Inquilab Logo

ٹیم انڈیا ایشیا کپ میں فائنل کی دوڑ سے تقریباً باہر

Updated: September 08, 2022, 1:24 PM IST | Agency

اہم میچ میں سری لنکا سے ہارنے کے بعد ہندوستانی ٹیم کو دیگر ٹیموں کے نتائج کا انتظار کرناہوگا۔ہندوستان کیلئے فائنل میں پہنچنا ناممکن

Rohit Sharma.Picture:INN
روہت شرما ۔ تصویر:آئی این این

سری لنکا نے پاتھم نسانکا (۵۲) اور کوشل مینڈس (۵۷) کی نصف سنچریوں کے بعد داسن شناکا (ناٹ آؤٹ۳۳؍رن) بھانوکا راجاپاکسے (ناٹ آؤٹ۲۵؍رن) کی بیش قیمتی اننگز کی بدولت ہندوستان کو ایشیا کپ۲۰۲۲ء کے سپر۴؍ میچ میں منگل کو۶؍ وکٹوں سے شکست دی۔ ہندوستان نے سری لنکا کو۲۰؍ اوورس میں۱۷۴؍ رن  کا ہدف دیا تھا جو اس نے۱۹ء۵؍ اوورس میں حاصل کر لیاہے ۔ سری لنکا کو آخری اوورس میں ۷؍ رن درکار تھے۔ ارشدیپ سنگھ نے بہترین کوشش کرتے ہوئے پہلی ۴؍ گیندوں پر صرف ۵؍ رن دئیے، لیکن پانچویں گیند پر اوور تھرو کی وجہ سے سری لنکائی بلے بازوں نے ۲؍رن دوڑ کر کامیابی حاصل کی۔ سپر۴؍ کے اپنے پہلے دونوں میچ ہارنے کے بعد روہت شرما کی ٹیم اب ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے کیلئے دوسری ٹیموں پر منحصر ہے۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان نے۱۳؍ رن پر ۲؍ وکٹ گنوا دئیے تھے، جس کے بعد روہت نے کپتانی اننگز کھیلتے ہوئے ۴۱؍گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے ۷۲؍ رن بنائے۔ روہت نے سوریہ کمار یادو (۳۴) کے ساتھ تیسرے وکٹ کیلئے ۹۷؍رن جوڑے، حالانکہ اس کے علاوہ ہندوستان کی جانب سے کوئی بڑی شراکت نہیں ہوئی۔ایشیا کپ میں منگل کی رات سری لنکا سے سپر۴؍ میچ ہارنے کے بعد ٹیم انڈیا فائنل کی دوڑ سے تقریباً باہر ہو چکی ہے۔ ٹیم انڈیا کو  سری لنکا نے۶؍ اور پاکستان نے۵؍ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ ایسے میں ٹیم کی امیدیں دوسری ٹیموں کی جیت اور ہار پر ٹکی ہوئی ہیں۔ ٹیم انڈیا اب بھی فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنا سکتی ہے۔ اس کے لئے اسے افغانستان کے خلاف جیت کے ساتھ ساتھ دیگر ٹیموں کے نتائج پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔ ۱۰؍ ماہ قبل ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کے سامنے کچھ ایسی ہی صورتحال سامنے تھی لیکن   نتیجہ اس کے حق میں نہیں گیا اور ٹیم انڈیا ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے سپر۱۲؍ راؤنڈ سے باہر ہو گئی تھی۔  اگر افغانستان نے پاکستان کو شکست د ے دی اور ہندوستان سپر لیگ کا اپنا آخری میچ جیت جاتا ہے اور۹؍ ستمبر کو سری لنکا کی ٹیم پاکستان کو ہرا دیتی ہے  اور ہندوستان کا رن ریٹ باقی ٹیموں سے بہتر ہوتا ہے تو ہندوستان فائنل کی دوڑ میں دوبارہ شامل ہوسکتا ہے حالانکہ یہ اتنا آسان نہیں ہوگا۔ سپر۴؍ کے پوائنٹس ٹیبل کی بات کریں تو سری لنکا اب ۲؍ جیت کے ساتھ سرفہرست ہے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان ایک جیت کے ساتھ دوسرے نمبر پرہے۔ دونوں کا نیٹ رن ریٹ مثبت ہے۔ سری لنکا کا  نیٹ رن ریٹ ۰ء۳۵۱+ ہے جبکہ پاکستان کا نیٹ رن ریٹ۰ء۱۲۶+ ہے۔ اس کے ساتھ ہی  ہندوستان کی ٹیم کا  رن ریٹ  نگیٹیو(۰ء۱۲۵-)  ہے اور ۲۔۲؍شکست کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ افغانستان ۰ء۵۸۹- نیٹ رن ریٹ کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے۔۷؍ستمبر کو افغانستان کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔ افغانستان کی ٹیم سپر۴؍ راؤنڈ میں اپنا پہلا میچ سری لنکا کے خلاف ہار گئی ہے۔ ایسے میں ہندوستانی شائقین  دعا کریں گے کہ۷؍ ستمبر کو افغانستان کی ٹیم پاکستان کے خلاف جیت جائے۔ اس سے ہندوستانی ٹیم کیلئے ایک موقع پیدا ہوگا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK