Inquilab Logo

جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیم انڈیا کا ’کرو یا مرو ‘مقابلہ

Updated: January 21, 2022, 1:04 PM IST | Agency | Paarl

؍۳؍میچوں کی یکروزہ سیریز میں برقرار رہنے کیلئے ہندوستان کا میچ جیتنا ضروری،مڈل آرڈر بلے بازوں سے بہتر کارکردگی کی امید

Team India will have to perform all round to win.Picture:INN
ٹیم انڈیا کو کامیابی حاصل کرنے کیلئے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ تصویر: آئی این این

یکروزہ سیریز کے پہلے میچ میں ۳۱؍رنوں سے شکست کے بعد ٹیم انڈیا کو اگر ۳؍میچوں کی اس سیریز میں اپنی امیدو ں کو برقرار رکھنا ہے تو بلے بازوں کو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔سیریز میں کے ایل راہل کی کپتانی پر بھی سب کی نظریں ہوںگی۔پہلے میچ میں کے ایل راہل بحیثیت کپتان اور بلے بازناکام ثابت ہوئے تھے۔اب جبکہ انہیں ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کےدعویداروں میں شامل کیا جا رہا ہے تو اس سیریز میں انہیں بہت کچھ ثابت کرنے کی ضرورت ہے۔ ہندوستانی بلے بازوںنے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے میچ میںمایوس کیا۔جب وراٹ کوہلی کپتان تھے تب سے ہی ٹیم انڈیا کا مڈل آرڈربہتر کارکردگی میں ناکام رہاہے۔مڈل آرڈر میں بلے بازوں کی ناکامی ٹیم انتظامیہ کےلئے پریشانی کا سبب بنی ہوئی  ہے جس کا حل ابھی تک تلاش نہیں کیا جا سکا ہے۔افتتاحی بلے باز شکھر دھون نے ہاف سنچری اننگز کھیل کرٹیم میں اچھی واپسی کی ہے۔انہوں نے وراٹ کوہلی کے ساتھ مل کر پہلے میچ میں فتح حاصل کرنے کی امیدوں کو زندہ رکھا تھا لیکن یہ پارٹنرشپ ٹوٹنے کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا کا مڈل آرڈر بکھر گیا۔ جنوبی افریقہ پہلے میچ میں حالات کا بہتر استعمال کرنے میں کامیاب رہا۔ ٹیم انڈیا کے کپتان کے ایل راہل اور ٹیم  انتظامیہ سے یہی سوال کیا جا رہا ہے کہ اگر وینکٹیش ایر سے گیند  بازی نہیں کروانی تھی تو انہیں ٹیم میں شامل کیوں کیا گیا تھا۔جب وان ڈر ڈوسین اور باؤما شاردل ٹھاکر اور یزویندر سنگھ چہل کی گیندبازی کو آرام سے کھیل رہے تھے تو ایسے میں وینکٹیش ایر کو چھٹے گیندبازکے طور پر کیوں استعمال نہیں کیا گیا۔اگر وینکٹش کو چھٹے نمبر پر بلے باز کے طور پر شامل کیا گیا تھا تو سوریہ کمار یادو کو کیوں نہیں موقع دیا گیا جو تجربہ کار بھی ہیں اور اچھے بلے باز بھی ہیں۔جب ہندوستان کے اہم گیند باز درمیانی اوورز میں کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہے تو سب کی نظریں اس  انتظار میں تھیں کہ کب کپتان لوکیش راہل  ڈیبیو کرنے والے ایر کو گیندسونپیں گے حالانکہ ایسا ہوا نہیں۔  اس تعلق سے ہندوستان کے ٹاپ آرڈر بلے باز شکھر دھون نے کہا کہ چھٹے گیندباز  کے طور پر  آل راؤنڈر وینکٹیش ایر کو جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میں گیند بازی کرنے کی ضرورت نہیں پڑی ۔دھون نے ورچوئل کانفرنس میں کیا کہ ایر کی ضرورت نہیں تھی۔ اسپنروں نے اچھا کام کیا کیونکہ وکٹ ٹرن ہورہی تھی۔ اس لئے ان کی ضرورت نہیں تھی۔ جب درمیانی اوور میں وکٹیں نہیں گریں تو اہم گیندبازوں کو  کامیابی دلانے کیلئے واپس لانے کا منصوبہ تھا لیکن انہیں کامیابی نہیں ملی اس لئے اسپنروں کو واپس لایا گیا۔ جہاں تک دوسرے یکروزہ میچ کا تعلق ہے تو یہ ٹیم انڈیاکےلئے کرو یا مرو کا مقابلہ ہوگا کیوںکہ دوسرے میچ میں شکست کے ساتھ جنوبی افریقہ سیریز میں ناقابل تسخیر مرتری حاصل کرلےگا۔ میچ جیتنے کےلئے کپتان کے ایل راہل کو بہتر قیادت کے ساتھ ساتھ بلے بازی میں بھی ہاتھ دکھانے ہوںگے جبکہ مڈل آرڈر بلے بازوں کو بھی بڑی اننگز کھیلنی ہوگی۔ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو بھی  ٹیم کواچھا آغاز فراہم کرنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK