Inquilab Logo

بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں ہندوستانی ٹیم کی شکست

Updated: December 05, 2022, 10:24 AM IST | mirpur

بنگلہ دیش نے ایک وکٹ سے میچ جیت لیا اور سیریز میں برتری حاصل کرلی۔ یکروزہ میچ میں ٹیم انڈیا کے بلے باز اور گیند باز دونوں ہی ناکام رہے

Bangladesh batsman Mehdi Hasan played an important role in the victory of the team
بنگلہ دیش کے بلے باز مہدی حسن نے ٹیم کی فتح میں اہم رول اداکیا

 نیوزی لینڈمیں ٹی ۲۰؍ سیریز میں ناکامی کے بعد بنگلہ دیش میں کھیلنے والی ہندوستانی ٹیم کو یکروزہ سیریز کے پہلے میچ میں  شکست کا سامنا کرناپڑا۔ اتوارکو میزبان بنگلہ دیش نے ہندوستان کو ایک وکٹ سے ہراکر سیریز میں صفر۔ ایک کی برتری حاصل کرلی۔اس میچ میں ہندوستانی بلے باز اور گیند باز دونوں جدوجہد کرتے ہوئے نظرآئے۔ پہلے ون ڈے میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔  ہندوستانی ٹیم۴۱ء۲؍ اوور میں۱۸۶؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی اور جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم نے ۴۶؍اوور میں ۹؍وکٹ پر ۱۸۷؍رن بناکر میچ جیت لیا۔
 ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کے بلے باز مہدی حسن نے اچھی بلے بازی کی اور میچ کے آخر میں ٹیم کو فتح کی منزل تک پہنچا دیا۔ٹیم انڈیا کے گیندباز انہیں آؤٹ کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے ۳۹؍ گیندوں پر ۴؍چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۳۸؍رن بنائے۔ ان کے علاوہ لیٹن داس ٹاپ اسکورر رہے اور ۴۱؍رن بنائے۔ شکیب الحسن نے ۲۹؍ رن کا تعاون کیا۔ دیگر بلے باز زیادہ تعاون نہیں کر سکے۔ ہندوستان کیلئے محمد سراج نے ۳، کلدیپ سین اور واشنگٹن سندرنے ۲۔۲، دیپک چاہر اور شاردُل ٹھاکر نے ایک ایک وکٹ لیا۔   
 ہندوستان کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ ہندوستانی کپتان روہت شرما اور بائیں ہاتھ کے بلے باز شکھردھون نے اننگز کا آغاز کیا اور۵؍ویں اوور میں ہندوستان کا پہلا وکٹ صرف۲۳؍ رن پر شکھر دھون کی شکل میں گرا۔ شکھر دھون۷؍ رن بنا کر مہدی حسن کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے۔ ہندوستان کی جانب سے وراٹ کوہلی تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے اور روہت اور کوہلی نے مل کر ٹیم کا اسکور ۴۸؍رن تک پہنچادیا جہاں ہندوستان کا دوسرا وکٹ ۱۰؍ویں اوور کی دوسری گیند پر روہت شرما کی شکل میں گرا۔
       روہت شرما۲۷؍ رن بنا کر شکیب الحسن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ ہندوستانی کپتان نے۳۱؍ گیندوں پر ۲۷؍ رن بنائے جن میں ۴؍چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ روہت شرما کے آؤٹ ہونے کے بعد ۱۰؍ویں اوور کی چوتھی گیند پر شکیب الحسن نے وراٹ کوہلی کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔ کوہلی جب آؤٹ ہوئے تو ان کا اسکور ڈبل فیگر کو بھی عبور نہ کر سکا، وہ صرف ۹؍ رن بنا کر آؤٹ  ہو گئے۔ شریس ایّر اور وکٹ کیپر کے ایل راہل نے وراٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستان کی اننگز کو سنبھالا، لیکن ہندوستان نے۹۲؍رن  کے اسکور پر چوتھی وکٹ گنوادی۔ شریس ایّر نے۳۹؍  گیندوں پر۲۴؍ رن بنائے جس میں ۲؍ چوکے شامل تھے۔ شریس کے آؤٹ ہونے کے بعد واشنگٹن سندر اور راہل کے درمیان اچھی پارٹنرشپ ہوئی اور جب دونوں بلے بازوں نے۳۲ء۳؍ اوور میں ہندوستان کے اسکور کو۱۵۲؍رن تک پہنچادیا تو ۵؍واں وکٹ واشنگٹن سندر کی شکل میں گرا، اس وقت وہ ۴۳؍ گیندوں پر۱۹؍ رن بنا چکے تھے لیکن کے ایل راہل نے ٹیم کو دوسرے سرے پر ایک ٹربل شوٹر کے طور پر محفوظ رکھا۔
 ہندوستان نے اگلے ۲؍ اوورس میں اپنے ۳؍بلے باز گنوا دیئے اور وہ۳۴ء۴؍ اوور میں ۸؍ وکٹ پر۱۵۶؍رن ہی بنا سکا۔ راہل نے ایک کنارے پرکو تھامے رکھا لیکن بدقسمتی سے عبادت حسین کے باؤنسر کو ہک کرتے ہوئے گیند  باؤنڈری پر امان الحق کو کیچ دے بیٹھے اور وہ۷۰؍ گیندوں پر۷۳؍ رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت ہندوستان کا اسکور۳۹ء۵؍ اوور میں ۹؍ وکٹ پر۱۷۸؍ رن تھا۔ ہندوستان کا آخری وکٹ محمد سراج کی صورت میں گرا اور کلدیپ سین ۲؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کی پوری ٹیم ۴۱ء۲؍ اوور میں۱۸۶؍ رن بنا کر آؤٹ ہوگئی اور ہندوستان نے میزبان بنگلہ دیش کو جیتنے  کیلئے ۱۸۷؍ رن کا ہدف دیا۔
 بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن سب سے کامیاب بولر رہے۔ شکیب نے ۱۰؍ اوور میں ۲؍ میڈن پھینک کر۳۶؍ رن دے کر۵؍وکٹ حاصل کئے۔ شکیب نے ہندوستانی کپتان روہت شرما، وراٹ کوہلی، واشنگٹن سندر، شاردُل ٹھاکر اور دیپک چاہر کے وکٹ لئے۔ بنگلہ دیش کے دوسرے گیندباز عبادت حسین نے۸ء۲؍ اوور میں۴۷؍ رن دے کر۴؍ وکٹ لئےجبکہ مہدی حسن نے ۹؍ اوور میں۴۳؍ رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ 

bangladesh Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK