Inquilab Logo

ٹیم انڈیا کا خواب چکنا چور،انگلینڈ نے ۱۰؍وکٹوں سے ہرا کرفائنل میں قدم رکھا

Updated: November 11, 2022, 12:49 PM IST | Agency | Adelaide

ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہندوستان کی شرمناک شکست،کوہلی اور پانڈیا کی نصف سنچریوں پر بٹلر اور ہیلز کی ہاف سنچریاں بھاری،انگریز ٹیم کاخطاب کےلئے فائنل میں پاکستان سے مقابلہ ہوگا

Team India`s attacking batsman Virat Kohli got a disappointing hand despite scoring 296 runs in the 2 .Picture:PTI
ٹیم انڈیا کے جارح بلے باز وراٹ کوہلی کو ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ میں ۲۹۶؍رن بنانے کے باوجود مایوسی ہاتھ لگی۔۔ تصویر:پی ٹی آئی

 طویل عرصہ سے آئی سی سی ٹرافی جیتنے کی منتظر ہندوستانی ٹیم سے اس بار ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ کا خطاب جیتنے کی امید تھی۔ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک پہنچنے میں ٹیم نے متحد ہوکر شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن سیمی فائنل میں آکر ٹیم انڈیا کا سفر رک گیا۔خطاب جیتنے کے خواب کو انگلینڈ نے چکنا چور کردیا۔ ایلکس ہیلز (۸۶؍ناٹ آؤٹ) اور جوس بٹلر (۸۰؍ ناٹ آؤٹ) کی نصف سنچریوں کی بدولت انگلینڈ نے جمعرات کو ٹی ۔۲۰؍ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہندوستان کو ۱۰؍وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان کے ساتھ  فائنل میں جگہ بنالی۔ہندوستان نے انگلینڈ کو جیت کیلئے۱۶۹؍ رنوں کا  ہدف دیا تھا  جسے بٹلر اورہیلز کی جوڑی نے ۴؍ اوور باقی رہتے حاصل کر لیا۔ایلکس ہیلز نے ۴۷؍گیندوں پر ۴؍ چوکوں اور ۷؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۸۶؍رن بنائے جبکہ کپتان بٹلر نے ۴۹؍گیندوں پر ۹؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۸۰؍رنوں کی اننگز کھیلی۔  بٹلر اور ہیلز کی جوڑی نے ۱۶۹؍رنوں کے تعاقب میں دھماکہ خیز آغاز کیا۔ دونوں نے پاور پلے میں انگلینڈ کیلئے۶۳؍ رن جوڑے جبکہ ہندوستان ایک وکٹ کے نقصان پر ۳۸؍رن ہی بنا سکاتھا۔بٹلر ہیلز نے دھماکہ خیز آغاز کو بڑے اسکور میں تبدیل کرتے ہوئے ۱۱؍ویں اوور میں ۱۰۰؍ رنوں کا ہندسہ چھو لیا جبکہ بٹلر نے ۱۶؍ ویں اوور کی آخری گیند پر چھکا لگا کر انگلینڈ کو فائنل میں پہنچا دیا۔ یہ ٹی۔۲۰؍ ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی سب سے زیادہ اور ٹی۔۲۰؍ انٹرنیشنل میں دوسری سب سے بڑی شراکت ہے۔ اس کے علاوہ یہ ہندوستان کے خلاف پہلے وکٹ کیلئے  سب سے بڑی شراکت ہے۔ اس سے قبل بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹی ۔۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۱ءمیں پاکستان کو ہندوستان کے خلاف ۱۵۲؍رنوں کی ناٹ آؤٹ شراکت داری سے فتح دلائی تھی۔ اس سے قبل ہندوستان نے ہاردک پانڈیا کی ۶۱؍رنوں کی دھماکہ خیز اننگز پر ۱۶۸؍ رن بنائے تھے۔ وراٹ کوہلی بھی ہاف سنچری بنائی لیکن ۵۰؍رن بنانے کے بعد وہ آؤٹ ہوگئے۔کوہلی اور پانڈیا کی نصف سنچریوں پر  انگلینڈ کے بلے بازوں بٹلر اور ہیلز نے پانی پھیر دیا اور ٹیم انڈیا کو شرناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کرس جورڈن نے شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۳؍وکٹیں حاصل کیں۔
فائنل میں انگلینڈ  اور پاکستان کی ٹکر
 میلبورن میں اتوار کو ہونے والے فائنل میں انگلینڈ اور پاکستان دونوں ٹیمیں دوسری بار ٹی ۔۲۰؍ ورلڈ کپ کا  خطاب جیتنے کا دعویٰ پیش کریں گی۔ انگلینڈ نے اس سے قبل ۲۰۱۰ءمیں ٹائٹل جیتا تھا جبکہ اسے ٹی ۔۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۱۶ءکے فائنل میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔دوسری جانب پاکستان نے ۲۰۰۹ءمیں ٹی ۔۲۰؍ ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنے نام کی تھی اور یہ ان کا دوسرا فائنل ہے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ۱۹۹۲ء کے ورلڈ کپ کا فائنل بھی انگلینڈ میں کھیلا گیا تھا جہاں عمران خان کی ٹیم نے انگلینڈ کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK