Inquilab Logo

لارڈس پر آج ٹیم انڈیاجھولن کوالوداع کہے گی

Updated: September 24, 2022, 12:47 PM IST | Agency | London

ہندوستان اور انگلینڈ کی خواتین ٹیم کے درمیان تیسرا یکروزہ میچ آج۔ ہندوستان سیریز میں کلین سویپ کرنے کا متمنی ۔انگلینڈ بھی میچ کیلئے تیار

Jhulan Goswami .Picture:INN
جھولن گوسوامی۔ تصویر:آئی این این

 خواتین کرکٹ میں تیز گیند بازی کی مثال بننے والی جھولن گوسوامی سنیچرکو لارڈس میں اپنے کریئر کا آخری میچ جیتنا چاہیں گی۔دوسری طرف  ہندوستانی ٹیم انگلینڈ کی خواتین ٹیم کو ۳؍ ایک روزہ میچوں کی سیریز  میں صفر۔۳؍ سے کلین سویپ کرنے کی کوشش کرے گی اور جھولن گوسوامی کو ایک یادگار الوداعیہ دینا چاہے گی۔ لارڈس میں کرکٹ کھیلنا کسی بھی کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے اور اس گراؤنڈ پر سنچری اسکور کرنا یا ۵؍ وکٹ لینا ایک بڑی کامیابی سمجھی جاتی ہے لیکن اس تاریخی گراؤنڈ پر بہت کم کھلاڑیوں کو اپنے کرکٹ کریئر کا آخری میچ کھیلنے کا  موقع ملتا ہے۔ سنیل گاوسکر (حالانکہ انہوں نے اپنا آخری فرسٹ کلاس میچ یہاں کھیلا) کو بھی یہ موقع نہیں ملا۔ سچن تینڈولکر ہوں یا برائن لارا یا گلین میک گرا، کسی کو بھی لارڈس میں اپنا آخری میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ یہاں تک کہ میتھالی  راج، جو تقریباً ۲۰؍ سال تک جھولن کی ساتھی کرکٹر تھیں، کو کرکٹ کے میدان پر اپنے کریئر کا الوداع کہنے کا موقع نہیں ملا لیکن خوش قسمتی دیکھیں کہ گوسوامی اپنا آخری میچ لارڈس میں کھیلنے جا رہی ہیں۔  ہندوستان نے پہلے ہی ۳؍ میچوں کی سیریز میں صفر۔۲؍کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے لیکن ہرمن پریت کور اور ان کے ساتھی کلین سویپ کے ساتھ جھولن کو یادگار الوداعیہ دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ۲؍ میچوں میں کھیل کے ہر شعبے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اورٹیم  اس فارم کو برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔ ہندوستان کیلئے سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ کپتان ہرمن پریت اپنے فارم میں واپس آگئی ہیں۔ انہوں نے پہلے ۲؍ میچوں میں ناقابل شکست ۷۴؍رن اورناٹ آؤٹ ۱۴۳؍ رن بنائے۔ ہندوستان کیلئے تاہم شیفالی کا فارم تشویش کا باعث ہے جو گزشتہ کچھ عرصے سے رن بنانے کیلئے جدوجہد کر رہی ہیں۔ ہرلین دیول نے مڈل آرڈر میں اپنی جگہ مضبوط کر لی ہے لیکن تیز گیند بازوں میگھنا سنگھ، رینوکا ٹھاکر اور پوجا وستراکر کو جھولن گوسوامی کے ریٹائرڈ ہونے کے بعد اپنے کھیل کو بہتر کرنا ہو گا۔ جہاں تک انگلینڈ کا تعلق ہے، وہ کپتان ہیتھر نائٹ (انجری کی وجہ سے) اور اسٹار آل راؤنڈر نیٹ سیکیور (ذہنی صحت کی  وجہ سے) کی کمی محسوس کر رہی  ہیں اور اس سے ٹیم کا توازن بھی بگڑ گیا ہے۔ ہندوستان نے آخری بار۱۹۹۹ء میں انگلینڈ میں ون ڈے سیریز جیتی تھی اس وقت جھولن نے اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو بھی نہیں کیا تھا۔ اب وہ اپنا ۲۰۴؍  واں اور آخری میچ کھیلنے کیلئے تیار ہیں۔ ان کے نام ۲۵۳؍ بین الاقوامی وکٹ ہیں۔ مغربی بنگال کے ایک چھوٹے سے شہر چکدا سے تعلق رکھنے والی یہ کرکٹر گزشتہ۲۰؍برسوں سے ہندوستانی حملے کی قیادت کر رہی ہیں۔ وہ آئی سی سی ویمن کرکٹر آف دی ایئر بن گئی ہیں۔ شیفالی ورما اور رِچا گھوش اس وقت پیدا بھی نہیں ہوئی تھیں جب جھولن پہلی بار ہندوستان کیلئے کھیلی تھیں اور جیمائمہ روڈریگیز شاید گودی میں کھیل رہی ہوں گی۔ اس وقت ہرمن پریت کور بھی کرکٹربننے کا خواب دیکھ رہی تھیں اور اب جب کہ وہ ریٹائرڈ ہو رہی ہیں، ہرمن پریت ان کی کپتان ہیں اور شیفالی، جیمائمہ، رچا اور یاستیکا بھاٹیہ ان کی ساتھی کھلاڑی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK