• Tue, 02 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹیسٹ سیریز :جنوبی افریقہ کیلئے ہندوستان میں سخت آزمائش

Updated: December 02, 2025, 12:55 PM IST | Agency | Kolkata

جنوبی افریقہ نے ۱۵؍ سال سے ہندوستان میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا ہےمگرڈبلیوٹی سی جیتنے کے بعد سے اب تک کوئی سیریز  ہاری بھی نہیں ہے۔

South African team players practice at Eden Gardens in Kolkata. Photo: PTI
جنوبی افریقی ٹیم کے کھلاڑی کولکاتا کے ایڈن گارڈنز میںپریکٹس کررہے ہیں۔ تصویر:پی ٹی آئی
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن جنوبی افریقہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے ہندوستان  کے د ورہ پر ہے۱۴؍ سے۱۸؍ نومبرتک کولکاتا میں پہلا ٹیسٹ کھیلا جائے گا ۔ یہ دورہ افریقی ٹیم کیلئے مشکل ہوگاکیونکہ اس نے ۱۵؍ سال سے ہندوستان  میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا ہے۔ تاہم، جنوبی افریقہ نے جون۲۰۲۵ء میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ(ڈبلیو ٹی سی) جیتنے کے بعد سے کوئی سیریز نہیں ہاری ہے۔دونوں ٹیسٹ میچ کولکاتا اور گوہاٹی میں ہوں گے ۔ یہاں کی اسپن دوستانہ پچوں پر رویندر جڈیجا، واشنگٹن سندر اور اکشر پٹیل جیسے اسپن آل راؤنڈر ہندوستان کی سب سے بڑی طاقت ثابت ہوں گے۔ ان تینوں کے ساتھ ساتھ چائنا مین کلدیپ یادو بھی جنوبی افریقی بلے بازوں کے لیے اہم مسئلہ بن سکتے ہیں۔
زمبابوےکو۰-۲؍ سے ہرایا ، پاکستان میں ڈرا
جنوبی افریقہ  نے ۱۱؍ اور۱۴؍جون کے درمیان لندن کے لارڈز اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کو شکست دے کر ڈبلیو ٹی سی ٹائٹل جیتا تھا۔اس کے بعد افریقی ٹیم نے اپنا دورۂ زمبابوے۰-۲؍ کے کلین سویپ سے مکمل کیا جب کہ پاکستان کے خلاف دو میچوں کی سیریز۱-۱؍سے برابری پر ختم ہوئی۔شبھ من گل کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم جنوبی افریقہ  کے ناقابل تسخیر سلسلے کو روک سکتی ہے۔درج ذیل کچھ عوامل ہندوستان کے حق میں ہوسکتے ہیں:
 جنوبی افریقہ۱۵؍ سال سےہندوستان میں نہیں جیتا ہے
جنوبی افریقہ نے۱۵؍سا ل  سے ہندوستانی سرزمین پر کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا ہے۔ ٹیم کو آخری فتح ۲۰۱۰ء  میں ناگپور میں گریم اسمتھ کی کپتانی میں ملی تھی۔ جنوبی افریقہ نے ہندوستان کو اننگز اور ۶؍ رن سے شکست  دی تھی۔ ہاشم آملہ  نے ۲۵۳؍ رن کی شاندار اننگ کھیلی اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ اس میچ کے بعد سے، دونوں ٹیموں نے ہندوستان میں۸؍ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں سے افریقہ کو ۷؍  میں شکست ملی ہے اورایک میچ  ڈرا رہا ہے۔جنوبی افریقہ نے پہلی بار ۱۹۹۶ء میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔۱۹۹۹ء میں، اس نے ہندوستان میں اپنی پہلی اور واحد ٹیسٹ سیریز جیتی تھی۔ اب تک دونوں ٹیمیں ہندوستان میں ۷؍ ٹیسٹ سیریز کھیل چکی ہیں۔ ہندوستان نے۴؍، جنوبی افریقہ نے ایک جیتا جبکہ۲؍ سیریز ڈرا  رہیں۔
 سست وکٹوں پر بیٹنگ کرنا آسان نہیں
ہندوستانی پچیں جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کیلئے ایک بڑا درد سر بن سکتی ہیں۔ سیریز کا پہلا میچ کولکاتا اور دوسرا گوہاٹی میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی پچیں عام طور پر سست اور اسپن کیلئے سازگار ہوتی ہیں جس کی وجہ سے یہاں افریقی بلے بازوں کے لیے بلے بازی مشکل ہوتی ہے۔
 کیشو مہاراج کے علاوہ کسی کے پاس تجربہ نہیں 
۱۵؍ روز قبل ہندوستانی دورے کیلئے اعلان کردہ جنوبی افریقی ٹیم میں تین ماہر اسپنرز شامل کئےگئے۔ کیشو مہاراج کے علاوہ ان میں کوئی اور تجربہ کار اسپنر نہیں ہے۔ کیشو مہاراج نے اب تک۶۰؍ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں ۲۱۲؍ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ سائمن ہارمر کے پاس۱۲؍ اور ایس متھوسوامی کو صرف ۷؍ ٹیسٹ میچوں کا تجربہ ہے۔ سائمن نے ۵۲؍وکٹیں حاصل کیں اور۳ء۰۵؍کے اکنامی ریٹ سے گیندبازی کی۔ایس متھو سوامی آل راؤنڈر ہیں۔ انہوں نے دو نصف سنچریاں اسکور کی ہیں اور اب تک۲۷۹؍ رن بنائے ہیں۔ انہوں نے۲۲؍وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔
ہندوستان کے  پاس۳؍ اسپن آل راؤنڈر ہیں اور کلدیپ یادو بھی
ہندوستان کے پاس ۳؍ اسپن آل راؤنڈر ہیں۔ مزید برآں چائنا مین گیندباز کلدیپ یادو کو بھی جنوبی افریقہ کے خلاف اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ان چاروں کھلاڑیوں کی کارکردگی پر ایک نظرڈالتے ہیں:
رویندر جڈیجا : ہندوستانی اسپن آل راؤنڈر رویندر جڈیجا نے ۸۷؍ ٹیسٹ میچوں میں ۳۳۸؍ وکٹیں حاصل کی ہیں جن میں سے ۲۴۶؍ ہندوستانی پچوں  پر ملی  ہیں۔
واشنگٹن سندر: آف اسپنر واشنگٹن سندر نے۱۵؍ ٹیسٹ میچوں میں ۳۵؍ وکٹیں حاصل کی ہیں جن میں سے ۲۱؍ انہیں گھریلو میدانوں پر ملی ہیں۔
اکشر پٹیل: آف اسپنر اکشر پٹیل  نے ۱۴؍ میچوںمیں ۵۵؍ ٹیسٹ وکٹیں حاصل کی ہیں جن میں سے۴۷؍ وکٹیں انہیں ہندوستان میں ملی ہیں۔
کلدیپ یادو: چائنا مین اسپنر کلدیپ یادو ہندوستان کے اسپن ڈپارٹمنٹ کی قیادت کرتے ہیں۔ انہوں نے۱۵؍ میچوں میں۶۸؍وکٹیں حاصل کی ہیں۔ کلدیپ نے ہندوستان میں ۵۰؍ وکٹیں حاصل کی ہیں۔
 گھریلو پچوں پر ہندوستانی ٹیم کی زبردست کارکردگی
ہندوستان کے پاس گھریلو سرزمین پر مسلسل سب سے زیادہ ٹیسٹ سیریز جیتنے کا عالمی ریکارڈ ہے۔ ٹیم نے۲۰۱۲ء سے ۲۰۲۴ء تک لگاتار۱۸؍ٹیسٹ سیریز جیتی ہیں۔ یہ جیتنے کا سلسلہ گزشتہ سال نیوزی لینڈ نے روک دیا تھاجس نے ہندوستان کو ۰-۳؍سے کلین سویپ کیا تھا ۔ ہندوستانی ٹیم نے گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کو۲؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں مات دی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK