Inquilab Logo

ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ اور روہت کو ٹی۲۰؍ درجہ بندی میں فائدہ

Updated: March 25, 2021, 1:12 PM IST | Agency | Dubai / Puen

رینکنگ میں وراٹ کوہلی چوتھے نمبرپر قابض روہت ۱۴؍ویں پوزیشن پرپہنچے

Rohit and Virat - Pic : INN
روہت اور وراٹ ۔ تصویر : آئی این این

انگلینڈ کے خلاف حال ہی ٹی۲۰؍ سیریز کے ۵؍ویں اور آخری میچ میں شاندار کارکردگی کرنے والے ہندوستان کے کپتان وراٹ کوہلی اور نائب کپتان روہت شرما کو آئی سی سی مرد ٹی ۲۰؍ پلیئر رینکنگ میں فائدہ ہوا ہے۔ کپتان وراٹ جہاں ایک مقام کے فائدے کے ساتھ اپنے ہم وطن لوکیش راہل سے آگے چوتھے نمبر پرپہنچ گئے ہیں وہیں نائب کپتان روہت ۳؍پائیدان کی چھلانگ لگا کر ۱۴؍ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ راہل اس رینکنگ میں ۵؍ویں نمبرپر کھسک گئے ہیں۔ وراٹ اور روہت نے انگلینڈ کے خلاف ۵؍ویں اور فیصلہ کن مقابلے میں بالترتیب ۵۲؍ گیندوں پر۸۰؍ اور۳۴؍ گیندوں میں۶۴؍ رن کی عمدہ اننگز کھیلی تھی۔ آئی سی سی نے ایک بیان میں کہا کہ ابوظہبی میں افغانستان اور زمبابوے کے بیچ ۳؍ میچوں کی سیریز کے علاوہ ہندوستان اور انگلینڈ کے بیچ آخری ۲۔۲؍ ٹی ۲۰؍ میچ کے پیش نظر ریکنکنگ اپڈیٹ کی گئی ہے۔ ہندوستانی بلے بازوں شریس ایّر اور سوریہ کمار یادو کوبھی رینکنگ میں فائدہ ملا ہے۔ ۵؍ پائیدان کی اچھال کے ساتھ ایّر اپنے کریئر کی بہترین ۲۶؍ ویں پوزیشن پر جبکہ سوریہ کمار۶۶؍ ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ سوریہ کے آئی سی سی ریٹنگ میں۴۲۴؍پوائنٹ ہیں۔

  کوہلی نے کریئر میں ایک اور بڑا سنگ میل عبور کرلیا

ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے کریئر میں ایک اور بڑا سنگ میل عبور کرلیا۔ وراٹ کوہلی سچن تینڈولکر کے بعد ملک میں۱۰؍ ہزار رن مکمل کرنے والے دوسرے کرکٹر بن گئے۔ تینڈولکر نے ۳۱۳؍اننگز میں۱۴۱۹۲؍رن ۵۰ء۳۲؍ کے اوسط سے بنائے تھے، جس میں۴۲؍ سنچریاں بھی شامل تھیں جبکہ وراٹ کوہلی نے صرف ۱۹۵؍ اننگز میں۱۰؍ہزار۲؍ رن مکمل کر لئےہیں، اس دوران ان کا اوسط۶۱ء۷۴؍ رہا جبکہ انہوں نے ۳۲؍ سنچریاں اسکور کیں۔  
 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK