Inquilab Logo

جون سے آسٹریلوی فٹبال لیگ کا آغاز

Updated: May 16, 2020, 5:06 AM IST | Sydney

اے ایف ایل کے مطابق تمام ۱۸؍ کلب ۲۵؍مئی سے ٹریننگ شروع کریں گے۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے مارچ میں ملتوی ہونے والی آسٹریلوی فٹبال لیگ (اے ایف ایل )۱۱؍ جون سے شروع ہو گی۔خیال رہے کہ جرمنی کی بنڈس لیگا کو آئندہ ہفتے سے شروع کرنے کا پہلے ہی اعلان کیا جاچکا ہے ۔اے ایف ایل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر گلون میکلاچلن نے صحافیوں کو بتایا کہ تمام ۱۸؍ کلب ۲۵؍مئی سے ٹریننگ شروع کریں گے اور پروگرام ۴؍ سے۶؍ ہفتے کے وقفے میں جاری کیا جائے گا۔کھلاڑی اور عملے کا میدان پر اترنے سے پہلے کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا اور سب کو پروٹوکول پر عمل کرنا ضروری ہو گا ۔ پروٹوکول کے مطابق تمام کھلاڑیوں ، عملے اور امپائر کو ہفتے میں ۲؍ بار ٹیسٹ کروانا ہوگا۔ میکلاچلن نے کہا کہ کھلاڑیوں ، حکام اور عملے کی حفاظت کے لئے پروٹوکول پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے  صحت کے حکام کو میچ کے انعقاد کی منظوری دینے کے لئے شکریہ ادا کیا۔ دوسری جانب جرمن قومی فٹبال ليگ بنڈس ليگا آئندہ ہفتے سے شروع ہو رہی ہے۔ يہ ميچ خالی اسٹيڈيم ميں کھيلے جائيں گے اور حکام نے مداحوں اور شائقين پر زور ديا ہے کہ وہ اسٹيڈيم کے باہر بہت زيادہ تعداد ميں جمع نہ ہوں ۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے تناظر ميں دو ماہ قبل جرمنی ميں بنڈس ليگا کے تمام ميچ منسوخ کر دیئے گئے تھے۔ اب ۱۶؍ مئی سے جرمن قومی فٹبال ليگ کے ميچ دوبارہ شروع ہو رہے ہيں ۔ حکام نے خبردار کيا ہے کہ اگر بہت زيادہ تماشائی اسٹيڈيم کے باہر جمع ہوئے تو ميچ روک دیئے جائيں گے۔ ميچ کے دوران شائقين کا اسٹيڈيم ميں داخلہ ممنوع ہے۔ ليکن سوال يہ پيدا ہوتا ہے کہ کيا جرمن شائقين فٹبال اسٹيڈيم سے دور رہ پائيں گے۔
 ہفتے کو ابتدائی ميچ صوبہ سيکسنی ميں آر بی لیپزیگ کا مقابلہ فرائیبرگ سے ہو گا۔ صوبے کے وزیر داخلہ رولانڈ ووئلر نے تنبيہ جاری کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فٹبال شائقين بند دروازوں کا بہانہ بنا کر اسٹيڈيم کے باہر يا ديگر مقامات پر جمع نہ ہوں ۔ انہوں نے تنبيہ کی کہ ايسی ممکنہ صورت ميں ميچ روکے جا سکتے ہيں ۔ ايسے تحفظات جائز بھی ہيں ۔ اسٹيڈيم ميں تماشائيوں کی غير موجودگی ميں آخری ميچ ۱۱؍ مارچ کو مونشنگلاڈ باخ اور کولون کی ٹيموں کے مابين کھيلا گيا تھا۔ اس وقت اسٹيڈيم کے باہر سیکڑوں شائقين جمع ہو گئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK