Inquilab Logo

حیدرآباد پر بھاری پڑے جنوبی افریقہ کے تیز گیندباز،دہلی کی ۸؍وکٹوں سے فتح

Updated: September 24, 2021, 2:25 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

دہلی کپیٹلز کےلئے ربادا نے۳؍جبکہ نورتجے نے ۲؍وکٹیں حاصل کیں،پوائنٹ ٹیبل میں کپیٹلز نے پہلا مقام حاصل کیا

From right, Kagiso Rabada, Enrique Nortje and Steve Smith congratulate each other on their victory over Hyderabad..Picture:INN
دائیں سے کگیسو ربادا،اینرک نورتجے اور اسٹیو اسمتھ حیدرآباد کیخلاف کامیابی پر ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے۔ تصویر:پی ٹی آئی

جنوبی افریقہ کی تیز گیندبازوں کی  جوڑی کگیسو ربادا اور اینرک نورتجے کی شاندار گیندبازی کی بدولت دہلی کپیٹلز نے گزشتہ روز دبئی میں کھیلے جانے والے مقابلے میں سن رائزرس حیدرآباد کو۸؍وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹ ٹیبل میں پہلا مقام حاصل کر لیا۔
 دونوں ہی گیندبازوں نے شروع سے ہی اپنی رفتار اور بہترین لینتھ اور لائن سے حیدرآباد کے بلے بازوں کو نہ صرف پریشان کیا بلکہ انہیں آؤٹ کرکے سستے میں سمیٹنے میں اہم رول ادا کیا۔ حیدرآباد کی پوری ٹیم مقررہ۲۰؍اووروں میں ۱۳۴؍ رن ہی بنا سکی۔ربادا نے ۳؍جبکہ نورتجے نے ۲؍ بلے بازوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔حیدرآباد کیلئے  عبد الصمد نے سب سے زیادہ ۲۸؍رن بنائے۔ جواب میں دہلی کے بلے بازوں کو کامیابی حاصل کرنے میں کوئی پریشانی نہیں ہوئی اور ٹیم نے ۱۷ء۵؍اووروں میں صرف۲؍وکٹ گنواکر ۱۳۹؍ رن بناکر میچ جیت لیا۔افتتاحی بلے باز پرتھوی شاہ(۱۱) کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد بھی حیدرآباد کے گیندباز دہلی کے بلے بازوں پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں بنا سکے۔شکھر دھون نے ۴۲؍ رن بنائے  جبکہ شریاس ایر نے ۴۷؍رنوں کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ دہلی کپیٹلز کے کپتان رشبھ پنت نے ناٹ آؤٹ ۳۵؍رن بنائے۔ دھون اور ایر نے دوسرے وکٹ کی شراکت میں ۵۲؍رن جوڑے ۔اس کے بعد ایر نے پنت کے ساتھ تیسرے وکٹ کیلئے ناٹ آؤٹ۶۷؍رنوں کی پارٹنرشپ نبھائی۔
ربادا اور نورتجے دہلی کے اہم گیندباز
 کگیسو ربادا اور نورتجے دہلی کپیٹلز ٹیم کے اہم گیندباز ہیں۔دہلی کی ٹیم نے ۲۰۱۹ء سے دونوں گیندبازوں کو اپنے ساتھ برقرار رکھا ہے۔ دونوں سیزن میں  ان دونوں گیندبازوں نے دہلی کےلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔دہلی کپیٹلز کو ۲۰۱۹ء میں سیمی فائنل میں پہنچانے میں ربادا کا بھی اہم رول رہا تھا۔انہوں نے اُس سیزن میں ۲۵؍وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس کے بعد اگلے سال بھی دہلی کو فائنل تک پہنچانے میں بھی انہوں نے نمایاں رول ادا کیا تھا۔ ۲۰۲۰ء میں پرپل کیپ جیتنے والے ربادا نے کُل ۳۰؍وکٹیں حاصل کی تھیں۔موجودہ ایڈیشن میں ربادا۸؍میچوں میں ۱۱؍وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ ربادا کے ہموطن اینرک نورتجے کو دہلی نے ۲۰۲۰ء کے ایڈیشن میں انگلینڈ کے آل راؤنڈر کرس ووکس کی جگہ پر شامل کیا تھا۔۲۰۲۰ء کے آئی پی ایل ایڈیشن میںانہوںنے اپنی ٹیم کو مایوس نہیں کیا اور ۲۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔موجودہ ایڈیشن میں وہ ایک میچ کھیل کر اب تک ۲؍وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK