Inquilab Logo

ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ کے انعقاد کا فیصلہ۱۰؍جون تک ملتوی

Updated: May 30, 2020, 9:42 AM IST | Dubai

کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین نے آئی سی سی کمیٹی کوخط میں لکھا ہے کہ وہ اکتوبر۔ نومبر میں ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کی میزبانی کے قابل نہیں ہوں گے۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ کے انعقاد کا فیصلہ موخرہو گیاہے جب کہ آئی سی سی کی ٹیلی کانفرنس میں معاملہ۱۰؍ جون تک ملتوی کردیا گیاہے۔کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال میں رواں سال اکتوبر۔نومبر میں شیڈول ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کا انعقاد معدوم ہوتا جا رہا ہے۔اس ایونٹ سے نہ صرف آسٹریلیا بلکہ دیگر ممالک کے بورڈس کی آمدنی بھی وابستہ ہے۔ مقابلے ممکن ہونے کی صورت میں مالی مسائل کا شکار کئی اراکین کی اکھڑی سانسیں بحال ہوسکتی ہیں لیکن صحت و سلامتی کو لاحق خطرات کو دیکھتے ہوئے کسی بھی ٹورنامنٹ کا انعقاد بہت بڑا چیلنج ہوگا۔ آئی سی سی بورڈ کی ٹیلی کانفرنس میں جمعرات کوجن رکن ملکوں کے نمائندوں نے چیئرمین ششانک منوہر کی سربراہی میں صورتحال پر غور کیا تاہم کوئی بھی حتمی فیصلہ ۱۰؍ جون تک موخر کردیا گیا۔آئی سی سی کی پریس ریلیز میں بتایا گیاکہ تمام اسٹیک ہولڈرس کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کو نظر میں رکھتے ہوئے ممکنہ منصوبوں پر غور کریں گے۔ معلومات کا تبادلہ کرتے ہوئے حکمت عملی طے کی جائے گی۔ 
 ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال غیر یقینی ہے لیکن مستقبل کے فیصلے کرتے ہوئے بھی بہت زیادہ پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ری شیڈولنگ کے مجوزہ منصوبے ابھی سے متنازع ہونا شروع ہو گئے ہیں ۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ایرل ایڈنگز نے آئی سی سی کی فائنانشل اینڈ کمرشل افیئرس کمیٹی کو خط میں لکھا ہے کہ ہم رواں سال اکتوبر۔ نومبر میں ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کی میزبانی کے قابل نہیں ہوں گے۔ایونٹ آئندہ سال کروانے کا موقع دینے کے بجائے ۲۰۲۲ء تک موخر کیا گیا تو یہ کرکٹ کیلئے تباہ کن ہوگا۔ کمرشل معاہدوں کے بے پناہ مسائل پیدا ہو سکتے ہیں ۔ بہتر یہی ہوگا کہ ہمیں آئندہ سال میزبانی کرنے دی جائے اورہندوستان ۲۰۲۲ء میں ٹی ۲۰؍ ورلڈکپ کرالے۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں کورونا وائرس کا زور توڑا جا چکا ہے، اس لئے ہم آئندہ سال میزبانی کیلئے مکمل طور پر تیار ہوں گے۔ دوسری جانب فی الحال وبائی مرض پر قابو پانے میں ناکام ہندوستان کو سنبھلنے کیلئے ایک سال مل جائے گا۔ یاد رہے کہ آئی سی سی کی فائنانشل اینڈ کمرشل افیئرس کمیٹی کے سربراہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی ہیں ، کرکٹ آسٹریلیا بھی اس کا ممبر ہے جبکہ ہندوستان کا کوئی نمائندہ موجود نہیں ۔
 دوسری جانب رواں سال ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے التوا سے فائدہ اٹھا کر آئی پی ایل کی میزبانی کے خواب دیکھنے والے ہندوستانی بورڈ کے منصوبے پی سی بی کو بھی پسند نہیں آئے،اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ اگر ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ ملتوی کرکے آئندہ سال فروری میں شیڈول کیا جاتا ہے تو پی ایس ایل متاثر ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK