Inquilab Logo

مانچسٹر یونائٹیڈ کی شکست نے مانچسٹر سٹی کو ای پی ایل کا فاتح بنادیا

Updated: May 13, 2021, 2:43 PM IST | Agency | Manchester

لیسسٹر سٹی نے ای پی ایل میں مانچسٹر یونائٹیڈ کو ایک۔۲؍ سے ہرادیا۔ مانچسٹر سٹی کو ۱۰؍پوائنٹس کی برتری حاصل ۔۴؍سال میں تیسرا خطاب جیتا

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

منگل کی دیر رات  اولڈ ٹریفورڈ میں لیسسٹرسٹی کے خلاف مانچسٹر یونائیٹڈ کو ایک۔۲؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل) کا خطاب مانچسٹر سٹی نے جیت لیا۔ سٹی نے منیجر پیپ گارڈیالاکی رہنمائی میں چوتھے سیزن میں تیسری بار خطاب  اپنے نام کیاہے۔  مانچسٹر سٹی کی ٹیم نے یہ خطاب اتحاد اسٹیڈیم میں نہیں بلکہ اس سے چند میل کے فاصلے پر واقع اولڈ ٹریفورڈ  اسٹیڈیم میں  ڈربی کے حریف مانچسٹر یونائٹیڈ کے میدان پر جیتا ۔ مانچسٹر سٹی نے ۴؍سال میں تیسری بار یہ خطاب اپنے نام کیا ہے۔ گزشتہ سیزن میں لیورپول نے اس سے خطاب جیتنے کا موقع چھین لیا تھا۔  مانچسٹر یونائٹیڈ کے مداح کلب کے خلاف اولڈ ٹریفورڈ کے باہر جمع ہوئے تھے۔ دوسری طرف سٹی کے مداح ابوظہبی کے سٹی اسپورٹس کے ذریعہ کلب میں سرمایہ کاری کے ۱۳؍ برس کا جشن منانے کیلئے جمع ہوئے تھے۔ ایک دہائی میں سٹی نے ۵؍مرتبہ ای پی ایل کا خطاب جیت لیا ہے۔ ابوظہبی کے مالکان کے ذریعہ کی جانے والی سرمایہ کاری کے بعد سٹی کا کلب بہت مضبوط بن گیا ہے اور اس کے کوچ اور کھلاڑیوں کو زبردست تنخواہیں مل رہی ہیں۔سٹی کو ای پی ایل کی حقیقی ٹرافی ۲۳؍مئی کو ہونے والے لیگ کے فائنل مقابلے میں دی جائے گی۔ یہ مقابلہ ایورٹن کے خلاف ہوگا۔ 
 خیال رہے کہ سٹی نے ا س سیزن میں یہ پہلا خطاب اپنے نام نہیں کیاہےبلکہ اس سے قبل اس نے لیگ کپ کا خطاب مسلسل چوتھی بار جیتا تھا اور اس نے فائنل میں ٹوٹنہم ہاٹسپر فٹبال کلب کو شکست دی تھی۔ یہ میچ دیکھنے کیلئے ۲؍ہزار شائقین اسٹیڈیم میں موجود تھے۔اب  اسے چمپئن لیگ کا فائنل کھیلنا ہے جو کہ ممکنہ طورپر پرتگال میں کھیلاجائےگا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اس کے پاس ایک اورخطاب جیتنے کا سنہرا موقع ہے۔  
 منگل کی شکست کے بعدیونائٹیڈ کے پوائنٹ ٹیبل میں ۳۵؍ میچوں  میں ۷۰؍پوائنٹس  ہوگئے تھے اور اس کے ٹاپ پر موجود سٹی   سے ۱۰؍ پوائنٹس کم رہے۔خیال رہے کہ سٹی کو اس سیزن میں مزید۳؍ میچ کھیلنا ہے۔ لیسسٹر نے۳۶؍ میچ کھیل کر۶۶؍ پوائنٹس حاصل  کئے ہیں اور وہ تیسرے نمبر پر ہے۔ گارڈیالا نے بھی ایک خاص کارنامہ  انجام دیا ہے۔ جب وہ بارسلونا فٹبال کلب کے منیجر تھے توانہوں نے  اسپینش لیگ لا لیگا کا ٹائٹل  ۳؍بار جیتا تھا۔اس کے بعد جب وہ بنڈس لیگا میں بائرن میونخ کے کوچ بنے تو انہوںنے جرمنی کی گھریلو فٹبال لیگ کا اعزاز بھی ۳؍بار جیت لیاتھا۔   اب انہوں نے یہی کارنامہ ای پی ایل میں بھی دُہرایا ہے اور سٹی کو تیسری بار ای پی ایل کا چمپئن بنایا ہے۔ اس کے علاوہ سٹی کی ٹیم گارڈیالا کی رہنمائی میں ۲۹؍مئی کویوئیفا چمپئن  لیگ کے فائنل میں انگلش کلب چیلسی  کے خلاف مقابلہ کرے گی۔ مانچسٹر سٹی پہلی بار چمپئن  لیگ کے فائنل میں پہنچا ہے۔
 منگل کی دیر رات ہونے والے انگلش پریمیر لیگ کے میچ میں لیسسٹر سٹی کی جانب سے لیوک تھامس نے ۱۰؍ویں منٹ میں یوری  ٹیلیمنس کی مدد سے ٹیم کا پہلا گول کیا تھا۔ اس گول کے ۵؍منٹ بعد ہی میسن گرین ووڈ نے اماؤ کی مدد سے مانچسٹر یونائٹیڈ کیلئے برابری کا گول کیا۔ میچ کے ۶۶؍ویں منٹ میں کیگلر سویونچونے مارک البرائٹن کی مدد سے لیسسٹر سٹی کیلئے برتری کا گول کرکے اسکور ایک۔۲؍کردیا اور یہی اسکور میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔ اس فتح کے بعد لیسسٹر سٹی نے ٹیبل میں اپنی تیسری پوزیشن دوبارہ حاصل کرلی۔ 
 مانچسٹر سٹی کے کپتان فرنانڈنہو نے کہا ’’ہم اس موقع پر اپنے شائقین اور مداحوں کو بہت یاد کررہے ہیں۔ ہم سب ان کیلئے کرنا چاہتے ہیں ۔ مجھے امید ہے کہ وہ بھی ہماری طرح اس کامیابی پر جشن منارہے ہوں گے۔ ہم اپنے شائقین کو ایک اور خوشی کا موقع فراہم کرنا چاہیں گے اور چمپئن لیگ کی ٹرافی بھی مانچسٹر  لانا چاہیں گے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK