Inquilab Logo

یکروزہ سیریز میں ٹیم انڈیا کا مکمل صفایا

Updated: January 25, 2022, 12:24 PM IST | Agency | Cape Town

تیسرے اور آخری ون ڈے میں جنوبی افریقہ کی ۴؍رن سے فتح۔ سیریز پر صفر۔۳ ؍ سے قبضہ۔ کوئنٹن ڈی کاک مین آف دی میچ رہے

South Africa`s one-day series winning team.Picture:INN
جنوبی افریقہ کی یکروزہ سیریز جیتنے والی ٹیم ۔ تصویر: آئی این این

سلامی بلے باز کوئنٹن ڈی کاک (۱۲۴؍رن) کی بہترین سنچری اور آخری اوورمیں گیند بازوں کی فیصلہ کن کارکردگی سے جنوبی افریقہ نے ہندوستان کو تیسرے اور آخری ون ڈے میں ۴؍ رن سے شکست دے کر سیریز کوصفر۔۳؍ سے کلین سویپ کر لیا ۔ڈی کاک کی سنچری اور مڈل آرڈر بلے باز رسی وان ڈیر ڈوسن (۵۲؍رن) کی نصف سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ نے۴۹ء۵؍ اوور میں۲۸۷؍ رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا جبکہ ہندوستانی ٹیم ۴۹ء۲؍اوور میں۲۸۳؍ رن پر سمٹ گئی ۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹیسٹ سیریز۱۔۲؍ سے جیتی تھی۔ ہندوستان نے ہدف کا اچھی طرح تعاقب کیا لیکن بلے بازوں نے ٹک کر کھیلنے  کے بعد اپنی وکٹ گنوائیں ۔ شکھر دھون نے۶۱، وراٹ کوہلی نے۶۵؍رن اور سوریہ کمار یادو نے۳۹؍ رن بنائے جبکہ دیپک چاہر نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے۳۴؍گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے۵۴؍ رن بنائے۔  اس دوران رشبھ پنت بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں صفر پر آؤٹ ہو گئے۔  ہندوستان نے اپنے۷؍ وکٹ ۲۲۳؍ رن پرگنوا دی تھیں، لیکن دیپک نے بہترین اننگز کھیلتے ہوئے ہندوستان کو ہدف کے قریب پہنچا دیا ۔ دیپک ایک شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ٹیم کے۲۷۸؍رن کے اسکور پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ جسپریت بمراہ۱۵؍ گیندوں پر ۱۲؍ رن بنا کر۲۸۱؍رن کے اسکور پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ہندوستان کا ایک وکٹ باقی تھا جبکہ آخری اوور میں ۶؍ رن درکار تھے۔ ڈوین پریٹوریس نے یزویندر چہل کو ڈیوڈ ملر کے ہاتھوں کیچ کروا کر ہندوستانی اننگز سمیٹ دی ۔  ہندوستان کو اس طرح دورے میں مسلسل ۵؍ویں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ جنوبی افریقہ کیلئے لونگی اینگیڈی اور اینڈیل فہلکوائیو نے ۳۔۳؍ جبکہ پریٹوریس نے  ۲؍وکٹ لئےتھے ۔ کوئنٹن ڈی کاک کو پلیئر آف دی میچ کے ساتھ ساتھ پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی ملا۔ اس سے قبل ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیاتھا اور سیریز میں پہلی بارجنوبی افریقہ کو لگاتار ابتدائی جھٹکے دیئے۔ اس کے باوجود جنوبی افریقہ نے ڈی کاک اور  ڈیر ڈوسن کے درمیان چوتھے وکٹ کیلئے ہوئی ۱۴۴؍ رن کی زبردست شراکت اور آخر میں ڈیوڈ ملر کی ۳۹؍ رن کی بہترین اننگز کی بدولت۲۸۷؍ رن کا مشکل اسکور بنا لیا ۔ ڈی کاک نے۱۲؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے۱۳۰؍ گیندوں پر۱۲۴؍ رن بنا کر کریئر کی۱۷؍ویں اور ہندوستان کے خلاف چھٹی سنچری بنائی ۔ وہیں  ڈیر ڈوسن نے۵۹؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۵۲؍ اور ملر نے ۳۸؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۳۹؍ رن بنائے۔ ہندوستان نے ۲۱۴؍رن  کے اسکور پر ڈی کاک کے طور پر جنوبی افریقہ کا چوتھا وکٹ لینے کے بعد شاندار واپسی کی ۔ ہندوستانی گیند بازوں نے آخری۹ء۵؍ اوور میں۵۹؍ رن دے کر ۵؍ وکٹ لئے۔ سیریز کا پہلا میچ کھیل رہے نوجوان تیز گیند باز پرسدھ کرشنا نے۹ء۵؍ اوور میں۵۹؍ رن دے کرسب سے زائد ۳  جبکہ دیپک چاہر اور نائب کپتان جسپریت بمراہ نے بالترتیب ۸؍ اوور میں۵۳؍ رن پر ۲؍ اور۱۰؍ اوور پر۵۲؍ رن دے کر ۲؍ وکٹ لئے ۔ لیگ اسپنر یزویندر چہل نے بھی ایک وکٹ لیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK