Inquilab Logo

سنیل گاوسکر اور کپل دیو نے دھونی کو گھریلو کرکٹ میں کھیلنےکا مشورہ دیا

Updated: November 04, 2020, 11:42 AM IST | Agency | New Delhi

گاوسکر نے کہا:دھونی کو۲۰۲۱ء سیزن سے قبل ڈومیسٹک سیزن میں کھیلنا چاہئے۔کپل نے کہا:دھونی کو پریکٹس کرنے کے بعد میدان پر لوٹنا ہوگا

Dhoni .Picture :INN
دھونی۔ تصویر:آئی این این

سابق کرکٹر سنیل گاوسکر نے اگلے آئی پی ایل میں کھیلنے کے تعلق سے مہندر سنگھ دھونی کے بیان کے بعد کہا ہے کہ دھونی کو۲۰۲۱ء سیزن سے قبل ڈومیسٹک سیزن میں کھیلنا چاہئے۔ ان کے پاس ابھی بھی آئی پی ایل میں۴۰۰؍ رن  بنانے کی صلاحیت ہے۔دوسری طرف ٹیم انڈیا کو پہلا ورلڈ کپ ٹائٹل دلانے والے سابق کپتان کپل دیو نے بھی چنئی سپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کو ڈومسٹک کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر دھونی اس سال کی طرح میچ پریکٹس کے بغیر انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیلنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ان کیلئے  اچھا مظاہرہ کرنا `ناممکن ہوگا۔ گاوسکر نے اسٹار اسپورٹس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کرشماتی کرکٹر ہیں۔ وہ اپنی بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ وہ ایک رول ماڈل ہیں۔ وہ اچھے کپتان ہیں۔ اگر وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلتے ہیں تو وہ آئی پی ایل کے اگلے سیزن میں۴۰۰؍ رن تک بھی اسکور کرسکتے ہیں ۔
 گاوسکر نے مزید کہا کہ سنگاکارا نے بھی پہلے کہا ہے کہ دھونی کو مسابقتی کرکٹ کھیلنا چاہئے۔ اگرچہ نیٹ پر پریکٹس ٹھیک ہے۔ لیکن اس عمر میں کسی کو اپنی کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لئے مقابلے میں کھیلتے رہنا چاہئےکیونکہ اس عمر میں وقت اچھا نہیں ہوتا ہے۔ آپ نے دیکھا کہ سب کچھ ٹھیک ہے لیکن بہت تبدیلی آچکی ہے۔اتوارکو چنئی کا کنگز الیون پنجاب کے خلاف لیگ کا آخری میچ تھا۔ چنئی نے پنجاب کو۹؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔ چنئی پہلے ہی پلے آف سے باہر ہو چکی ہے۔ چنئی نے پچھلے تینوں میچ جیت لئے ہیں۔دھونی کے ٹاس کے دوران ڈینی موریسن نے ان سے پوچھا کہ کیا یہ آپ کا آئی پی ایل میں پیلے رنگ کی جرسی کا آخری میچ ہے؟ اس پر دھونی نے فوراً جواب دیا کہ بالکل نہیں۔ پچھلے سال جون میں ورلڈ کپ کھیلنے والے دھونی تقریباً ایک سال کے بعد میدان میں اترے تھے۔۳۹؍ سالہ دھونی کی زیرقیادت چنئی سپر کنگز پہلی بار آئی پی ایل کے پلے آف میں جگہ بنانے میں ناکام رہی ہے ۔ ورلڈ کپ ۲۰۱۹ءکے سیمی فائنل کے بعد پہلی بار مسابقتی کرکٹ کھیلنے والے دھونی۱۱۶؍ کے اسٹرائک ریٹ سے ۱۴؍ میچوں میں صرف۲۰۰؍ رن ہی  بنا سکے جبکہ انہوں نے کوئی نصف سنچری اسکور نہیں کی۔ کپل جنہیں حال ہی میں دل کا دورہ پڑنے کے بعد انجیو پلاسٹی کا سامنا کرنا پڑا تھا ، وہ چاہتے ہیں کہ دھونی کو گھریلوٹورنامنٹ میں زیادہ سے زیادہ کھیلنا چاہئے۔
کپل نے کہا کہ اگر دھونی ہر سال صرف آئی پی ایل میں کھیلنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو پھر ان کے لئے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ ناممکن ہوگا۔ کپل نے کہا کہ عمر کے بارے میں بات چیت کرنا ٹھیک نہیں ہے لیکن وہ اپنی ۳۹؍سال کی عمر میں جتنا زیادہ کھیلیں گے ، جسم اتنا ہی  فارم  میں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ ایک سال میں ۱۰؍ماہ تک کرکٹ نہیں کھیلیں گے اور اچانک آپ آئی پی ایل کھیلو گے تو آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کیا ہوگا۔ اتنا کرکٹ کھیلتے وقت آپ کو ایک سیزن میں اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کرس گیل جیسے کھلاڑی کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا ہے۔ کپل دیو کا خیال ہے کہ دھونی کو اس سیزن میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں فرسٹ کلاس کرکٹ (ڈومیسٹک لسٹ اے اور ٹی۲۰ ) میں جانا چاہئے اور وہاں کھیلنا چاہئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK