Inquilab Logo

ٹیم انڈیا کا لارڈس کی فتح کا خمار لیڈس میں اترگیا

Updated: August 29, 2021, 8:45 AM IST

لیڈس ٹیسٹ میں انگلینڈ نے اننگز اور ۷۶؍رن سے کامیابی حاصل کرلی۔ ٹیسٹ سیریز ایک ۔ ایک سے برابر۔ انگلش گیندبازوں نے باکمال گیندبازی کا مظاہر ہ کیا

This is how the England team celebrated after dismissing the last Indian player. (PTI)
انگلینڈ کی ٹیم نے ہندوستان کے آخری کھلاڑی کو آؤٹ کرنے کے بعد اس طرح جشن منایا ۔(پی ٹی آئی )

لیڈس (ایجنسی): ہندوستان کے  بلے بازوں نے انگلینڈ کے تیزگیندبازوں کے سامنے چوتھے دن صبح کے سیشن میں ہار مان لی اوراسے تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن سنیچر کو اننگز اور ۷۶؍ رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور انگلینڈ نے اس جیت کے ساتھ۵؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں  ۱۔۱؍ سے برابری کرلی۔ 
 ہندوستان نے لارڈس میں دوسرے ٹیسٹ میں ۱۵۱؍ رن کی جیت میں جو جذبہ دکھایا وہ لیڈس میں نظر نہیں آیا۔ ہندوستان کے کپتان وراٹ کوہلی کا تیسرے ٹیسٹ میں ٹاس جیتنے کے بعد بلے بازی کا فیصلہ غلط ثابت ہوا اور ٹیم انڈیا پہلے دن ۴۱؍اوورس میں۷۸؍ رن پر سمٹ گئی۔ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں۴۳۲؍ رن بنا کر۳۵۴؍ رن کی ریکارڈ برتری حاصل کرلی۔ ہندوستان نے  میچ کے تیسرے دن جدوجہد کرتے ہوئے  ۲؍ وکٹوں پر ۲۱۵؍رن بنائے اور ایسا محسوس ہورہا تھا کہ وہ چوتھے دن تک اس جدوجہد کو جاری رکھے گا لیکن  انگلینڈ نے دوسری نئی گیند  کے ساتھ ٹیم انڈیا کے بلے بازوں کو ہتھیار ڈالنے  پر مجبور کردیا  اور ہندوستان کی  ٹیم  کو۲۷۸؍رن سمیٹ دیا۔ 
 انگلینڈ کی جانب سے اولی رابنسن نے۲۶؍ اوورس میں۶۵؍ رن دے کر سب سے زیادہ ۵؍ وکٹ  لئے۔ انہوں نے سیریز میں دوسری مرتبہ اننگز میں ۵؍ وکٹ لئے۔ کریگ اوورٹن نے۴۷؍ رن دے کر۳؍ وکٹ  جبکہ جیمس اینڈرسن اور آف اسپنر معین علی کو ایک ایک وکٹ ملا۔ انگلینڈ نے صبح کے سیشن میں۵۴؍ منٹ میں۶۳؍ رن دے کر ۸؍ وکٹ لئے ۔
 چوتھے دن کی صبح انگلینڈ نے دوسری نئی گیند لی اور رابنسن نے پجارا کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔ پجارا اپنے اسکور میں کوئی اضافہ نہ کر سکے اور۱۸۹؍ گیندوں پر۱۵؍ چوکوں کی مدد سے۹۱؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پجارا نے اندر آنے والی گیند پر کوئی شاٹ نہ کھیلنے کی کوشش کی ۔ گیند ا ن  کے پیڈ سے ٹکرائی اور اپیل پر امپائر نے  ناٹ آؤٹ  دیا ، انگلینڈ نے ڈی آر ایس کی مدد لی  اور امپائر کو اپنا فیصلہ بدلنا پڑا اور پجارا آؤٹ قرار دیئے گئے۔
 وراٹ نے نائب کپتان  اجنکیا رہانے کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لیے۲۲؍ رن جوڑے۔ وراٹ کو اینڈرسن کی گیند پر امپائر نے آؤٹ دیا لیکن رہانے کی درخواست پر وراٹ نے ڈی آر ایس لیا اور کوہلی ناٹ آؤٹ رہے تاہم وہ اس  موقع  کا زیادہ فائدہ نہیں اٹھا سکے اور رابنسن کی گیند پر پہلی سلپ پر کپتان جو روٹ کے ہاتھوں کیچ  آؤٹ ہوگئے ۔وراٹ  نے۱۲۵؍ گیندوں میں ۸؍ چوکوں کی مدد سے۵۵؍رن بنائے۔ وراٹ کا وکٹ۲۳۷؍رن  کے اسکور پر گر گیا اور ان کے آؤٹ ہونے سے ہندوستان کی میچ بچانے کی امیدیں دم توڑ گئیں۔
 وراٹ کے آؤٹ ہونے کے۲؍ رن بعد ہی رہانے کو اینڈرسن کی گیند پر وکٹ کیپر جوس بٹلر نے کیچ آؤٹ کیا۔ رہانے نے۲۵؍ گیندوں میں ۲؍ چوکوں کی مدد سے۱۰؍ رن  بنائے۔ اس میچ میں بھی رشبھ پنت کا ناقص فارم جاری رہا اور انہوں  نے۷؍گیندوں میں صرف ایک رن بنایا اور اولی رابنسن کی گیند پر سلپ میں اوورٹن کو کیچ دیا۔ 
 محمد سمیع کے آنے پر روٹ نے آف اسپنر معین علی کو گیند تھمائی  اور معین نے بہترین ٹرنر پر  سمیع کو بولڈ کردیا۔ سمیع نے ۸؍ گیندوں پر ۶؍ رن  بنائے جبکہ ایشانت شرما کو رابنسن نے  بٹلر کے ہاتھوں کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ ایشانت نے ۵؍ گیندوں میں ۲؍ رن بنائے۔رویندر جڈیجا ۲۵؍ گیندوں میں ۵؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۳۰؍ رن بنا کر اوورٹن کا شکار بن گئے۔ اوورٹن نے محمد سراج کو کھاتہ کھولنے کا موقع دئیے بغیر جانی بیریسٹو کے ہاتھوں سلپ پر کیچ کروا کر ہندوستان کی اننگز۲۷۸؍رن پرسمیٹ دی۔ 
 ہندوستان کا آخری وکٹ گرتے ہی انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو گلے لگایا اور خوشی کا اظہار کیا۔ ہندوستان  کی دوسری اننگز میں ۵؍ وکٹ  سمیت میچ میں مجموعی طور پر۷؍ وکٹ لینے والے گیندباز اولی رابنسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سیریز کا چوتھا میچ۲؍ ستمبر سے لندن کے اوول میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK