پی) کے مطابق  ہندوستان کو جولائی میں سری لنکا میں ۳؍ ٹی   ۲۰؍ میچ کھیلنے ہیں  جو گزشتہ سال جون میں کھیلے جانے تھے لیکن کورونا وبا کی وجہ سے اس دورے کو رد کردیا گیا تھا۔ اگر ایف ٹی پی کے مطابق سری لنکا کے خلاف یہ سیریز کھیلی جاتی ہے تو ابھی تک ہندوستان کی ممکنہ ٹیم واضح نہیں ہے۔ وہیں اگر جولائی میں یہ دورہ ہوتا ہے تو اس کا پورا امکان ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی اپنے اہم کھلاڑیوں کے بجائے ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کو منتخب کرے۔ 
 گنگولی نے اسپورٹ اسٹار کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ ہندوستان کی ٹیسٹ سیریز کے ساتھ ساتھ باقی آئی پی ایل۲۰۲۱ء کے انگلینڈ میں منعقد ہونے کے امکان کے بارے میں کہا ’’ایسا نہیں ہے۔ ہندوستان کو ۳؍ون ڈے اور ۵؍ٹی ۲۰؍ کے لئے سری لنکا جانا ہے۔ اس دوران ۱۴؍روز کے ضروری قرنطین  جیسے خطرے ہیں۔ آئی پی ایل ہندوستان میں بھی نہیں ہوسکتا ۔ اس کے لئے کوارنٹین کو سنبھالنا مشکل ہے۔ اتنی جلدی یہ نہیں کہا جاسکتا ہے کہ ہم آئی پی ایل کو مکمل کرنے کے لئے کیسے ایک کھلاڑی اور مقامات کو تلاش کرسکتے ہیں۔ ‘‘
 موجودہ منصوبے کے مطابق ۴؍ اسٹینڈ بائی کھلاڑیوں سمیت ۲۰؍رکنی ہندوستانی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم، نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ  چمپئن  شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل کے لئے  دو جون کو انگلینڈ کے لئے روانہ ہوگی اور پھر اس کے انگلینڈ کے خلاف ۴؍ اگست سے شروع ہونے والی ۵؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے بعد انٹرا۔اسکواڈ میچ بھی کھیلنے کی امید ہے۔دوسری جانب سری لنکا کو بھی جون میں انگلینڈ میں کرکٹ کھیلنی ہے۔ ۲۳ ؍ جون سے ۴؍ جولائی تک جاری اس دورے پر ، وہ میزبان ٹیم کے خلاف ۳؍ ون ڈے اور۳؍ ٹی ۲۰؍میچ کھیلے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK