Inquilab Logo

سنیل چھیتری کی شاندار کارکردگی،ہندوستان نےکمبوڈیا کو ہرادیا

Updated: June 10, 2022, 1:39 PM IST | Inquilab News Network | Kolkata

ایشیا کپ کوالیفائر میں ہندوستانی فٹبال ٹیم نے دو صفر سے کامیابی حاصل کی،دونوں ہی گول چھیتری نے کئے

Sunil Chhetri.Picture:INN
سنیل چھیتری۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی فٹبال ٹیم کے کپتان سنیل چھیتری نے کمبوڈیا کے خلاف ہونے والے میچ سے پہلے کہا تھا کہ اے ایف سی ایشین کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کےلئے کولکاتا سے بہتر کوئی دوسری جگہ ہو ہی نہیں سکتی۔بدھ کو کھیلے جانے والے مقابلے میں ناظرین سے بھرے وویکانند یوا بھارتی اسٹیڈیم میں کمبوڈیا کے خلاف ۲؍گول کرتے ہوئے انہوں نے مہم کا شاندار آغاز کیا اور اپنی بات کو سچ ثابت کردیا۔ سنیل چھیتری کے شاندار کھیل کی بدولت ہندوستان نے پہلے کوالیفائر میں کمبوڈیا کے خلا ف دو صفر سےجیت حاصل کی۔۱۷؍سال کا بین الاقوامی فٹبال کا تجربہ رکھنے والے چھیتری نے میچ کے ۱۴؍ویں منٹ پر ملنے والی پنالٹی کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے ہندوستان کو ایک صفر سے آگے کردیا۔اس کے بعد کھیل کے ۶۰؍ویں منٹ میں انہوں نے ہیڈر کے ذریعے شاندار گول کرتے ہوئے اپنا اور ٹیم کا دوسرا گول کیا اور ٹیم کی فتح کو یقینی کردیا۔اس میچ میں۱۷۱؍ویں رینکنگ والی کمبوڈیا کی ٹیم نے گول کرنے کی کوشش ضرور کی لیکن ہندوستانی دفاعی صف نے نہ صرف ان کی کوشش کو ناکام کردیا بلکہ فارورڈ کھلاڑیوں نے کئی بار حملہ کرتے ہوئے کمبوڈیا پر مسلسل دباؤ ڈالے رکھا۔۲۰۲۲ء میں یہ ہندوستانی فٹبال ٹیم کی پہلی جیت ہے۔ ہندوستان کے اسٹار فٹبال کھلاڑی سنیل چھیتری کا بین الاقوامی مقابلوں میں یہ ۸۱؍واں اور ۸۲؍واں گول تھا۔سنیل چھیتری اب ہنگری کے عظیم فٹبال کھلاڑی فرینک کسکس کے ۸۴؍ گول سے محض ۲؍گول پیچھے ہیں۔ہندوستان کی کمبوڈیا کے خلاف گزشتہ ۵؍مقابلوں میں یہ چوتھی کامیابی ہے۔اس سےقبل ہندوستان نے کمبوڈیا کو اسی کی سرزمین پر ۲۰۱۷ء میں کھیلے گئے مقابلے میں ۲؍کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دی تھی۔ ایشین کپ کوالیفائر میں ہندوستان کا اب اگلا مقابلہ ۱۱؍جون کو افغانستان سے ہوگا اور اس کے بعد ۱۴؍جون کو ہانگ کانگ سے ٹکرائےگا۔
قومی پرچم میں خامی کے سبب کمبوڈیا کی ناراضگی
 کمبوڈیا نے اپنے قومی پرچم کے رنگ اور ڈیزائن میں کی جانے والی خامی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان کے خلاف میچ نہ کھیلنے کی دھمکی دی تھی۔ایشیائی فٹبال فیڈریشن نے فوراً کارروائی کرتے ہوئےبیان جاری کیا اور کمبوڈیا کے قومی پرچم میں خامی پر افسوس کا اظہار کیا۔ اے ایف سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کمبوڈیا کے قومی پرچم میں کچھ خامی کے سبب اسٹیڈیم میں لگے بڑے اسکرین پر قومی پرچم کو نمایاں کیا جائےگا اور صحیح طریقے سے پرچم کو پیش کیا جائےگا۔اس بیان کے بعد کمبوڈیا ہندوستان کے خلاف میچ کھیلنے کےلئے تیار ہوا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK