Inquilab Logo

ٹیم انڈیا انگلینڈ کے خلاف بقیہ ۲؍ ٹیسٹ میچ بھی جیتےگی

Updated: February 19, 2021, 1:08 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق تیز گیندباز شعیب اختر کا کہنا ہے کہ مہمان ٹیم پر زبردست دباؤ رہے گا اور اس کا فائدہ ہندوستان کو ملنا طے ہے

Team India.Picture:INN
ٹیم انڈیا۔تصویر :آئی این این

ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والی ۴؍ ٹیسٹ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے ۲؍ مقابلے کھیلے جا چکے ہیں اور دونوں ہی ٹیمیں ایک ایک میچ جیت کر برابری پر ہیں۔دنوں ٹیموں کے درمیان آئندہ ۲؍ٹیسٹ میچ احمد آباد کے موٹیرا اسٹیڈیم میں کھیلے جا ئیں گے۔ یاد رہے کہ سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ ڈے نائٹ ہوگا جو ۲۳؍فروری سے دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم موٹیرا میں کھیلا جا ئے گا۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ سے قبل پاکستان کے سابق تیز گیندباز شعیب اختر نے کہا ہے کہ موجودہ ٹیسٹ سیریز ہندوستان ایک کے مقابلے ۳؍ٹیسٹ میچوں سے جیت لےگا۔شعیب اختر نے اپنے یو ٹیوب چینل کے ذریعےکہا کہ ٹیم انڈیا نے جس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اسے دیکھتے ہوئے مجھے لگتا ہے کہ میزبان ٹیم یہ سیریز ایک۔۳؍سے جیت لےگی۔ انہوںنے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں ۲۲۷؍رنوں سے شکست کھانے کے بعد ہندوستانی ٹیم پر زبردست تنقید کی گئی تھی حالانکہ میں نے اسی وقت کہہ دیا تھا کہ یہ ٹیم آئندہ میچ میں زبردست واپسی کرے گی اور ایسا ہی ہوا۔ ٹیم انڈیا نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو ۳۱۷؍رنوں کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔ شعیب اختر نے مزید کہا کہ جب روہت شرما جیسا بلے باز۱۶۰؍رنوں کی اننگز کھیل رہا ہو اور آر اشون آخری صف میں بلے بازی کرتے ہوئے سنچری بنار ہے ہوں تو ایسی حالت میں انگلینڈ کیلئے مشکلات مزید بڑھنے کی امید کی جا سکتی ہے۔ ہندوستان کو یہ بات اچھی طرح پتہ تھی کہ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنانے کی امیدیں برقرار رکھنے کےلئے انہیں یہ میچ جیتنا ہی ہوگا۔یہی وجہ تھی کہ ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔مجھے امید ہے کہ آئندہ ۲؍ٹیسٹ میچوں میں ٹیم انڈیا اپنے شاندار کھیل کو برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی اور انہیں جیتنے کےلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا دے گی لیکن یہ بات بھی درست ہے کہ انگلینڈ آسانی سے ہار ماننے والی ٹیم نہیں ہے۔جو روٹ کی کپتانی میں انگلینڈ نے سری لنکا کو انہی کے گھر میں شکست دی ہے اور ہندوستان کو بھی انہوںنے پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دی تھی۔مجھے یقین ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان بقیہ دونوں ٹیسٹ میچ شاندار ہوںگے اور دونوں ہی ٹیمیں انہیں جیتنے کی کوشش کریںگی۔ پاکستانی تیز گیندباز نے کہا کہ جس طرح سے ٹیم انڈیا نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اس کی وجہ سے انگلینڈ پر زبردست دباؤ رہے گا اور اسی کا فائدہ کوہلی اینڈ کمپنی اٹھانے کی پوری کوشش کرےگی۔جس ٹیم کے افتتاحی بلے باز اور آخری صف کے بلے باز سنچری بنانے کی صلاحیت رکھتے ہوں انہیں ان کے ہی گھر میں شکست دینا آسان نہیں ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK