Inquilab Logo

جنوبی افریقہ کی ٹیم ۵؍وکٹ سے فاتح

Updated: March 18, 2021, 11:14 AM IST | Agency | Lucknow

خواتین ٹیم نے سیریز ایک۔۴؍ سے جیت لی۔ میتھالی کی نصف سنچری رائیگاں

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

  کھیل کے ہر شعبے میں میزبان ہندوستان کو کمتر ثابت کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے بدھ کو آخری ون ڈے  میں ۵؍ وکٹ سے فتح کے ساتھ ۵؍ ون ڈے میچوں کی سیریز ایک۔۴؍ سے جیت لی۔ اٹل بہاری واجپئی ایکانا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میںہندوستانی خواتین ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے ۴۹ء۳؍ اوور میں۱۸۸؍ رن کا  اسکور بنایا ۔ جواب میں جنوبی افریقہ  نے۴۸ء۲؍ اوورمیں آسان فتح کا نشانہ ۵؍ وکٹ گنواکر حاصل کرلیا۔۵؍میچوںکی موجودہ سیریز میں ہندوستان کو واحد کامیابی دوسرے یکروزہ میں ملی تھی۔ پہلے ہی سیریز گنوا چکی ہندوستان کے پاس بدھ کومیچ  اورساکھ بچانے اور آئندہ ٹی۲۰؍ سیریز کے لحاظ سے  ذہنی برتری حاصل کرنے کا موقع تھا لیکن بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کے بعد سست فیلڈنگ اور کمزور گیند بازی نے ہندوستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ اسٹار بلے باز لیجیلی  لی کے بغیر  میدان پر اتری  جنوبی افریقہ کی شروعات بھی اچھی نہیں رہی  جب اس کے ۳؍وکٹ محض۲۷؍ رن پر گر گئے۔ اگرچہ ہندوستانی ٹیم مہمان ٹیم پر دباؤ کو زیادہ وقت تک برقرار نہیں رکھ سکی۔ مگنن ڈو پریز (۵۷) اور انیکی بوسچ (۵۸) نے کریز پر جم کر کمزور گیندوں پر بہترین  شاٹس لگائے اور دونوں کھلاڑیوں نے۹۶؍ رن کی پارٹنر شپ کرکے ٹیم کو ڈرائیونگ  سیٹ پر بیٹھا دیا۔ بعد میں رہی سہی کثر میری زینی کاپ (۳۶؍ ناٹ آؤٹ) نے پوری کردی اور ہندوستان سے  یہ میچ آسانی سے نکال لیا۔ اس سے قبل ہندوستان کی جا نب سے کپتان میتھالی راج (۷۹؍ ناٹ آؤٹ)  ہرمن پریت کور(۳۰؍رن) کے علاوہ دیگر بلے بازوں کی کارکردگی کافی مایوس کن رہی ۔ میتھالی کے علاوہ دیگر بلے باز مہمان گیند بازی کے حملے کے سامنے زیادہ وقت تک ٹک نہیں سکیں۔ ایک سرے پر جم کر اپنی بلے بازوں کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے میتھالی نے صبر سے بلے بازی کی اور اپنی ناٹ آؤٹ اننگز میں۱۰۴؍ گیندیں کھیل کر۸؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔آل راؤنڈر ہرمن پریت نے کپتان کا ساتھ دیا اور۵۵؍ گیندوں پر۳۰؍ رن کا اضافہ کیا۔ پورے فارم میں نظر آرہی ہر من اگرچہ میچ کے۳۱؍ ویں اوور میں پٹھوں میں کھنچاؤ کے سبب مزید بلے بازی نہیں کرسکیں اور پویلین لوٹ گئیں۔ نیڈنی ڈی کلارک  ۳؍ وکٹ اور نونڈو میسو نے ۲؍وکٹ لئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK