Inquilab Logo

آج آئی پی ایل میں چنئی سپرکنگز اور رائل چیلنجرزبنگلورکے درمیان ٹکر

Updated: April 12, 2022, 11:40 AM IST | Agency | Mumbai

دفاعی چمپئن چنئی کی ٹیم اپنا کھویا ہوااعتماد حاصل کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زو ر لگادے گی رائل چیلنجرز بنگلور بھی اپنی فتح کی مہم جاری رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کرنا چاہے گی

Ravindra Jadeja and MS Dhoni. Picture:INN
رویندر جڈیجا اور دھونئ۔ تصویر: آئی این این

لگاتار ۴؍ شکستوں سے  دوچار ہونے کے بعد چنئی سپر کنگز(سی ایس کے ) کو  انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں منگل کو یہاں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے خلاف ہونے والے میچ میں اپنا کھویا ہوا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے کیلئے پرفارم کرنا ہوگا۔ ہیڈ کوچ اسٹیفن فلیمنگ نے بھی اعتراف کیا ہے کہ لگاتار ۴؍ شکستوں نے دفاعی چمپئن چنئی کی ٹیم  کے اعتماد کو متزلزل کر دیا ہے۔
 ۴؍ بار کی چمپئن چنئی نے رویندر جڈیجا کی قیادت میں اس طرز کا کرکٹ نہیں کھیلا ہے جس کیلئے وہ مشہور ہے۔ رویندرجڈیجا اب تک سامنے سے قیادت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ مہندر سنگھ دھونی، رابن اتھپا، امباتی رائیڈو اور ڈوین براوو جیسے سینئر کھلاڑیوں کو اس بحرانی صورتحال میں مزید ذمہ داری نبھانی ہوگی۔سی ایس کے  نے اب تک ایک میچ میں ۲۰۰؍ رن  سے زیادہ رن بنائے ہیں اس کے باوجود اس کے بلے باز باقی ۳؍ میچوں میں رن نہیں بنا سکے۔اب انہیں آر سی بی کے زبردست گیندبازی حملہ کا سامنا کرنا پڑے گا جس میں اسپنر وینندو ہسرنگا، ڈیوڈ ولی اور محمد سراج شامل ہیں۔ نوجوان رتوراج گائیکواڑ کا بلہ ابھی نہیں چلا ہے  اور انہیں ایک بڑی اننگز کھیلنے کی ضرورت ہے۔ انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی اور شیوم دوبے کو بھی زیادہ ذمہ داری اٹھانا ہوگی۔  اسٹیفن فلیمنگ نے اعتراف کیا کہ ٹیم میں تیز گیند باز دیپک چاہر کی کمی ہے  جو انجری کی وجہ سے ابھی تک ایک میچ نہیں کھیل پائے ہیں۔ فلیمنگ نے کہا’’کھلاڑیوں کی دستیابی ایک مسئلہ ہے اور ہم نے اب تک تینوں شعبوں  بیٹنگ، گیندبازی  اور فیلڈنگ میں ناقص کارکردگی پیش کی ہے۔ ہمیں تمام شعبوں میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔اگر ہم ایسا کرتے ہیں تو اس ٹورنامنٹ میں آگے تک کھیل سکتے ہیں ورنہ ہمیں اپنا سامان  جلد ہی لپیٹنا پڑے گا۔ امید کرتا ہوں کہ کھلاڑی اگلے میچ میں اچھی کارکردگی پیش کریں گے اور ٹیم کو ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی دلائیں گے۔ انہوںنے مزید کہاکہ ہمارے پاس اچھے کھلاڑی ہیں لیکن قسمت ساتھ نہیں دے رہی ہے۔  دوسری طرف رائل چیلنجرز بنگلور  نے اب تک تمام شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ٹیم اعتماد سے بھری ہوئی ہے۔ اوپنر انوج راوت نے ممبئی انڈینس کے خلاف نصف سنچری بنائی جبکہ وراٹ کوہلی نے بھی اچھا اسکور کیا۔ کپتان فاف ڈو پلیسس کسی بھی حملے کو منہدم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔آر سی بی کے ٹاپ آرڈر کے تینوں بلے باز اس وقت اچھے فارم میں ہیں۔ دنیش کارتک آر سی بی کیلئے `فنشرکا کردار ادا کر رہے ہیں اور انجینئر سے کرکٹر بنے شہباز احمد نے بھی اپنی اب تک کی کارکردگی سے متاثر کیا ہے۔ براوو کو چھوڑ کر، چنئی کے گیند بازوں میں کوئی اور متاثر نہیں کر سکا۔ مکیش چودھری اب تک ان کیلئے کمزور کڑی ثابت ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK