Inquilab Logo

ایّر کی بدولت نائٹ رائیڈرس نے دہلی کو مات دی

Updated: October 15, 2021, 1:10 PM IST | Agency | Sharjah

دوسرے کوالیفائر میں کولکاتا کی ٹیم نے دہلی کیپٹلس کوآخری اوور میں ۳؍وکٹ سے شکست دے دی۔ ایّرکی مفید نصف سنچری

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

گیندبازوں کی بہترین کارکردگی کے بعد سلامی بلے باز وینکٹیش ایّر (۵۵؍رن) اور شبھمن گل (۴۶؍رن) کی بہترین اننگز اور اس کے بعد آخری اوور کی ۵؍ویں گیند پر راہل ترپاٹھی کے زبردست چھکے سے کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے دہلی کیپٹلس پر بدھ کو دوسرے کوالیفائر میں ۳؍ وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے فائنل میں جگہ بنا لی ، جہاں اس  کا مقابلہ جمعہ کو  چنئی سپر کنگز سے دبئی میں ہوگا۔ دہلی نے سلامی بلے باز شکھر دھون (۳۶؍رن) اور سابق کپتان شریس ایّر (ناٹ آؤٹ۳۰؍رن) کی اننگز کی مدد سے ۲۰؍ اوور میں۵؍ وکٹوں پر۱۳۵؍رن بنائے لیکن ایّر اور گل نے ابتدائی شراکت   میں۱۲ء۲؍ اوور میں۹۶؍ رن جوڑ کر ہدف کو آسان  بنا دیا ۔ لیکن اس کے بعد اس کی بلے بازی ٹھیک نہیں رہی اور اس نے ۷؍ رن کے وقفے میں ۶؍ وکٹ گنوا دیں اور اس کا اسکور۱۹ء۴؍ اوور میں ۷؍ وکٹوں پر۱۳۰؍ رن ہو گیا ، لیکن ترپاٹھی نے آخری اوور میں آف اسپنر روی چندرن اشون کی ۵؍ویں گیند پر سیدھا چھکا مار کر کولکاتاکو فائنل میں پہنچا دیا ۔ دہلی پچھلے سیزن میں رنر اپ رہی تھی لیکن اس باراس کا سفر دوسرے کوالیفائر میں ختم ہو گیا ۔   کولکاتا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔شکھر نے۳۹؍ گیندوں پر۳۶؍ رن میں ایک چوکا اور ۲؍ چھکے لگائے ۔ پرتھوی شا۱۲؍ گیندوں میں ۲؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۱۸؍رن بنا کرورون چکرورتی کی گیند پر ایل بی ڈبلیوآؤٹ ہوئے۔ شکھر کو بھی چکرورتی نے شکیب الحسن کے ہاتھوں کیچ کروایا ۔تیسرے نمبر پر بھیجے گئے مارکس اسٹوئنس۲۳؍ گیندوں پر صرف ایک چوکا لگا کر۱۸؍ رن ہی بنا سکے۔ اسٹوئنس کو شیوم ماوی نے بولڈ کیا۔ کپتان رشبھ پنت ۶؍ گیندوں پر ۶؍ رن بنا کر لوکی فرگیوسن کا شکار بنے ۔ شیمرون ہتمائر نے ۱۰؍ گیندوں میں ۲؍ چھکوں کی مدد سے۱۷؍ رن بنائے اور سنگل نکالنے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوئے ۔ شریس ایّر نے اچھا کھیلتے ہوئے کچھ اچھے شاٹس لگائے  اور آخری گیند پر چھکا لگا کر دہلی کو۱۳۵؍رن  تک پہنچا دیا۔ایّر نے۲۷؍ گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ۳۰؍ رن بنائے۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرس کی جانب سے چکرورتی  نے ۲۶؍رن پر ۲؍ وکٹ لئے  جبکہ فرگیوسن اور ماوی نے ایک ایک وکٹ کیا۔  ایّر کو ان کی اچھی بلے بازی کیلئے مین آف دی میچ منتخب کیا گیا۔ وہ اس سیزن میں کولکاتا کیلئے بہت اچھا کھیل رہے  ہیں اور ان سے فائنل میں بھی اچھے کھیل کی امید کی جارہی ہے۔  ایّر اس آئی پی ایل کی کھوج قرار دیئے جاسکتے ہیں او رانہیں ورلڈکپ  ٹیم میں موقع ملنے کا امکان ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK