Inquilab Logo

ٹیم انڈیا کیویز کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکنے کیلئے تیار

Updated: November 21, 2021, 6:48 AM IST | kolkata

ٹی ۲۰؍ سیریز پر پہلے ہی قابض ہوچکی ہندوستانی ٹیم نیوزی لینڈ کیخلاف آج کلین سویپ کے ارادےسے ایڈن گارڈنس میں اترے گی

Indian team.
ہندوستانی ٹیم

شرما جی  ٹاس جیت رہے ہیں، `مسٹر بھروسہ مند اپنی حکمت عملی سے میچ جتارہے ہیں، جس سے ۳؍میچوں کی ٹی ۲۰؍سیریز ہندوستان نے اپنے نام کرلی ہے۔ ٹیم انڈیا اتوار کو  اب ایڈن گارڈنس پر کیویز کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکنے کی تیاریاں کررہی ہے۔ بالکل اسی طرح جیسے پچھلے سال فروری میں ’مین ان بلیو‘ نے کیویز کو ان کی ہی سرزمین پر ٹی ۲۰؍ سیریز میں صفر۔۵؍ سے شکست دی تھی حالانکہ وہ دور روی شاستری اور وراٹ کوہلی کا تھا اور اب راہل دراوڑ اور روہت شرماکا دور ہے۔
  سیریز جیتنے کے بعد نئے کوچ راہل دراوڑ اور نئے ٹی ۲۰؍ کپتان روہت شرما ایسے کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہیں گے جو بینچ پر ہیں لیکن یہ دونوں ٹیم کے ساتھ کوئی تجربہ نہیں کرنا چاہیں گے کیونکہ اس سے ٹیم کو ترتیب دینے میں نقصان ہوجائے گا اور وہ اپنے فارم کو گنوا سکتی ہے۔اگر ایسا ہوتا ہے تو آخری میچ میں ایک ہی وقت میں اتنے نئے کھلاڑیوں کو موقع ملنے کا امکان نہیں ہے۔ آئی پی ایل کے اسٹار وینکٹیش ایّر نے پہلے ہی میچ میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کیاتھا۔ دوسرے میں ہرشل پٹیل کو موقع دیا گیا   جو بہت موثر بھی تھے۔ تیسرے اور آخری میچ میں تیز گیندباز اویس خان کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے جنہوں نے اب تک کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا ہے۔ ویسے ریتوراج گائیکواڈ، ایشان کشن اور یزویندر سنگھ چہل بھی قطار میں ہیں۔ کسی بھی صورت میں ٹیم انتظامیہ صفر۔۳؍ کی برتری کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کی جانب بڑھنا چاہے گی۔
  گزشتہ ۲؍ میچوں میں اوس کو ایک بڑا عنصر سمجھا جاتا تھا اور یہی وجہ ہے کہ روہت نے دونوں بار ٹاس جیتا اور پہلے گیند بازی کا انتخاب کیا، لیکن ایڈن کے کیوریٹر سوجن مکھرجی کا ماننا ہے کہ ایشین کرکٹ کے گڑھ میں اوس نہیں بلکہ جوش کام کرے گا۔ مکھرجی نے کہا’’ابھی شام میں اتنی اوس نہیں ہے، اس لیے مجھے نہیں لگتا کہ یہ کوئی بڑا عنصر ہو گا۔‘‘ ایڈن کا وکٹ بلے بازوں اور گیندبازوں دونوں کے لیے موزوں ہوگا۔ دن اسی کا ہو گا جو اچھا کھیلے گا۔مکھرجی کے الفاظ کے علاوہ اگر ہم ایڈن میں اب تک ہونے والے ٹی ۲۰؍ میچوں کو دیکھیں تو یہاں کھیلے گئے ۷؍ میچوں میں سے ۵؍ بار تعاقب کرنے والی ٹیمیں جیتی ہیں۔ دوسری طرف ہندوستان کی کرکٹ ٹیم نے یہاں ۴؍ میچ کھیلے ہیں جن میں سے اس نے ۲؍ جیتے ہیں اور ایک میں اسے ہار ہوئی ہے۔ ایک میچ منسوخ ہواہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK