Inquilab Logo

سندر، نٹراجن اور ٹھاکر نے آسٹریلیا کو سمیٹ دیا

Updated: January 17, 2021, 1:59 PM IST | Agency | Brisbane

برسبین ٹیسٹ میں بارش نے رخنہ ڈالا۔ آسٹریلیا ۳۶۹؍رن پر آؤٹ۔ تینوں ہندوستانی گیندبازوں نے ۳۔۳؍وکٹ لئے

Team India.Picture :INN
ٹیم انڈیا۔ تصویر:آئی این این

ہندوستان کے لئے ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے بائیں ہاتھ کے تیزگیندباز ٹی نٹراجن ، آل راؤنڈر واشنگٹن سندر اور ۲؍ سال کے طویل وقفے کے بعد اپنا دوسرا ٹیسٹ کھیل رہے تیزگیندباز شاردل ٹھاکر نے ۳۔۳؍ وکٹ  لے کرآسٹریلیا کو چوتھے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ کے بارش سے متاثرہ دوسرے دن سنیچرکوپہلی اننگز میں  ۳۶۹؍رن پر سمیٹ دیا۔ ہندوستان نے اس کے جواب میں اسٹمپس تک ۲؍ وکٹ گنواکر ۶۲؍رن بنالئے ہیں اور وہ ابھی آسٹریلیا سے۳۰۷؍ رن پیچھے چل رہا ہے۔  آسٹریلیا کی طرف سے دوسرے دن کپتان ٹم پین نے۳۸؍ رن اور کیمرون گرین نے۲۸؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا لیکن ہندوستان کے گیندبازوں نے کنگارو ٹیم کی پہلی اننگز کو۱۱۵ء۲؍ اوور میں۳۶۹؍ رن پر سمیٹ دیا۔ ہندوستان کی جانب سے نٹراجن نے۲۴ء۲؍ اوور میں۶۸؍  رن دے کر ۳؍ وکٹ، سندر نے۳۱؍اوور میں ۸۹؍ رن پر۳؍ وکٹ اور ٹھاکر نے۲۴؍ اوور میں ۹۴؍رن دے کر۳؍ وکٹ اپنے نام  کئے جبکہ تیزگیندباز سراج کو ۲۸؍اوور میں۷۷؍ رن پر ایک وکٹ ملا۔  آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں آؤٹ کرنے کے بعد بلے بازی کرنے اتری ٹیم انڈیا کی شروعات کچھ خاص نہیں رہی اور سلامی بلے باز شبھمن گل  تیزگیندباز پیٹ کمنس کی گیند پر اسٹیون اسمتھ کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ گل نے۱۵؍گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے ۷؍ رن بنائے۔ اس کے بعد روہت شرما نے چیتشور پجارا کے ساتھ ہندوستانی اننگز کو آگے بڑھایا اور دونوں بلے بازوں  کے درمیان  دوسرے وکٹ کے لئے۴۹؍رن کی شراکت ہوئی۔ روہت نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری کی طرف بڑھ رہے تھے لیکن اسپنر ناتھن لاین نے مشیل اسٹارک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرواکر روہت کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ روہت شرمانے۷۴؍گیندوں میں ۶؍ چوکوں کی مدد سے۴۴؍ رن بنائے۔ 
 ۲؍ وکٹ جلد گنوانے کے بعد ہندوستانی اننگز کو پجارا اور کپتان اجنکیا رہانے نے رفتار دینے کی کوشش کی لیکن بارش کے سبب دوسرے دن کے تیسرے سیشن کا کھیل متاثر ہوا اور اس کے بعد میچ دوبارہ شروع نہیں ہوسکا۔ اسٹمپس تک پجارا ۴۹؍ گیندوں میں۸؍ رن اور رہانے۱۹؍گیندوں میں۲؍ رن بناکر کریز پر موجود ہیں۔ تیسرے دن پجارا اور رہانے پر ٹیم انڈیا کی اننگز کو مضبوطی سے آگے بڑھانے اور آسٹریلیا پر فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کی ذمہ داری ہوگی جبکہ آسٹریلیا کے گیندباز ہندوستانی اننگز کو جلد سے جلد ختم کرکے بڑی سبقت کی پوری کوشش کریں گے۔ آسٹریلیا کی طرف سے کمنس نے ۶؍ اوور میں۲۲؍ رن دے کر ایک وکٹ  لیا جبکہ ناتھن لاین کو۶؍ اوور میں ۱۰؍ رن پر ایک وکٹ ملا۔  اس سے قبل آسٹریلیا نے اس میچ کے دوسرے دن ۵؍ وکٹ پر۲۷۴؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا جس میں اس نے آل آؤٹ ہونے تک۹۵؍رن اور جوڑے اور ٹیم کااسکور  ۳۶۹؍رن تک پہنچادیا جو اس سیریز میں کسی بھی ٹیم کی طرف سے بنایا گیا بڑا اسکور ہے۔ پین اور گرین  نے دوسرے دن   اچھی بلے بازی کی اور دونوں بلےبازوں کے درمیان چھٹے وکٹ کیلئے ۹۸؍رن کی مضبوط ساجھیداری ہوئی۔ پین نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن ۵۰؍ رن بنانے کے بعد وہ زیادہ دیر اپنی اننگز آگے نہیں بڑھا سکے اور انہیں ٹھاکر نے روہت کے ہاتھوں کیچ کرواکر آؤٹ کیا۔ پین نے۱۰۴؍ گیندوں میں ۶؍ چوکوں کی مدد سے۵۰؍ رن بنائے۔ پین کے پویلین لوٹنے کے بعد گرین بھی زیادہ دیرپر نہیں ٹک سکے اور سندر نے انہیں بولڈ کردیا۔ گرین نصف سنچری بنانے سے چوک گئے اور انہوں  نے۱۰۷؍ گیندوں میں ۶؍چوکوں کی مدد سے۴۷؍ رن بنائے ۔  گرین کے آؤٹ ہونے کے فوراً بعد ٹھاکر نے کمنس کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے آسٹریلیا کو ۸؍واں جھٹکا دیا۔ کمنس نے ۸؍گیندوں میں ۲؍ رن بنائے ۔ آخرمیں نچلی صف کے بلے باز لاین اور اسٹارک نے کچھ رن جوڑے اور دونوں بلے بازوں کے مابین ۹؍ویں وکٹ کیلئے۳۹؍ رن کی ساجھیداری ہوئی۔ حالانکہ سندر نے لاین کو آؤٹ کرکے اس ساجھیداری کو توڑا ۔لاین نے ۴؍ چوکوں کی مدد سے ۲۴؍رن بنائے۔  اس کے بعد نٹراجن نے جوش ہیزل ووڈ کو آؤٹ کرکے آسٹریلیا کا آخری وکٹ لیا۔ ہیزل ووڈ نے۲۷؍ گیندوں میں ۲؍ چوکوں کی مدد سے۱۱؍ رن جبکہ اسٹارک ۳۵؍گیندوں میں ایک چھکے کی مدد سے ۲۰؍ رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK